Inquilab Logo

گلشن گروور نے ہر فلم میں اپنے کردار کو ایک الگ انداز میں ادا کیا

Updated: September 21, 2021, 11:55 AM IST | Agency | Mumbai

ہندی فلم انڈسٹری میں بیڈمین کے نام سے مشہور گلشن گروور کاایک ایسے اداکار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعہ نہ صرف بالی ووڈ میں بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنی مضبوط شناخت قائم کی ہے۔ 

Gulshan Grover.Picture:INN
گلشن گروور اپنی ہر فلم میں ایک منفرد انداز میں نظر آئےاور ڈائلاگ بھی منفرد انداز میں ادا کئے۔ تصویر: آئی این این

ہندی فلم انڈسٹری میں بیڈمین کے نام سے مشہور گلشن گروور کاایک ایسے اداکار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعہ نہ صرف بالی ووڈ میں بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنی مضبوط شناخت قائم کی ہے۔ گلشن گروور کی پیدائش۲۱؍ ستمبر۱۹۵۵ءکودہلی میں ایک درمیانہ طبقے کے پنجابی خاندان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دہلی میں حاصل کی ۔ بعد میں انہوں نے دہلی کے مشہور شری رام کالج سے گریجویشن کی تعلیم مکمل کی۔ بچپن کے دنوں سے گلشن گروور کا یہ خواب تھا کہ وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں۔گلشن گروور کی اداکاری والی فلموں کی یہ خاصیت رہی ہے کہ انہوں نے جتنی بھی فلموں میں اداکاری کی ان میں ہر کردار کو ایک مختلف انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کیا۔ سلور اسکرین پر انہوں نے جتنے بھی کردار ادا کئے ان میں وہ ہر بار نئے طریقے سے ڈائیلاگ بولتے نظر آئے۔ ویلن کا کردار ادا کرتے وقت گلشن گروور اس کردار میں مکمل طور ڈوب جاتے ہیں اور ان کا گیٹ اپ مختلف طریقے کا ہوتا ہے۔گلشن گروور اپنے کسی بھی کردار کو بڑا یا چھوٹا نہیں مانتے۔ کسی بھی کردار کو ادا کرنے سے پہلے وہ اس کی پوری تیاری کرتے ہیں۔ کردار کے مطابق ڈائیلاگ، گیٹ اپ اور اسے نیا رنگ دینے کے لئے وہ باقاعدہ مطالعہ کرتے ہیں۔فلم رام لکھن میں قیصریا ولایتی، فلم سوداگر کا بھلی رام، وشوآتما کا تپسوی گونجال، سر کا چھپن ٹپکلی ،یا پھر۱۶؍دسمبر کا دوست خان تمام کردار کے ذریعے گلشن گروورنے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔فلم رام لکھن کی کامیابی کے بعد گلشن گروور نے مجرم، جنگ باز، دودھ کا قرض، عزت،سوداگر، ماں، شعلہ اور شبنم جیسی سپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد گلشن گروور بطور ویلن فلم انڈسٹری میں اپنی مضبوط جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
 ۱۹۹۳ءمیں آئی فلم’ سر‘ گلشن گروور کے فلمی کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں ان کے کردار کا نام تھا فلم’چھپن ٹکلی ‘ میں ان کا کردار ناظرین کو کافی پسند آیا۔ فلم میں اپنے بااثر کردار کیلئے گلشن گروور اپنے کریئر میں پہلی بار بہترین کھلنایک کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کئے گئے۔۱۹۹۷ء گلشن گروور کے فلمی کریئر کا اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال انہیں انگریزی فلم ’جنگل بک‘ کے دوسرے ایڈیشن میں کام کرنے کا موقع ملا جس سے انہیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ اسی برس ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے واشنگٹن کی ایک کمپنی میں انہیں اشتہار کرنے کی تجویز ملی۔ یہ فلم انڈسٹری میں پہلا موقع تھا جب کسی ہندوستانی اداکار کو غیر ملکی کمپنی کی طرف سے اشتہار میں کام کرنے کا موقع ملا تھا۔اس کے بعد گلشن گروور کو ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کرنے کا موقع حاصل ہوا ۔ان فلموں میں ایسٹ سائڈ، ٹیل اسٹنگ، مانسون، ویپر ،ان دی شیڈوز، وی آر نو مانکس ، امریکن ڈے لائٹ، مائی بالی ووڈ برائڈ، بلائنڈ ایمبی شن جیسی کئی فلمیں شامل ہیں۔ گلشن گروور نے اپنے تین دہائی کے طویل فلمی کریئر میں تقریباً ۳۰۰؍ فلموں میں اداکاری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK