سویڈن، بلجیم اور لکژمبرگ میں کئی اسٹور متاثر ہوئے، اس سے قبل ایسا ہی حملہ فرانس میں ہوچکاہے جس میں لاکھوں یورو کی غذائی اشیاء خراب ہوگئی تھیں۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 11:02 AM IST | Inquilab News Network | London
سویڈن، بلجیم اور لکژمبرگ میں کئی اسٹور متاثر ہوئے، اس سے قبل ایسا ہی حملہ فرانس میں ہوچکاہے جس میں لاکھوں یورو کی غذائی اشیاء خراب ہوگئی تھیں۔
:سویڈن، بلجیم اور لکژمبرگ کی سپر مارکیٹس کا کہنا ہے کہ رات کے وقت درجنوں اسٹورس میں فریج اور فریزر کا درجہ حرارت اچانک بڑھ گیا۔ گمان غالب ہے کہ یہ سائبر حملے کی وجہ سے ہوا۔ اس سے قبل فرانس میں اسی طرح کے ایک حملے کے نتیجے میں لاکھوں یورو کی غذائی اشیا ضائع ہوگئی تھیں۔
سویڈن کی سپر مارکیٹ چین’’ کوپ ‘‘نے پیر کے روز اخبار ’افٹن بلیڈیٹ‘ کو بتایا کہ اس کے ۶؍ اسٹورس اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ وہیں ایک اور سپر مارکیٹ چین ’آئی سی اے کا کہنا ہے کہ رات کو اس کے بھی چند اسٹورس کے ریفریجریشن اور فریزر سسٹم متاثر ہوئے۔ ہالینڈ کی ریٹیل کمپنی ’اہولڈ ڈیلاائزے‘ نے بتایا کہ بلجیم اور لکسمبرگ میں اس کے درجنوں سپر مارکیٹس کے فریج اور فریزر ایک ’آئی ٹی واقعے‘ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کمپنی نے گزشتہ ماہ ہالینڈ کی پولیس کو سائبر سیکوریٹی کے ایک واقعے کی اطلاع دی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:’آئی ڈی بی آئی کی فروخت ایک اور بڑاگھوٹالہ ہے‘
کمپنی کی ترجمان سارہ ڈی میسٹر نے بتایا کہ اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ کولنگ سسٹم کا درجہ حرارت بڑھ گیا تھا، تحقیقات کی جارہی ہیں۔بلجیم کے اخبار ’لے سوار‘ کے مطابق اس واقعہ سے درجنوں اسٹور اور سپر مارکیٹس متاثر ہوئے۔ ان میں اسپار کے پانچ اسٹور ، کیو-۸؍ سروس اسٹیشنوں سے منسلک کئی’ شاپ اینڈ گو ‘سہولت والے اسٹور اور پراکسی ڈیلہائز کے متعدد چھوٹے یعنی منی مارکیٹس شامل ہیں۔
ریفریجریشن سسٹم نصب اوران کی دیکھ ریکھ کرنے والی کمپنی سبکوبیل کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیفن مولانس نےبرطانوی اخبار ’دی گارجین ‘کو بتایاکہ ’’ہم نے رات ایک بجے ہی تکنیکی عملے کو الرٹ کردیا تھا۔صبح تک متاثرہ آلات کو بجلی کے نظام سے الگ کرنے میں گزری۔‘‘
فرانس میں کیا ہوا تھا؟
گزشتہ ماہ فرانسیسی پولیس نے بتایا تھا کہ ہیکرس نےکم وبیش ۷۰۰؍سپر مارکیٹس کے کولنگ یونٹس کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں ٹھنڈی اور منجمد غذائی اشیا کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔ اس واقعے نے انٹرنیٹ سے منسلک نظام کی کمزوریوں کو بھی اجاگر کیا تھا۔ہیکرس نے دور بیٹھ کر ہزاروں فریزر، فریج اور کولنگ کیبنٹ کی سیٹنگ تبدیل کردی ۔ ان کا درجہ حرارت منفی ۲۷؍ ڈگری سیلسیئس سے بڑھا کر۵۰؍ڈگری سے بھی زیادہ کردیا ۔ فرانس میں اس سے انٹرمارشے، کوآپریٹیو یو، کارفور، لیکلرک اور مونوپری سمیت کئی بڑی سپر مارکیٹ چین متاثر ہوئی تھیں۔متاثرہ اسٹورس کو تازہ گوشت، دودھ سے بنی اشیا اور منجمد غذائی مصنوعات کی بڑی مقدار ضائع کرنا پڑا۔