Updated: November 15, 2026, 8:02 PM IST
| Mumbai
ایئر انڈیا نے فضائی حدود سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد نیویارک کے لیے اپنی نان اسٹاپ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو براہِ راست فضائی رابطے کی سہولت دوبارہ میسر آئے گی، جبکہ انہیں دورانِ سفر راستہ تبدیل کرنے یا اضافی اسٹاپ کے باعث ہونے والی دشواریوں سے بھی راحت ملنے کی امید ہے۔
ایئر انڈیا کا طیارہ۔ تصویر:آئی این این
ایئر انڈیا نے فضائی حدود سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد نیویارک کے لیے اپنی نان اسٹاپ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو براہِ راست فضائی رابطے کی سہولت دوبارہ میسر آئے گی، جبکہ انہیں دورانِ سفر راستہ تبدیل کرنے یا اضافی اسٹاپ کے باعث ہونے والی دشواریوں سے بھی راحت ملنے کی امید ہے۔ایئر انڈیا کے مطابق پہلے ان پروازوں کو ایندھن بھرنے کے لیے اٹلی کے شہر روم میں تکنیکی اسٹاپ کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث سفر کا دورانیہ تقریباً ۲۲؍ گھنٹے تک پہنچ جاتا تھا۔ اب براہِ راست پروازیں بحال ہونے سے یہ سفر تقریباً ۱۷ گھنٹوں میں مکمل ہوسکے گا اور مسافروں کے تقریباً پانچ گھنٹے بچیں گے۔
ایئر انڈیا نے دہلی اور ممبئی سے نیویارک کے دونوں بڑے ہوائی اڈوں، جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جے ایف کے) اور نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ(ای ڈبلیو آر) ، کے لیے اپنی تمام چاروں روٹس پر نان اسٹاپ پروازیں بحال کردی ہیں۔ ایئر لائن کے موجودہ شیڈول کے مطابق: دہلی سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے لیے روزانہ ایک پرواز چلائی جاتی ہے۔- ممبئی سے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے لیے بھی روزانہ ایک پرواز دستیاب ہے۔- دہلی سے نیوارک کے لیے ہفتے میں چار پروازیں چلتی ہیں۔ ممبئی سے نیوارک کے لیے ہفتے میں تین پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں۔ان خدمات کی بحالی سے دہلی اور ممبئی دونوں شہروں کے مسافروں کو امریکہ کے اہم سفری مراکز تک براہِ راست پہنچنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:لکشیا سین نے جاپانی کھلاڑی کوکی واتانابے کو شکست دے کر خطاب جیت لیا
رپورٹس کے مطابق رواں سال پاکستانی فضائی حدود بند ہونے اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض علاقوں میں فضائی پابندیوں کے باعث ہندوستانی ایئر لائنز کو شمالی امریکہ جانے والی پروازوں کے راستوں میں تبدیلی کرنا پڑی تھی۔ طویل راستوں اور فضائی حدود کی بندش کے سبب پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوا، جبکہ ایندھن کی ضرورت بھی بڑھ گئی تھی۔اسی صورت حال کے پیش نظر ایئر انڈیا نے دہلی اور ممبئی سے نیویارک جانے والی بعض پروازوں میں روم کے مقام پر تکنیکی اسٹاپ شروع کیا تھا، جہاں طیاروں میں دوبارہ ایندھن بھرا جاتا تھا۔ اب فضائی حدود کی صورت حال میں بہتری اور متبادل راستوں کی دستیابی کے بعد روم میں رکنے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔ اس طرح مسافر بغیر کسی درمیانی اسٹاپ کے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔
ایئر انڈیا نے ان بین الاقوامی روٹس پر جدید اور بہتر سہولیات سے لیس طیارے تعینات کیے ہیں۔ دہلی سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی اور نیوارک ایئرپورٹس کے لیے ایئربس اے ۳۵۰-۹۰۰ ؍ طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان طیاروں میں تین درجوں کی نشستوں کا انتظام ہے، جن میں ۲۸؍ بزنس کلاس سوئٹس، ۲۴ ؍پریمیم اکانومی نشستیں اور ۲۶۴ ا؍کانومی کلاس نشستیں شامل ہیں۔ بزنس کلاس میں مکمل طور پر بستر بن جانے والی نشستیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پریمیم اکانومی میں اضافی جگہ اور بہتر آرام کی سہولت موجود ہے۔دوسری جانب ممبئی سے نیویارک اور نیوارک کے لیے بوئنگ ۷۷۷-۳۰۰ ؍ای آر طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان میں آٹھ فرسٹ کلاس سوئٹس، ۴۰ ؍بزنس کلاس نشستیں اور ۲۸۰ ا؍کانومی کلاس نشستیں شامل ہیں۔ بزنس کلاس میں مکمل فلیٹ بیڈ کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ فرسٹ کلاس سوئٹس میں مسافروں کی نجی سہولت اور آرام کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سلمان کا کنیکا اور لو گِل پر شدید غصہ، کہا ’’میرے سامنے اونچی آواز میں بات مت کرو‘‘
ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ نان اسٹاپ پروازوں کی بحالی اور طیاروں میں بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان فضائی رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ اس فیصلے سے کاروباری مسافروں، طلبہ، سیاحوں اور اپنے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے امریکہ جانے والے افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔خاص طور پر ممبئی اور دہلی سے نیویارک جانے والے مسافروں کے لیے پانچ گھنٹے تک کے سفر کی بچت اہم پیش رفت ہے۔ اس سے نہ صرف سفر زیادہ آسان ہوگا بلکہ درمیانی اسٹاپ کے دوران انتظار اور طیارے میں ایندھن بھرنے کے سبب ہونے والی تاخیر سے بھی نجات ملے گی۔ایئر انڈیا کی جانب سے نیویارک کے لیے تمام چاروں روٹس پر براہِ راست پروازوں کی بحالی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب فضائی کمپنی بین الاقوامی نیٹ ورک اور طیاروں میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔