• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل: عرب جماعتیں کنگ میکر، اگلی حکومت کیلئے اپوزیشن لیڈر آئزن کوٹ کی حمایت

Updated: November 05, 2026, 10:03 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل میں عرب جماعتیںکنگ میکر بن کر ابھریں،انہوں نے اگلی حکومت بنانے کے لیے اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کردیا، جوائنٹ لسٹ نے جمعرات۵؍ نومبر کو اعلان کیا ہے کہ وہ اگلی حکومت بنانے کے لیے اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ کی حمایت کرے گی، ساتھ ہی شام میں ریاست کے صدر اسحاق ہرزوگ کو مطلع کرے گی کہ حکومت بنانے کا کام گاڈی آئزن کوٹ کو سونپا جائے۔

Opposition Leader Gadi Eisenkot. Photo: X
اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ۔ تصویر: ایکس

اسرائیل کی سیاست میں ایک تاریخی موڑ آ گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات کے بعد عرب قیادت والی جماعتوں نے۱۲۰؍ رکنی پارلیمنٹ میں۱۹؍ نشستیں حاصل کر کے خود کو فیصلہ کن قوت کے طور پر منوا لیا ہے۔ اس مضبوط کامیابی کے بعد جوائنٹ لسٹ نے جمعرات۵؍ نومبر کو اعلان کیا ہے کہ وہ اگلی حکومت بنانے کے لیے اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ کی حمایت کرے گی، ساتھ ہی  شام  میں ریاست کے صدر اسحاق ہرزوگ کو مطلع کرے گی کہ حکومت بنانے کا کام گاڈی آئزن کوٹ کو سونپا جائے۔دریں اثناء اس اعلان نے اسرائیلی سیاسی منظرنامے کو یکسر بدل دیا ہے۔۱۹؍ نشستوں کے ساتھ عرب جماعتیں اب اتحادی مذاکرات میں سب سے زیادہ سودے بازی کی طاقت رکھتی ہیں۔ کسی بھی امیدوار کے لیے حکومت بنانے کے لیے۶۱؍ نشستوں کی اکثریت درکار ہوتی ہے، اور آئزن کوٹ کے لیے یہ حمایت انتہائی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نائب صدر ٹرمپ کے ناراض حامیوں کے ساتھ ایک نیا سیاسی اتحاد بنانے کے خواہاں: رپورٹ

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ عرب جماعتیں اس قدر واضح طور پر کنگ میکر کے کردار میں سامنے آئی ہیں۔ ماضی میں عرب جماعتوں کو اکثر حکومت سازی کے عمل سے باہر رکھا جاتا تھا، لیکن اس بار انتخابی نتائج نے انہیں مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔جوائنٹ لسٹ کی قیادت کا کہنا ہے کہ ان کی حمایت غیر مشروط نہیں ہے۔ وہ عرب شہریوں کے حقوق، بجٹ میں مساوی حصہ، عرب علاقوں میں ترقی، جرائم کے خلاف کارروائی اور امن عمل میں پیش رفت چاہتے ہیں۔ آئزن کوٹ کی جانب سے ان مطالبات کو کس حد تک قبول کیا جاتا ہے، یہی آنے والے مذاکرات کی کامیابی کا تعین کرے گا۔دوسری جانب موجودہ وزیراعظم کی حامی جماعتیں بھی صدر سے ملاقات کر رہی ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ اگر آئزن کوٹ کو پہلا موقع ملا تو وہ ایک وسیع اتحاد بنا سکتے ہیں۔ صدر ہرزوگ اب تمام پارٹیوں سے مشاورت کے بعد کسی ایک لیڈر کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: انتخابی شکست کے بعد ہیگسیتھ کو ایران جنگ پر ریپبلکن کی مخالفت کا سامنا: رپورٹ

واضح رہے کہ اسرائیل میں عرب آبادی ملک کی کل آبادی کا تقریباً۲۱؍ فیصد ہے۔ طویل عرصے سے ان کی شکایت رہی ہے کہ انہیں سیاسی فیصلوں میں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ اس انتخاب میں زیادہ ٹرن آؤٹ نے ثابت کیا ہے کہ عرب رائے دہندہ اب خاموش نہیں رہنا چاہتا۔آنے والے دن اسرائیلی سیاست کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔ اگر آئزن کوٹ جوائنٹ لسٹ کی حمایت سے حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ اسرائیل کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK