Updated: June 19, 2026, 7:08 PM IST
| Mexico City
ورلڈ کپ کے جوش و خروش کے درمیان میکسیکو سٹی میں ایک کتا اور ایک بطخ غیر معمولی طور پر شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ’اوسیتو‘ نامی سائیکل سوار کتے اور’میرلین ‘نامی پالتو بطخ نے اپنی دلچسپ موجودگی سے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور لاکھوں دل جیت لئے۔
اوسیتو اور میرلین سوشل میڈیا پرخاص توجہ حاصل کررہے ہیں۔ تصویر: ایکس
جب میکسیکو سٹی میں ورلڈ کپ کا جوش عروج پر ہے، تو ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول شخصیات کھلاڑی، کوچ یا سرکاری ماسکوٹ نہیں بلکہ دو جانور ہیں : اوسیتو نامی ایک ریسکیو کتا اور میرلین نامی ایک پالتو بطخ۔ دونوں نے اپنی دلچسپ حرکات سے شائقین کے دل جیت لئے ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں۔
سائیکل پر سوار کتا ’’اوسیتو‘‘ مداحوں کا پسندیدہ بن گیا
آٹھ سالہ اوسیتو اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا جب وہ میکسیکو کے افتتاحی میچ میں ایک کارگو سائیکل کے پیچھے بیٹھ کر پہنچا۔ اس نے میکسیکو کی جرسی، چشمہ اور ٹوپی پہن رکھی تھی، جس کی وجہ سے ہزاروں شائقین اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے لگے۔ اوسیتو کے مالک۵۰؍ سالہ خورخے رانخیل کے مطابق، ’’وہ صرف ایک کتا نہیں بلکہ میرا روز کا ساتھی ہے۔ ‘‘گزشتہ دو برسوں سے اوسیتو روزانہ رانخیل کے ساتھ میکسیکو سٹی کی سڑکوں پر ڈیلیوری کے کام کے دوران سفر کرتا ہے۔ اس کیلئے سائیکل میں ایک آرام دہ مخصوص جگہ بنائی گئی ہے جہاں بیٹھ کر وہ شہر کا نظارہ کرتا ہے اور لوگوں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔ رانخیل نے بتایا کہ ایک دن اتفاقاً اوسیتو کو سائیکل کے ڈبے میں بٹھایا گیا تو اسے یہ سواری پسند آگئی۔ بعد میں انہوں نے اس کیلئے نرم گدے اور مزید سہولیات کا انتظام کیا، اور یہ سفر ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن گیا۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ :میکسیکو نے جنوبی کوریا کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی
لوگ اوسیتو کے نرم مزاج اور خوبصورت لباسوں کی وجہ سے اسے بہت پسند کرتے ہیں۔ بعض اوقات لوگ اسے اتنا خاموش دیکھ کر کھلونا سمجھ لیتے ہیں۔ رانخیل کے مطابق، انہوں نے ورلڈ کپ کیلئے خصوصی تیاری کی، اوسیتو کیلئے منفرد چشمے بنوائے، سائیکل سجائی اور اسے قومی ٹیم کے رنگوں میں تیار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کی محبت ان کی توقعات سے کہیں زیادہ تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اوسیتو ان کی زندگی کے مشکل دور میں ان کے پاس آیا تھا اور اس نے انہیں جذباتی سہارا دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اوسیتو سے پہلے مجھے جانور سے محبت کا اصل مطلب معلوم نہیں تھا۔ آج بھی دونوں ہر صبح سائیکل پر نکلتے ہیں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: چوٹ کے باعث نیمار ہیٹی کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے: سی بی ایف
میرلین بطخ بھی ورلڈ کپ کی سنسنی بن گئی
اوسیتو کے ساتھ میرلین نامی ایک پالتو بطخ بھی ورلڈ کپ کی غیر سرکاری علامت بن چکی ہے۔ میرلین نے میکسیکو کی چھوٹی فٹ بال شرٹ اور خصوصی جرابیں پہن رکھی تھیں، جس کے بعد میکسیکو کی جنوبی افریقہ کے خلاف۲۔ صفر کی فتح کے جشن میں وہ سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ میکسیکو سٹی کی مشہور ریفورما ایونیو پر جشن مناتے شائقین کے درمیان میرلین گھومتی رہی، اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔ بہت سے مداحوں نے اسے میکسیکو کا غیر سرکاری ورلڈ کپ ماسکوٹ قرار دینا شروع کر دیا۔ مرلین کی مالک کارلا گومیز نے کہا کہ انہیں ابتدا میں اندازہ ہی نہیں تھا کہ ان کی بطخ اتنی مشہور ہو چکی ہے۔ یہ ہمارے لئے ایک عام دن تھا، ہمیں لگا کوئی ہماری طرف توجہ نہیں دے رہا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈیوڈ کی ہیٹ ٹرک، کنیڈا کی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی
گومیز اپنے بیٹے کرسچیان اور مرلین کے ساتھ میکسیکو سٹی کی سڑکوں پر مشروبات فروخت کرتی ہیں۔ اب لوگ اکثر مرلین کے ساتھ سیلفیاں لینے کیلئے رک جاتے ہیں۔ گومیز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں خود کو میرلین کی ماں سمجھتی ہوں۔ یہ ہمارے لئےبہت خوشی کی بات ہے کہ لوگ میری بطخ سے اتنی محبت کرتے ہیں۔ ‘‘مشہور جانوروں کے پیش گوئی کرنے والے کرداروں سے متاثر ہو کر میرلین نے ایک دوستانہ پیش گوئی بھی کی، جس میں اس نے جنوبی کوریا کے خلاف میکسیکو کی جیت کا انتخاب کیا۔
خوشی اور محبت کی علامت
ورلڈ کپ کے دوران اوسیتو اورمیرلین خوشی، دوستی اور انسانوں اور جانوروں کے درمیان محبت کی خوبصورت مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔ جب کھلاڑی میدان میں مقابلہ کر رہے ہیں، یہ دونوں غیر متوقع ستارے اسٹیڈیم سے باہر دنیا بھر کے لوگوں کے دل جیت رہے ہیں۔