Updated: December 25, 2025, 6:09 PM IST
| Mumbai
’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ سیزن ۴؍ کے تازہ ٹریلر میں ورلڈ کپ فاتح ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نظر آتی ہے، مگر نائب کپتان اسمرتی مندھانا ان کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ شو کا پریمیر ۲۰؍ دسمبر کو ہوا جبکہ نئی اقساط ہر ہفتہ نیٹ فلکس پر نشر کی جائیں گی۔
دی گریٹ انڈین کپل شو سیزن 4 کا پرومو۔ تصویر: ایکس
حال ہی میں ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ سیزن ۴ھ کی نئی قسط کا ٹریلر جاری کیا گیا، جس میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم بطور مہمان نظر آتی ہے۔ تاہم، ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا ٹریلر میں دکھائی نہیں دیں، جس پر ناظرین کی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔ شو کے نئے سیزن کا آغاز ۲۰؍ دسمبر کو ہوا تھا، جبکہ پہلی قسط میں پرینکا چوپڑا جونس بطور مہمان شریک تھیں۔
نیٹ فلکس پر بدھ کے روز جاری کئے گئے ٹریلر میں ورلڈ کپ فاتح ہندوستانی خواتین ٹیم کے کئی نمایاں کھلاڑی دکھائی دیتے ہیں، مگر اسمرتی مندھانا کی غیر موجودگی نمایاں رہی۔ ٹریلر میں ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مجمدار کے ساتھ ہرمن پریت کور، رچا گھوش، جمائمہ روڈریگیز، شفالی ورما، دپتی شرما، رینوکا سنگھ، ہرلین دیول، رادھا یادو اور پراتیکا راول نظر آئیں۔ کھلاڑی شو کے میزبان کپل شرما اور کامیڈینز کرشنا ابھیشییک اور کیکو شاردا کے ساتھ ہلکے پھلکے مزاح میں مصروف دکھائی دیئے۔ ٹریلر میں ارچنا پورن سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو بھی نظر آئے۔
یاد رہے کہ اسمرتی مندھانا حالیہ دنوں میں ذاتی زندگی سے جڑی خبروں کے باعث بھی سرخیوں میں رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق موسیقار پلاش مچھل کے ساتھ ان کے تعلقات ختم ہو چکے ہیں۔ دونوں نے علاحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس رشتے کو ختم کر کے آگے بڑھ چکے ہیں، تاہم علاحدگی کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: رنویر سنگھ نے ’’ڈان ۳‘‘ نہیں چھوڑی بلکہ فلم سے نکال دیئے گئے: نئی رپورٹ
کپل شرما کے شو کے نیا سیزن
’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ سیزن ۴؍ کا پریمیر ۲۰؍ دسمبر کو نیٹ فلکس پر ہوا۔ نئی اقساط ہر ہفتہ شام ۸؍ بجے نشر کی جائیں گی۔ شو کے سابقہ سیزنز میں فلم، موسیقی، کھیل اور بزنس سے وابستہ کئی معروف شخصیات بطور مہمان شامل ہو چکی ہیں، جن میں عامر خان، گوتم گمبھیر، جھانوی کپور، یزویندر چہل، جیکسن وانگ اور امن گپتا شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ۲؍ نومبر کو نوی ممبئی میں جنوبی افریقہ کو ۵۲؍ رنز سے شکست دے کر خواتین آئی سی سی او ڈی آئی ورلڈ کپ کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔