Inquilab Logo

آرڈی برمن مشرق ومغرب کی موسیقی کےحسین امتزاج سےنئی دُھن تیار کرتے تھے

Updated: January 10, 2021, 6:50 AM IST | Agency

بالی ووڈ میں اپنی شیریں موسیقی سے سامعین کے دلوں پرجادو کرنے والے عظیم موسیقارراہل دیو برمن عرف آر ڈی برمن آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن آج بھی ان کی آواز سن کر سامعین کے دل سے بس ایک ہی صدا نکلتی ہے’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو.....۔‘‘آر ڈی برمن کی پیدائش۲۷؍ جون ۱۹۳۹ءکو کلکتہ میں ہوئی۔

RD Berman - Pic : INN
آر ڈی برمن ۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں اپنی شیریں موسیقی سے سامعین کے دلوں پرجادو کرنے والے عظیم موسیقارراہل دیو برمن عرف  آر ڈی برمن آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن آج بھی ان کی آواز سن کر سامعین کے دل سے بس ایک ہی صدا نکلتی ہے’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو.....۔‘‘آر ڈی برمن کی پیدائش۲۷؍ جون ۱۹۳۹ءکو کلکتہ میں ہوئی۔ ان کے والد ایس ڈی برمن مشہور فلمی موسیقار تھے۔گھر میں موسیقی کا ماحول ہونے کی وجہ سے ان کا  رجحان بھی موسیقی کی جانب ہو گیا۔ انہوں نے اپنے والد سے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ  استاد علی اکبر خان سے سرودکی تعلیم حاصل کی۔
 فلم انڈسٹری میں آر ڈی برمن کو  پنچم  نام  اس وقت ملا جب انہوں نے اداکار اشوک کمار کو موسیقی کے پانچ سُر ’سارے گاماپا ‘گا کر سنایا۔۹؍ برس کی چھوٹی سی عمر میں پنچم دا نے اپنی پہلی دھن’’ا ے میری ٹوپی پلٹ کے آ‘‘بنائی ۔ بعد ازاں ان کے والد سچن دیو برمن نے اس دھن کا استعمال ۱۹۵۶ء میں ریلیز ہونے  والی فلم’ فنٹوش‘ میں کیا۔ علاوہ ازیں ان کی تیار کردہ دھن’ سر جو تیرا چکرائے‘بھی گرودت کی فلم ’پیاسا‘ میں استعمال کی گئی۔انہوں نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز اپنے والد کے ساتھ بطور معاون موسیقار کے طور پر کیا۔ ان فلموں میں’چلتی کا نام گاڑی‘ (۱۹۵۸)  اور ’کاغذ کے پھول‘ (۱۹۵۹) جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔ بطور موسیقار انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز۱۹۶۱ء میں اداکار محمود کی فلم ’چھوٹے نواب‘ سے کیا تھالیکن اس فلم سے انہیں کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی۔فلم’چھوٹے نواب‘ کیلئے محمود بطور موسیقار ایس ڈی برمن کو لینا چاہتے تھے لیکن ان کی ایس ڈی برمن سے کوئی جان پہچان نہیں تھی۔آر ڈی برمن چونکہ ایس ڈی برمن کے بیٹے تھے لہٰذا محمود نے فیصلہ کیا کہ وہ اس بارے میں آر ڈی برمن سے بات کریں گے۔ ایک دن محمودآرڈی برمن کو اپنی گاڑی میں بٹھا کرسیرو تفریح کیلئے نکل گئے۔ سفر اچھا تھا، اسلئے آر ڈی برمن اپنا ماؤتھ آرگن نکال کر بجانے لگے۔ ان کی دھن سے محمود اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے ایس ڈی برمن کے بجائے آر ڈی برمن کو اپنی فلم میں موسیقی دینے کا موقع فراہم کیا۔
 دریں اثناآر ڈی برمن نے اپنے والد کے ساتھ بطور معاون موسیقار، فلم بندنی (۱۹۶۳) تین دیویاں(۱۹۶۵) اور گائیڈ جیسی فلموں کیلئے بھی موسیقی دی۔ پنچم دابطور موسیقار کسی حد تک۱۹۶۵ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھوت بنگلہ‘ سے فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔اس فلم کا گانا’آؤ ٹوسٹ کریں‘ سامعین میں بہت مقبول ہوا۔
 آر ڈی برمن نے فلم انڈسٹری میں قدم جمانے کیلئے تقریباً۱۰؍برسوں تک کافی محنت و مشقت کی۔فلم ساز و ہدایت کارناصر حسین کی فلم’تیسری منزل‘ (۱۹۶۶)کاسپر ہٹ گانا ’آجا آجا میں ہوں پیار ترا ‘ اور ’او حسینہ زلفوں والی‘ جیسے سدابہارنغموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ۱۹۷۲ء پنچم دا کے فلمی کریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس سال ان کی موسیقی کا جادوفلم ’سیتا اور گیتا، میرے جیون  ساتھی، بامبے ٹو گوا ، پریچے اور جوانی دیوانی‘ جیسی کئی فلموں میں چھایا رہا۔
 پنچم دا نے۱۹۷۵ء میں رمیش سپی کی سپر ہٹ فلم’ شعلے‘ میں ’محبوبہ محبوبہ‘ گاکر الگ سماں باندھا جبکہ’ آندھی، دیوار اور خوشبو‘ جیسی کئی فلموں میں ان کی موسیقی کا جادو سامعین کے سرچڑھ کر بولا۔موسیقی کے شعبہ میں تجربہ کرنے میں مہارت رکھنے والے آر ڈی برمن مشرق و مغرب کی موسیقی کے امتزاج سے نئی دھن تیار کرتے تھے۔حالانکہ اس کیلئے انہیں تنقیدکا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس جدیدطرز کی موسیقی میں گلوکاری کرنے  کیلئے انہیں ایک ایسی آواز کی تلاش تھی جو اُن کی موسیقی سے ہم آہنگ ہو۔یہ آواز انہیں معروف گلوکارہ آشا بھونسلے میں ملی۔ فلم ’تیسری منزل‘ کیلئے آشا بھونسلے نے ’’آجا آجا میں ہوں پیار ترا‘‘ .....’’او حسینہ زلفوں والی‘‘ اور ’’او میرے سونا رے سونارے‘‘  جیسے نغمے گائے۔ ان گیتوں کے ہٹ ہونے کے بعد آر ڈی برمن نے اپنی موسیقی میں  پلے بیک سنگنگ کیلئے آشا بھونسلے کا ہی انتخاب کیا۔پنچم دا اور آشا بھوسلے گیت اور موسیقی میں کافی دنوں تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے نبھاتے بالآخر زندگی بھر کیلئے ایک دوسرے کے ہوگئے اور اپنے سپر ہٹ نغموں سے سامعین کو مسحور کرتے رہے۔۴؍ جنوری ۱۹۹۴ء کو ان کا انتقال ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK