Updated: May 14, 2025, 9:02 PM IST
| Mumbai
راجکمار راؤ اور وامیکا گبی کی ’’بھول چوک معاف‘‘او ٹی ٹی پلیٹ فارم امیزون پرائم ویڈیو پر نہیں ریلیز ہوگی۔ پی وی آر آئی ناکس کی جانب سے ۶۰؍ کروڑ کا مقدمہ دائر کرنے کے بعد میڈوک فلمز کے سربراہ دنیش وجن نے اسے سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلم بھول چوک معاف کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این
۸؍ مئی ۲۰۲۵ء کو دنیش وجن نے اعلان کیا کہ راجکمار راؤ اور وامیکا گبی کی ’’بھول چوک معاف‘‘ سنیما گھروں میں ریلیز نہیں ہوگی بلکہ اسے اوٹی ٹی پلیٹ فارم امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ہند پاک کشیدگی کے درمیان کیا گیا تھا۔ تاہم، اس پر نمائش کنندگان کا شدید ردعمل سامنے آیا۔ معروف تھیٹر لائن پی وی آر آئی ناکس نے وجن کے میڈوک فلمز کے خلاف قانونی مقدمہ دائر کیا، جس میں معاہدے کی خلاف ورزی پر ۶۰؍ کروڑ روپے ہرجانے اور فلم کی ڈجیٹل ریلیز پر روک لگانے کی درخواست کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: ہند پاک تنازع کے پیش نظر شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ میں تاخیر ہوگی
پنک ولا کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم او ٹی ٹی پر نہیں بلکہ سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ ’’عدالت نے میڈوک فلمز بمقابلہ پی وی آر آئی ناکس سنیما کیس میں اپنا حکم جاری کر دیا ہے۔ ’’بھول چوک معاف‘‘ اب ۲۳؍ مئی ۲۰۲۵ء کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔‘‘ دریں اثنا، میڈوک فلمز کو پی وی آر آئی ناکس کو کوئی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مؤخر الذکر نے ۶۰؍ کروڑ کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ اس ضمن میں میڈوک اور پی وی آر آئی ناکس کی جانب سے ایک باضابطہ اعلان جلد ہی متوقع ہے۔