Updated: November 15, 2026, 8:02 PM IST
| Mumbai
ہندوستان کے معروف ماحولیاتی فلمی میلوں میں شامل ’آل لِونگ تھنگز انوائرنمنٹل فلم فیسٹیول‘ (آلٹ ای ایف ایف )نے اپنے ساتویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ یہ دس روزہ فلمی میلہ ۳ ؍سے ۱۳ ؍ دسمبر ۲۰۲۶ تک منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے منتخب ماحولیاتی موضوعات پر مبنی فلمیں پیش کی جائیں گی۔
ہندوستان کے معروف ماحولیاتی فلمی میلوں میں شامل ’آل لِونگ تھنگز انوائرنمنٹل فلم فیسٹیول‘ (آلٹ ای ایف ایف )نے اپنے ساتویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ یہ دس روزہ فلمی میلہ ۳ ؍سے ۱۳ ؍ دسمبر ۲۰۲۶ تک منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے منتخب ماحولیاتی موضوعات پر مبنی فلمیں پیش کی جائیں گی۔ اس سال کی ایک اہم پیش رفت معروف اداکارہ اور ماحولیاتی کارکن راج شری دیش پانڈے کی جیوری میں شمولیت ہے۔ اس میلے کا مقصد فلموں اور تخلیقی کہانیوں کے ذریعے ماحولیاتی مسائل، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے عوامی شعور کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:لکشیا سین نے جاپانی کھلاڑی کوکی واتانابے کو شکست دے کر خطاب جیت لیا
آلٹ ای ایف ایف کے لیے جاری تفصیلات کے مطابق اس سال ۴۲ ممالک کی ۸۸ فلمیں نمائش کے لیے منتخب کی گئی ہیں۔ ان میں ۱۵؍ فلموں کا عالمی پریمیئر اور ۵۴؍فلموں کا ہندوستان میں پہلی مرتبہ پریمیئر ہوگا۔ یہ فلمیں ماحولیات کے مختلف پہلوؤں، حیاتیاتی تنوع، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل کے استعمال، آبی نظام اور ماحولیاتی بحران سے متاثرہ انسانی آبادیوں کے مسائل کو اجاگر کریں گی۔منتظمین کے مطابق اس مرتبہ فلموں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ مختلف فنکارانہ سرگرمیوں، تخلیقی تنصیبات اور انٹرایکٹو تجربات کو بھی میلے کا حصہ بنایا جائے گا، تاکہ ناظرین صرف فلمیں دیکھنے تک محدود نہ رہیں بلکہ ماحولیاتی موضوعات پر غور و فکر اور تبادلۂ خیال میں بھی حصہ لے سکیں۔
اس سال میلے کی مرکزی تقریبات ممبئی، بنگلورو اور احمدآباد میں منعقد ہوں گی۔ ۳ ؍دسمبر کو ممبئی میں افتتاحی تقریب کے ساتھ میلے کا آغاز ہوگا، جبکہ ۴ ؍سے ۶؍ دسمبر تک ممبئی میں خصوصی فلمی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ اس کے بعد ۱۱ ؍سے ۱۳ ؍دسمبر تک احمدآباد اور ۱۲ ؍ سے ۱۳ ؍دسمبر تک بنگلورو میں اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ان تین بڑے شہروں کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں بھی فلموں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ منتظمین کا مقصد بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہروں، دیہی علاقوں، ہمالیائی خطوں اور قبائلی آبادیوں تک بھی ماحولیاتی سنیما کی رسائی کو بڑھانا ہے۔ اس کے علاوہ ناظرین آن لائن فلمیں دیکھنے اور واچ پارٹی کے ذریعے بھی اس میلے میں شرکت کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:سلمان کا کنیکا اور لو گِل پر شدید غصہ، کہا ’’میرے سامنے اونچی آواز میں بات مت کرو‘‘
اداکارہ راج شری دیش پانڈے کی جیوری میں شمولیت کو اس سال کے میلے کی اہم خصوصیت قرار دیا جارہا ہے۔ وہ اپنی اداکاری کے ساتھ ماحولیاتی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے فلموں اور ویب سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جن میں ’’اینگری انڈین گاڈیسز‘‘ ،’ ’سیکرڈ گیمز‘‘ ، ’’ٹرائل بائی فائر‘‘ ،’’دی فیم گیم‘‘ ،’ ’بلیک وارنٹ‘‘ اور’ ’ستیہ شودھک‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔راج شری دیش پانڈے اپنے ادارے ’’نابھانگن فاؤنڈیشن‘‘ کے ذریعے بھی ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کا ادارہ خاص طور پر مراٹھواڑہ کے خشک سالی سے متاثرہ دیہات میں دریائی نظام کی بحالی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔
راج شری کے مطابق کہانی سنانے کا فن لوگوں کے خیالات کو بدلنے، انہیں نئے زاویے سے سوچنے اور مثبت تبدیلی کے لیے تحریک دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ماحولیاتی مسائل اب محض مستقبل کی تشویش نہیں بلکہ دنیا بھر کی برادریوں کی زندگی، روزگار اور آنے والی نسلوں سے براہِ راست جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آل ای ایف ایف کی جیوری کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی فلمیں دیکھنے کی منتظر ہیں جو نہ صرف مؤثر کہانیاں پیش کریں بلکہ انسانوں اور زمین کے درمیان تعلق پر دوبارہ غور کرنے کی ترغیب بھی دیں۔