Updated: April 30, 2026, 9:02 PM IST
| Mumbai
فلم ’’عاشقی‘‘ سے شہرت پانے والے راہل رائے ایک وائرل ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، جہاں ان کی اداکاری پر تنقید کی گئی اور صحت پر سوالات اٹھائے گئے۔ اداکار نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ محنت سے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اپنی زندگی میں متحرک رہنا ان کے لیے ضروری ہے، خاص طور پر ۲۰۲۰ء کے برین اسٹروک کے بعد۔
اداکار راہل رائے۔ تصویر: آئی این این
۱۹۹۰ء کی دہائی کی کلاسک فلم ’’عاشقی‘‘ کے ذریعے راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے راہل رائے ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی کوئی نئی فلم نہیں بلکہ ایک وائرل ویڈیو ہے جس نے مداحوں کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے۔ حال ہی میں سامنے آنے والے ویڈیو میں راہل کو ایک کانٹینٹ کریئٹر کے ساتھ اپنی فلم ’’پھر تیری کہانی یاد آئی‘‘ کے مشہور گانے ’’تیرے در پہ صنم‘‘ پر ہلکے پھلکے انداز میں اداکاری کرتے دیکھا گیا۔ ویڈیو کا مقصد تفریح تھا، لیکن سوشل میڈیا پر اس نے مختلف ردعمل کو جنم دیا، جہاں کچھ صارفین نے اداکار کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کی۔
یاد رہے کہ نومبر ۲۰۲۰ء میں راہل رائے کو برین اسٹروک ہوا تھا، جس کے بعد وہ طویل عرصے تک علاج اور بحالی کے عمل سے گزرے۔ اس واقعے نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کو بھی متاثر کیا اور وہ کچھ عرصہ عوامی منظر سے دور رہے۔ ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’ایکٹنگ کہاں ہے؟‘‘ جس پر دیگر صارفین برہم ہوگئے۔ ایک صارف نے جواب دیا کہ ’’ان کا مذاق اڑانے سے پہلے اپنے والدین سے پوچھیں کہ وہ ان کے کتنے بڑے مداح تھے۔ انہوں نے چند فلموں سے ہی اس دور پر راج کیا تھا، اور وہ شدید بیماری کے بعد بھی واپس آئے ہیں، وہ تعریف کے مستحق ہیں۔‘‘
ایک اور صارف نے اداکار کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں برین اسٹروک ہوا تھا، پھر بھی وہ محنت کر رہے ہیں ، وہ ہم سب سے بہتر ہیں۔‘‘ جبکہ ایک اور تبصرہ کچھ یوں تھا کہ ’’کچھ سال پہلے ان کے چہرے کو فالج ہوا تھا، اس کے باوجود وہ اظہار کی کوشش کر رہے ہیں ، یہ خود ایک بڑی بات ہے۔‘‘
ان ردعمل کے بعد راہل نے خود سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنی پوزیشن واضح کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں اپنا کام ایمانداری اور شائستگی کے ساتھ کرتا ہوں۔ میرے کچھ قانونی معاملات ہیں جن کی ادائیگی کرنی ہے، اور یہ برین اسٹروک سے پہلے کے ہیں۔ اگر آپ میری سادگی یا جدوجہد کا مذاق اڑاتے ہیں تو یہ میرے بارے میں کم اور آپ کے بارے میں زیادہ بتاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کم از کم میں محنت سے کما رہا ہوں، دوسروں کا مذاق اڑا کر نہیں۔ برین اسٹروک کے بعد میرے لیے متحرک رہنا ضروری ہے۔ میں جب تک زندہ ہوں کام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ میرے دماغ کو متحرک رکھتا ہے اور مجھے مقصد کا احساس دیتا ہے۔ ہاں، یہ کبھی تکلیف دہ ہو سکتا ہے، لیکن آپ مجھے توڑ نہیں سکتے۔‘‘
اپنے تقریباً چار دہائیوں پر محیط کریئر میں راہل رائے نے نہ صرف ’’عاشقی‘‘ جیسی بلاک بسٹر دی بلکہ ’’جنون‘‘ اور ’’گمراہ‘‘ جیسے پروجیکٹس میں بھی کام کیا۔ ۲۰۰۶ء میں انہوں نے ’’بگ باس‘‘ کا پہلا سیزن جیت کر اپنی مقبولیت کو ایک نئی جہت دی۔