Updated: August 11, 2025, 9:55 PM IST
| Washington
این ویڈیا اور اے ایم ڈی کا امریکی حکومت کے ساتھ معاہدہ۔ اپریل میں اے آئی چپس کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ امریکہ کی دو بڑی چپ ساز کمپنیاں،این ویڈیا اور اے ایم ڈی اب چین میں اپنے اے آئی چپس کی فروخت سے ہونے والی کمائی کا ۱۵؍فیصد حصہ امریکی حکومت کو دیں گی۔
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:پی ٹی آئی
امریکہ کی دو بڑی چپ ساز کمپنیاں،این ویڈیا اور اے ایم ڈی اب چین میں اپنے اے آئی چپس کی فروخت سے ہونے والی کمائی کا ۱۵؍فیصد حصہ امریکی حکومت کو دیں گی۔یہ آمدنی میں حصہ لینا ایک بالکل نیا اور منفرد قدم ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ۳؍ افراد کے حوالے سے یہ معلومات دی ہیں۔
پچھلے مہینے، ٹرمپ انتظامیہ نےاین ویڈیا کو چین میں اے آئی ایچ ۲۰؍ چپس فروخت کرنے کی اجازت دینے کی بات کی تھی، لیکن لائسنس نہیں دیا گیا تھا۔ پھر بدھ کو این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کی اور اس پر ۱۵؍ فیصد ریونیو شیئرنگ ڈیل کی تصدیق کی۔اس کے صرف دو دن بعد ہی امریکی محکمہ تجارت نے ان چپس کی فروخت کے لیے لائسنس جاری کرنا شروع کر دیا۔ یعنی امریکی حکومت اب چین میں این ویڈیا کے کاروبار کی ایک طرح کی شراکت دار بن چکی ہے۔
اپریل میں ٹرمپ انتظامیہ نے چین میں اے ایم ڈی کی چپ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم اب اس ڈیل کے تحت فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل بھی امریکی کمپنیوں کے بین الاقوامی سودوں میں مداخلت کر چکی ہے۔ مثلاًجون میں جاپان کی نیپون اسٹیل کو امریکی اسٹیل میں سرمایہ کاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
برنسٹین ریسرچ کے مطابق حکومت کو اس ڈیل سے۲؍ بلین ڈالرس (۱۷؍ہزار کروڑ روپے) مل سکتے ہیں۔ این ویڈیا اس سال کے آخر تک چین کو تقریباً ۳۱ء۱؍ لاکھ کروڑ کی اپنی ایچ ۲۰؍ چپس فروخت کر سکتی ہے۔ اے ایم ڈی کی فروخت ۷؍ ہزار کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے۔