• Mon, 09 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجیو کپورنے کئی فلموں میں کام کیا لیکن کامیابی نہیں ملی

Updated: February 09, 2026, 11:03 AM IST | Mumbai

راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی پیدائش ۲۵؍اگست ۱۹۶۲ءکوہوئی تھی۔ فلموں میں ان کی آمد۱۹۸۳ءکی فلم’ایک جان ہیں ہم‘ سے ہوئی تھی۔

Rajiv Kapoor (centre) can be seen with his brothers Randhir and Rishi Kapoor. Photo: INN
راجیو کپور(درمیان)کو اپنے بھائیوں رندھیر اور رشی کپور کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی پیدائش ۲۵؍اگست ۱۹۶۲ءکوہوئی تھی۔ فلموں میں ان کی آمد۱۹۸۳ءکی فلم’ایک جان ہیں ہم‘ سے ہوئی تھی۔ تاہم راجیو کپور کو شہرت راج کپور کی بطور ڈائریکٹر آخری فلم رام تیری گنگا میلی (۱۹۸۵ء) سے ملی۔ یہ ان کےکریئر کی واحد سپر ہٹ فلم تھی۔ انہوں نےاپنے ۱۰؍ سالہ فلمی کریئرمیں محض ۱۳؍ فلموں میں کام کیاجن میں سے ۱۲؍فلاپ رہیں۔ ساتھ ہی ان کی ہٹ فلم’رام تیری گنگا میلی‘کی کامیابی کا سہرا بھی کی اداکارہ منداکنی کو دیا گیا۔ ان کی دیگر فلموں میں آسمان(۱۹۸۴ء)، لور بوائے (۱۹۸۵ء)، زبردست (۱۹۸۵ء)، ہم تو چلے پردیس (۱۹۸۸ء)، میرا ساتھی، لاوا، پریتی، زلزلہ، شکریہ، ناگ ناگن اور زمیندار شامل ہیں۔ ۱۹۹۰ءکی دہائی میں اداکاری کی بجائے راجیو کپور کی ساری توجہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن پر مرکوز ہوگئی۔ 
پہلے ۱۹۹۱ءمیں اپنےبھائی رندھیر کپور کی فلم حنا میں پروڈیوسر کےطورپرکام کیاجبکہ ۱۹۹۶ء میں فلم پریم گرنتھ کی ہدایت کاری کی جس میں مرکزی کردار ان کے بڑے بھائی رشی کپور نے ادا کیا تھا۔ انہوں نے منداکنی، کِیمی کاٹکر، امریتا سنگھ، وجیتا پنڈت، پدمنی کولہاپورے، میناکشی شیشادری، ڈمپل کپاڈیا، دویا رانا، رتی اگنی ہوتری اور ٹینا منیم کے ساتھ کام کیا۔ ۱۹۹۸ءمیں انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جسےانہوں نے آر کے بینر کی جانب سے قبول کیا۔ 
وہ۱۹۹۹ءمیں فلم’آ اب لوٹ چلیں ‘ کے پروڈیوسربھی تھےجس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ سے دوری اختیار کرلی تھی۔ راجیو کپور کا فلمی سفر اچھا نہیں رہا اور ان کی ذاتی زندگی بھی مصائب میں گزری۔ رام تیری گنگا میلی کے بعد راجیو اور ان کے والد راج کپور کے تعلقات میں تلخی آگئی۔ راجیو کو یقین تھا کہ ان کے والد نےانہیں صحیح طریقے سے لانچ نہیں کیا تھا۔ راجیو نے ۲۰۰۱ء میں آرتی سبھروال سے شادی کی، لیکن وہ اپنی شادی شدہ زندگی میں کبھی خوش نہیں رہے۔ شادی کے دو سال مکمل ہونےسےپہلےہی ۲۰۰۳ء میں آرتی اور راجیوکی طلاق ہو گئی۔ اس کے بعد سے راجیو کپور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔ انتقال سے قبل انہوں نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور ا نہیں ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر کی فلم میں کردار ادا کرنا تھا۔ اس فلم کا اعلان دسمبر۲۰۲۰ءمیں ہوا تھا اور مرکزی کردار سنجے دت ادا کررہے ہیں۔ آخری بار راجیوکپور اپنے خاندان سے کرسمس کےموقع پر ملےتھےجس کی تصاویر کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ اپنے آخری دور میں وہ بڑے بھائی رندھیر کپور کے یہاں مقیم تھےکہ ۹؍فروری ۲۰۲۱ء کوصبح کے اوقات میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ رندھیر کپور انہیں اسپتال لے گئے لیکن وہاں بتایا گیا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کرگئے تھے۔ راجیو کپور کے انتقال کے وقت ان کی عمر ۵۸؍سال تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK