Inquilab Logo

ڈراموں کے ذریعہ ٹی وی انڈسٹری تک پہنچا اور اب ویب سیریز میں مصروف ہوں

Updated: February 07, 2023, 4:30 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اور ویب سیریز اداکاراصغرمومن نے کہا کہ ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مجھے ایک موقع ملا تھا جہاں میں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور پھر اس کے بعد مسلسل کام ملتا چلا گیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

ڈراموں اور اسٹیج شوز سے شروعات کرنے کے بعد نوجوان اداکار اصغر مختاراحمدمومن نے ٹی وی انڈسٹری میں قدم رکھا اور کورونا کے بعد سے وہ اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی نظر آرہےہیں۔بھیونڈی سے تعلق رکھنے والے اداکار نے اب تک ۷۰؍سے زائد ٹی وی شوز میں اپنی قسمت آزمائی ہے۔انہوں نے تقریباً ہر چینل کے مشہور شوزمیں اپنے فن کا مظاہرہ کیاہے۔ کورونا کے بعد وہ ویب سیریز میں بھی نظرآرہے ہیں اور کبھی وکیل تو کبھی انسپکٹر کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ابتدائی تعلیم بھیونڈی کی میونسپل اسکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد رئیس ہائی اسکول سے جونیئر کالج کی تعلیم مکمل کی۔ بعدازاں انہوںنےمولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔نمائندہ انقلاب نے اداکار اصغر مختار احمد مومن سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہاہے :
س:اداکاربننے کا فیصلہ کس طرح کیا اور کیا گھروالے اس بات کیلئے راضی ہوگئے تھے ؟ 
ج:اسکول کے زمانے سے مجھے ممکری کرنے کی عادت تھی اور میںمختلف افراد کی ایکٹنگ کیا کرتا تھا۔ مجھے معلوم تھاکہ میں اس صلاحیت کا مالک ہوں اور میں اسی سمت میں کام کرتے ہوئے اپنی صلاحیت کو بروئے کار لایا اور اس شعبے میں کریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ میر ے اہل خانہ کیلئے قابل قبول نہیں تھا اور میرے والد نے میرے اس پیشے کی مخالفت کی تھی لیکن میرے بھائی اور بہن کو میں نے اس کیلئے منا لیا تھا۔ایک بار میں نے اپنے والد کو ڈرامہ دیکھنے کیلئے بلایا تھا  اورپھر وہاں کچھ ایسا ہو اکہ میرے والد میری اداکاری سے متاثر ہوگئے تھے۔اس کے بعد وہ راضی ہوگئے۔ بہرحال میں نے کسی بھی طرح وہ مرحلہ پار کرلیا تھا اور ٹی وی انڈسٹری میں داخلہ پا گیا تھا۔ 
س:ٹی وی انڈسٹری تک کس طرح پہنچے ؟ 
ج:جب میں بھونس کالج (چرنی روڈ)میں اداکاری کی تربیت حاصل کررہا تھا تو وہاں سے ٹی وی پر بہت سے افراد گئے جن میں کچھ اداکار بنے، کچھ ہدایتکار اور کچھ دیگر شعبوں سے وابستہ ہوگئے۔ میں وہاں ورکشاپ اور تربیتی کیمپ میں شرکت کیا کرتا تھا۔ ان ہی افراد میں سے ایک عباس گدکر تھے جو اس وقت زی ٹی وی کے ایک شوکی ہدایتکاری کررہے تھے۔ وہ  اکثر میری سرگرمیوں پر نظر رکھا کرتے تھے اور دیکھتے تھے کہ میں مالیگاؤں اور بھیونڈی میں اسٹیج شوز اور ڈرامے کیا کرتا تھا۔ وہ میری اداکاری سے بہت متاثر تھے اور انہوںنے مجھ سے ایک بار کہا تھاکہ میں کب تک ڈراموں اور اسٹیج شوز کرتا رہوں گا۔میرے پاس ایک رول ہے تو آکر قسمت آزمالیں۔ میں نے اگلے ہی دن شوٹنگ کے سیٹ پر پہنچ گیا اور انہوں نےمجھے ٹی وی شوز میں پہلا موقع دیا تھا۔ اس طرح مجھے کام ملتا گیا اور  اب تک میں ۷۰؍شوز کرچکا ہوں۔  
 س: ٹی وی انڈسٹری کا تجربہ کیسا رہا ؟
ج:ٹی  وی انڈسٹری کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ ا س انڈسٹری سے مجھے کافی شہرت اور پہچان ملی ہے اور میں نے اداکاری کے گُر متذکرہ انڈسٹری ہی سے سیکھے ہیں۔ آج بھیونڈی سے لے کر مالیگاؤں سفر کے دوران مجھ سے کوئی ملاقات کرتا ہے تو وہ یہی کہتا ہے کہ ہمیں بھی اس انڈسٹری سے وابستہ ہونا ہے۔ اگر چھوٹاساکردار بھی مل جائے تو چلے گا۔ بہرحال ڈراموں کے بعد جب میں نے ٹی وی انڈسٹری میں کام کرنا شروع کیا تھا تو یہ اتنا آسان نہیں تھا۔ اسکرین پر اپنی باڈی لینگویج اور آنکھوں کے تاثرات کو پیش کرنا ہوتاہے۔دوسری طرف ڈراموں میں ہمیں تیز آواز میں مکالمے اداکرنے ہوتے ہیں۔
 س:کورونا کے دوران آپ کے حالات کیا تھے؟
 ج:  میرے لئے حالات اتنے مشکل نہیں تھے کیونکہ  بھیونڈی میں اشتہارکا بھی کام کیا کرتا تھا۔ میں نے ۱۶؍ مارچ ۲۰۲۰ء تک شو کی شوٹنگ کی تھی  اور اس کے بعد ہمارے شو ’تنالی راما‘ کی شوٹنگ بند ہوگئی تھی۔ کورونا کے دوران جونیئر اداکاروں کو بہت پریشانی برداشت کرنی پڑ رہی تھی اور کئی تو شہر چھوڑکر چلے گئے تھے ، جو لوگ یہاں تھےمیں انہیں کھانا پہنچانے کا کام کررہا تھا۔ میں نے اس دوران بہت سماجی خدمات انجام دیں۔ ہمارے بہت سے ساتھی اداکار وسئی اور نالاسوپارہ میں رہتے تھے تو انہیں بھی راشن پہنچانے کا کام کیا۔ ہم ’سن ٹا تنظیم‘ کے اندراج شدہ آرٹسٹ ہیں اس لئے ہمیں سلمان خان، امیتابھ بچن اور اکشے کمار کی جانب سے مالی امداد بھی ملنے لگی تھی۔ اس طرح کورونا کے دوران ہمیں مختلف حالات سے گزرنا پڑا تھا۔   
س:کورونا کے بعد کا تجربہ کیسا رہا؟ 
ج:کوروناکے دوران او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر تفریح کے  کام میں اضافہ ہوگیا تھا اورکورونا کے بعد تو یہ پلیٹ فارم اور بھی زیادہ مقبول ہوگیا۔ اس کے ذریعہ بہت سے اداکاروں کو کام ملنا شروع ہوا اور یہ سلسلہ اتنا کامیاب  رہا کہ آج ٹی وی آرٹسٹ کے پاس کام زیادہ ہے اور وقت نہیں ہے۔ آج وہ ہر شواور فلم کیلئے تاریخ نہیں دے پارہے ہیں۔
س:کیاآپ نے بھی او ٹی ٹی پر بھی کام کیاہے؟
ج:جی ہاں، کیونکہ آج یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ میں نے زی ۵؍ کی ایک ویب سیریز  میں ایم ایل اے کا کردار ادا کیا تھا ۔ اس کے بعد ہرشدمہتاکی کہانی پر مبنی ویب سیریز اسکیم ۹۲ ؍ میں بھی اداکاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آلٹ بالاجی کی ویب سیریز مجھے کام کرنے کا موقع ملا تھا۔ اسی طرح ایم ایکس پلیئر کی ویب سیریز ’فار ایور‘ میں بھی  مجھے اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا ۔   
س:کس شو سے زیادہ شہرت ملی تھی؟
 ج :تارک مہتاکا الٹاچشمہ سے بہت شہرت ملی تھی ۔ اس شو کیلئے میں نے بہت کام کیاہے اور مختلف رول اس میں نبھائے ہیں۔ میرے کردار کی وجہ سے اس شو کی بھیونڈی میں ٹی آر پی بہت بڑھ گئی تھی۔ اس کے علاوہ میں نے بالا جی ٹیلی فلمزکے شوز میں بھی کام کیا ہے اوراس میں بھی میں نے اچھے کردار نبھائے ہیں۔
س:آپ کن اداکاروں سے متاثر ہیں؟
 ج : ایسے تو بہت سے اداکار ہیں جن کو میں پسند کرتا ہوں اور ان کی اداکاری سے متاثر ہوں، لیکن راجیش کھنہ، نصیرالدین شاہ اور اوم پوری کو سنجیدہ رول ادا کرنے کے دوران ذہن میں رکھتا ہوں۔ کامیڈی کرتا ہوں تو محمود صاحب کو ذہن میں رکھتاہوں۔ اس کے بعد موجودہ دور میں خان صاحبان کی فلمیں دیکھنا پسند کرتاہوں۔ اجے دیوگن کی بھی اداکاری مجھے پسند ہے ۔

tv show Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK