• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’سالار۔ ڈنکی‘ تصادم کیلئے پرشانت نیل نے شاہ رخ اور راجکمار ہیرانی سے معافی مانگی

Updated: November 05, 2024, 8:57 PM IST | Mumbai

پربھاس کی اداکاری سے سجی فلم’’سالار‘‘ کے ہدایتکار پرشانت نیل حال ہی میں شاہ رخ خان اور راجکمار ہیرانی سے معافی مانگی جن کی ’’ڈنکی‘‘ کا پربھاس کی فلم کے ساتھ باکس آفس پر تصادم ہوا تھا۔ اس سے دونوں ہی فلموں کے کاروبار کو نقصان پہنچا تھا۔

Prabhas and Prashanth Neel on the sets of `Salaar`. Image: X
پربھاس اور پرشانت نیل ’’سالار‘‘ کے سیٹ پر۔ تصویر: ایکس

اگلے مہینے شاہ رخ خان اور پربھاس کے درمیان ہونے والی باکس آفس جنگ کا ایک سال مکمل ہوجائے گا۔ گزشتہ سال ۲۲؍ دسمبر کو شاہ رخ خان کی ’’ڈنکی‘‘ اور پربھاس کی ’’سالار‘‘ کا باکس آفس پر تصادم ہوا تھا۔ خوش قسمتی سے دونوں فلمیں باکس آفس پر کامیاب ہوئیں۔ ’’سالار ‘‘ کے ہدایتکار پرشانت نیل نے حال ہی میں اس ٹکراؤ کے متعلق معذرت کی۔ نیوز ۱۸؍ شوشا کے ساتھ ایک انٹرویو میں پرشانت نیل نے اس تصادم کیلئے اپنی پوری ٹیم کی جانب سے شاہ رخ خان اور ’’ڈنکی‘‘ کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی سے معافی مانگی۔

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کو لارنس بشنوئی کی جانب سے نئی دھمکی

اس ضمن میں پرشانت نیل نے کہا کہ ’’ہمارے پاس ’’سالار‘‘ کی ریلیز کی صرف ایک ہی تاریخ تھی، اور وہ ۲۲؍ دسمبر تھی۔ شاہ رخ خان نے تقریباً ایک سال قبل ’’ڈنکی‘‘ کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان سے ٹکرانا غلط تھا۔ لیکن علم نجوم کی وجوہات اور پروڈیوسر کے عقائد کی وجہ سے ہمیں ۲۲؍ دسمبر کا انتخاب کرنا پڑا۔ مَیں شاہ رخ خان اور ’’ڈنکی‘‘ کی ٹیم سے معافی مانگتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پربھاس، پرتھوی راج، اور مَیں ریلیز کی تاریخ کے فیصلے میں شامل نہیں تھے۔ پروڈیوسر نے تصادم کا فیصلہ کیا، کیونکہ وہ علم نجوم پر بہت زیادہ یقین رکھتا ہے اور اس سے انحراف نہیں کرتا۔ ہمیں صرف ہچکچاتے ہوئے ان سے اتفاق کرنا پڑا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سنگھم اگین: ۳؍ دن میں ’سنگھم‘ سے زیادہ کاروبار، تمام ادکاروں کی سب سے بڑی فلم

پرشانت نیل کی ’’سالار‘‘ اور راجکمار ہیرانی کی ’’ڈنکی‘‘ میں تصادم ہوا تو دونوں ہی فلموں کو نقصان پہنچا۔ تاہم، مسلسل ناکامیوں کے باوجود، پربھاس ایک متنازع کامیاب فلم دینے میں کامیاب رہے جس میں پرتھوی راج سوکمارن اور شروتی ہاسن نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس دوران ہزاروں صارفین نے دعویٰ کیا کہ ’’سالار‘‘ کے پروڈیوسر ’’ڈنکی‘‘ کو مات دینے کیلئے آمدنی کے اعدادوشمار بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد ’’ڈنکی‘‘ کے ہندوستان میں ۵۰۰؍ کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کی امید تھی کیونکہ مداحوں کو شاہ رخ خان اور راجکمار ہیرانی کی جوڑی کا برسوں سے انتظار تھا۔ لیکن فلم نے عالمی باکس آفس پر ۶ء۴۷۰؍ کروڑ روپے کمانے ہی میں کامیابی حاصل کی جبکہ ’’سالار‘‘ نے ۸ء۶۱۱؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK