انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ۱۳۵؍رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو ٹام بینٹن رہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 8:03 PM IST | Adelaide
انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ۱۳۵؍رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو ٹام بینٹن رہے۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ۱۳۵؍رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو ٹام بینٹن رہے، جنہوں نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے ۱۲۱؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۵۰ ؍اوورز میں ۶ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۵۵ ؍رنز بنائے، جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم ۲۲۰ ؍رنز پر سمٹ گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ایک، ایک سے برابری حاصل کرلی۔
A scintillating knock from Tom Banton as England motor along in the second ODI in Adelaide 👏 📝: https://t.co/GdgBsgH88f https://t.co/wUVZyRSonF
— ICC (@ICC) November 15, 2026
ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی شروعات اگرچہ بہت اچھی نہیں رہی اور بین ڈکٹ ۹؍ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، لیکن اس کے بعد ٹام بینٹن اور تجربہ کار جو روٹ نے اننگز کو سنبھال لیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے ۱۳۷؍رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے انگلینڈ کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ٹام بینٹن نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے آسٹریلیائی گیند بازوں کو دباؤ میں رکھا۔ انہوں نے ۹۹؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۲۱ ؍رنز بنائے، جس میں ۱۲ ؍چوکے اور ۴ ؍ چھکے شامل تھے۔ بینٹن نے اپنی سنچری ۸۶ ؍گیندوں میں مکمل کی۔ یہ ان کے ون ڈے بین الاقوامی کریئر کی دوسری سنچری تھی۔ جو روٹ نے بھی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۶۲ ؍رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جارڈن کاکس نے ۶۷ ؍رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ ول جیکس نے آخری اوورز میں تیز رفتار رنز جوڑ کر انگلینڈ کے مجموعے کو ۳۵۵ ؍رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ نے ۷۲ ؍رنز دے کر ۳ ؍وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھئے:لکشیا سین نے جاپانی کھلاڑی کوکی واتانابے کو شکست دے کر خطاب جیت لیا
۳۵۶ ؍رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ انگلینڈ کے گیند باز گس اٹکنسن نے ابتدائی اوورز میں میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ آسٹریلیا نے محض ۲۹؍ رنز پر اپنے چار وکٹیں گنوادیں، جس سے ٹیم شدید دباؤ میں آگئی۔اس مشکل صورت حال میں میٹ رینشا اور کیمرون گرین نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان ۹۸ ؍رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ رینشا نے ۶۳ ؍رنز جبکہ گرین نے ۶۴ ؍رنز بنائے، لیکن ان کی کوششیں آسٹریلیا کو شکست سے بچانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئیں۔لیام ڈاسن نے دونوں اہم بلے بازوں کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کی واپسی کی امیدوں کو بڑا دھچکا پہنچایا۔ اس کے بعد میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم ۳ء۴۴؍اوورز میں ۲۲۰ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے:سلمان کا کنیکا اور لو گِل پر شدید غصہ، کہا ’’میرے سامنے اونچی آواز میں بات مت کرو‘‘
انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ۲۸ ؍رنز دے کر ۴ ؍وکٹ حاصل کئے۔ ان کی ابتدائی کامیابیوں نے آسٹریلیا کو میچ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔ لیام ڈاسن اور سیم کرن نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ٹام بینٹن کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ نے اس کامیابی کے ساتھ پہلے مقابلے میں سات وکٹوں سے ہونے والی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا۔
تین میچوں کی ون ڈے سیریز اب ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں واپسی کی۔ اب دونوں ٹیموں کی نظریں تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے پر مرکوز ہیں، جو ہوبارٹ میں بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کرے گی۔