Updated: November 05, 2026, 10:03 PM IST
| New Delhi
ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے سیف چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء میں اپنے خطاب کے دفاع کا آغاز پاکستان کو۲۔۳؍گول سے شکست دے کر کیا۔ ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے مقابلے میں سہیل احمد بھٹ نے دو گول کیے، جبکہ منگلینتھانگ کِپگین نے ایک گول کرکے ہندوستان کو کامیابی دلائی۔
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے سیف چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء میں اپنے خطاب کے دفاع کا آغاز پاکستان کو۲۔۳؍گول سے شکست دے کر کیا۔ ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے مقابلے میں سہیل احمد بھٹ نے دو گول کیے، جبکہ منگلینتھانگ کِپگین نے ایک گول کرکے ہندوستان کو کامیابی دلائی۔
یہ بھی پڑھئے:کیا رونالڈوآخری الوداعی میچ کھیلنے کے لیے دوبارہ میدان میں اتریں گے؟
سہیل بھٹ نے پہلے ہاف میں ۱۳؍ویں اور ۱۹؍ویں منٹ میں گول کیے، جبکہ کِپگین نے ۳۱؍ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے ہندوستان کو وقفے تک ۰۔۳؍کی مضبوط برتری دلا دی۔ پاکستان نے انجری ٹائم میں نجیب اللہ (۹۱؍ویں منٹ) اور عالمگیر غازی (۹۴؍ویں منٹ) کے گول کی بدولت فرق کم کیا، لیکن ہندوستان نے تینوں پوائنٹس حاصل کر لیے۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں انڈر ۲۳؍ ٹیم کے ساتھ حصہ لے رہا ہے۔
نو بار کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم نے محتاط انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور مڈفیلڈ پر گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ ابھیشیک سوریہ ونشی نے اس دوران اہم کردار ادا کیا۔ ۱۲؍ویں منٹ میں کِپگین کے فضائی پاس پر سہیل بھٹ نے گیند کو جال میں پہنچایا، لیکن آف سائیڈ قرار دیے جانے کے سبب گول منسوخ کر دیا گیا۔ تاہم اگلے ہی منٹ میں بھٹ نے محمد سہیل کے بائیں جانب سے کیے گئے تھرو اِن پر ملنے والے شاندار پاس کو گول میں بدل کر ہندوستان کو برتری دلا دی۔
یہ بھی پڑھئے:سیف علی خان نے’ جین زی‘ کے نئے اداکاروں میں سارہ اور ابراہیم کانام نہیں لیا
۱۹؍ویں منٹ میں سوریہ ونشی کے پاس پر بھٹ نے دفاعی لائن کو چکمہ دیتے ہوئے گول کیپر یوسف بٹ کو مات دی اور گیند کو دور والے کونے میں پہنچا کر ہندوستان کی برتری دگنی کر دی۔ اس کے بعد ۳۱؍ویں منٹ میں نوفل پی این نے کِپگین کو پاس دیا، جنہوں نے تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے گول کیپر کو چکمہ دیا اور گیند جال میں پہنچا کر اسکور ۰۔۳؍گول کر دیا۔ پاکستان کو بھی گول کرنے کا موقع ملا، جب سوریہ ونشی نے پنالٹی ایریا میں ہایان کھٹک کو گرا دیا۔ تاہم شائک دوست کی پنالٹی کک کراس بار سے اوپر چلی گئی اور ہندوستان کی تین گول کی برتری برقرار رہی۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بھٹ ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے، لیکن ۴۵؍ویں منٹ میں ان کا بائیں پاؤں سے لگایا گیا شاٹ ہدف سے ذرا باہر چلا گیا۔
دوسرے ہاف میں بھی ہندوستانی ٹیم نے کھیل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور برتری بڑھانے کے کئی مواقع بنائے۔ ایڈیسن سنگھ تھوکچوم کا ون آن ون موقع گول کیپر یوسف بٹ نے ناکام بنا دیا، جبکہ کِپگین کی ایک اور کوشش بھی ہدف پر نہیں پہنچ سکی۔ تاہم نواشاد موسیٰ کی ٹیم دوسرے ہاف میں کوئی گول نہیں کر سکی۔ پاکستان نے انجری ٹائم میں دو گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔ ۹۱؍ویں منٹ میں جنید شاہ کے بائیں جانب سے بھیجے گئے کراس پر نجیب اللہ نے اونچی چھلانگ لگا کر ہیڈر کے ذریعے گیند کو ہندوستانی گول میں پہنچایا۔ اس کے تین منٹ بعد میکیل عبداللہ کے دائیں جانب سے دیے گئے کراس پر عالمگیر غازی نے گیند کو قابو میں لے کر شاندار انداز میں گول کیا اور اسکور۲۔۳؍گول کر دیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ آئندہ بدھ کو گروپ بی کے آخری میچ میں مالدیپ سے ہوگا۔ ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔