Updated: August 05, 2026, 7:06 PM IST
| New York
دنیا کے معروف ثقافتی ادارے کارنیگی ہال نے ہندوستانی موسیقی کے نئے سالانہ فیسٹیول ’’ناد (Naad): اے فیسٹیول آف انڈین میوزک‘‘ کے پہلے ایڈیشن کے لیے فنکاروں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تین روزہ میوزک فیسٹیول۲۱؍سے ۲۳؍مئی ۲۰۲۷ء تک منعقد ہوگا، جس میں ہندوستانی کلاسیکی اور معاصر موسیقی کے نامور فنکار اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اے آر رحمان اور کوشیکی چکربورتی۔ تصویر:آئی این این
دنیا کے معروف ثقافتی ادارے کارنیگی ہال نے ہندوستانی موسیقی کے نئے سالانہ فیسٹیول ’’ناد (Naad): اے فیسٹیول آف انڈین میوزک‘‘ کے پہلے ایڈیشن کے لیے فنکاروں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تین روزہ میوزک فیسٹیول۲۱؍سے ۲۳؍مئی ۲۰۲۷ء تک منعقد ہوگا، جس میں ہندوستانی کلاسیکی اور معاصر موسیقی کے نامور فنکار اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:مودی حکومت کا کھیلوں میں ترقی کا دعویٰ، اعداد و شمار کچھ اور ہی تصویر پیش کرتے ہیں
فیسٹیول کا آغاز ۲۱؍مئی کو زینکل ہال میں گریمی ایوارڈ یافتہ بانسری نواز راکیش چورسیا کے پرفارمنس سے ہوگا، جن کے ساتھ معروف طبلہ نواز ایشان گھوش ہوں گے، جبکہ رتیک چورسیا بھی بانسری پر اپنی پیشکش دیں گے۔فیسٹیول کی سب سے بڑی تقریب ۲۲؍ مئی کو ہوگی، جب آسکر اور گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقار، گلوکار اور میوزک پروڈیوسر اے آر رحمان پہلی بارکارنیگی ہال کےاسٹرن آڈیٹوریم/پرل مین اسٹیج پر پرفارم کریں گے۔ فلم ’’سلم ڈاگ ملینیئر‘‘ کی عالمی شہرت یافتہ موسیقی کے خالق رحمان کی اس خصوصی محفل میں دیگر مہمان فنکار بھی شریک ہوں گے، جن کے نام بعد میں ظاہر کیے جائیں گے۔
فیسٹیول کا اختتام ۲۳؍ مئی کو ممتاز ہندوستانی کلاسیکی گلوکارہ کوشیکی چکربورتی کی قیادت میں پیش کیے جانے والے ’’سِفار (SIFAR)‘‘ کنسرٹ سے ہوگا۔ اس پروگرام میں اننتھا آر کرشنن (مردنگم اور کوناکول)، امبی سبرامنیم (وائلن)، ایشان گھوش (طبلہ اور پرکشن) اور سومک دتہ (سرود) بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔کارنیگی ہال نے اعلان کیا ہے کہ ناد ۲۰۲۷ء کے تمام پروگراموں کے سنگل ٹکٹ ۱۰؍ اگست سے عام شائقین کے لیے فروخت کیے جائیں گے۔
کارنیگی ہال کے ایگزیکٹیو اور آرٹسٹک ڈائریکٹر کلائیو گلنسن نے کہا کہ افتتاحی فیسٹیول میں شامل فنکار صدیوں پرانی موسیقی کی روایات اور جدید تخلیقی رجحانات کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ فیسٹیول دنیا بھر کے موسیقی کے شائقین کے لیے ہندوستانی موسیقی کو قریب سے جاننے اور محسوس کرنے کا ایک نیا سالانہ پلیٹ فارم بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منفرد منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے میں ایلا پالیوال کی فراخدلانہ معاونت اور ثقافتی تبادلے کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’آدی پُروش‘‘ توقعات پر پوری نہیں اتری، اسے تسلیم کرنے میں کوئی شرم نہیں: منوج منتشر
کارنیگی ہال کے مطابق مستقبل میں ناد فیسٹیول کے آئندہ ایڈیشنز میں صرف موسیقی کی محفلیں ہی نہیں بلکہ تعلیمی پروگرام، ورکشاپس اور کمیونٹی سرگرمیاں بھی شامل کی جائیں گی، تاکہ ہندوستانی موسیقی کی روایت کو نئی نسل اور عالمی سامعین تک مزید مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔یہ سالانہ فیسٹیول نیویارک میں مقیم گلوکارہ، موسیقار، نغمہ نگار، پروڈیوسر اور سماجی کارکن ایلا پالیوال کے مشورے سے ترتیب دیا گیا ہے جبکہ اس کی مرکزی مالی معاونت دی ایلا اینڈ دنیش پالیوال فاؤنڈیشن فراہم کر رہی ہے۔