Inquilab Logo Happiest Places to Work

’بھول چوک معاف‘: پی وی آر سنیما نے میڈوک فلمز پر ۶۰؍ کروڑ روپے کا مقدمہ دائر کیا

Updated: May 10, 2025, 7:29 PM IST | Mumbai

پی وی آرسنیما نے فلم ’’بھول چوک معاف‘‘ کی ریلیز کو سنیما گھروں سے او ٹی ٹی پرمنتقل کرنے کے بعد میڈوک فلمز پر ۶۰؍ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ یاد رہے کہ میڈوک فلمز نے حالیہ تناظر کے پیش نظر ’’بھول چوک معاف‘‘ کی ریلیز کو سنیما گھروں سے او ٹی ٹی پر منتقل کر دیا تھا۔ یہ فلم ۹؍ مئی ۲۰۲۵ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی تھی۔ تاہم، اب یہ فلم ۱۶؍ مئی ۲۰۲۵ء کو او ٹی ٹی پر ریلیز ہوگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

میڈوک فلمز کی اگلی فلم ’’بھول چوک معاف‘‘ کی ریلیز ۸؍ مئی ۲۰۲۵ء کو روک دی گئی تھی۔ اب یہ فلم ۱۶؍ مئی ۲۰۲۵ء کو امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔ آخری وقت پر یہ فیصلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع کی وجہ سے کیا گیا تھا جس کے بعد پی وی آر سنیما نے میڈوک فلمز کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ’’پی وی آر سنیما نے دنیش وجن کے میڈوک فلمز پر ۶۰؍ کروڑ روپے کا مقدمہ درج کیاہے اور فلم کی منسوخی کے بعد ہونے والے مالی نقصان کا حوالہ دیا ہے۔

پی وی آر کے سی ای او کمل گیان چند نی نے اپنے سینئر اہلکاروں کے ساتھ اس اقدام کی تصدیق کی ہے اورکہا ہے کہ قانونی کارروائی جاری ہے۔ فی الحال میڈوک فلمز نے مقدمے کے تعلق سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تاہم، جمعرات کو اسٹوڈیو نے ایک عوامی نوٹ جاری کرتے ہوئے فلم کے سنیما گھروں سے او ٹی ٹی پر منتقل کئے جانے کی وجہ بیان کی تھی۔ میڈوک فلمز نے اپنے انسٹاگرام پر شیئرکئے گئے نوٹ میں لکھا تھا کہ ’’حالیہ تنازع اور ملک بھر میں سیکوریٹی ڈرلس کے پیش نظر میڈوک فلمز اور ایم جی ایم اسٹوڈیو نے ہماری خاندانی انٹرٹینر فلم ’’بھول چوک معاف‘‘ کو ۱۶؍ مئی ۲۰۲۵ء کو عالمی سطح پر امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم سنیما گھروں میں آپ کے ساتھ اس فلم کا جشن منانے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے لیکن ملک کی ذمہ داری پہلے آتی ہے۔ جے ہند۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ہندپاک تنازع: عامر خان کی فلم ’’ستارے زمین پر‘‘ کا ٹریلر لانچ ملتوی

میڈوک فلمز نے ’’چھاوا‘‘جیسی کامیاب فلم دی ہے جس نے عالمی سطح پر ۷۸۳؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ میڈوک فلمز نے ۲۰۲۴ء میں ’’تیری باتوں میں ایسا الجھاجیا‘‘ اور ’’استری ۲‘‘ ریلیز کی ہیں۔ اس درمیان ’’بھول چوک معاف‘‘ ایک سائنس فکشن رومینٹک کامیڈی فلم ہے جس کی اسکرپٹ کرن شرما نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس فلم کی ہدایتکاری کی ہے۔ اس فلم کو دنیش وجن نے امیزون ایم جی ایم کے اشتراک سے میڈوک فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں راجکمارراؤ اور ویمیقہ گبی نے کلیدی کردار نبھائے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK