Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’پروڈکشن ہاؤسیز کو ٹی آر پی کیلئے اچھی کہانیوں کو تبدیل نہیں کرنا چاہئے‘‘

Updated: May 18, 2025, 12:20 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اور ویب سیریز اداکاررومیت راج کا کہنا ہےکہ میں اپنی نجی زندگی کی معلومات کو صرف اپنے تک ہی رکھنا پسند کرتاہوں، اسلئے یوٹیوب چینل شروع کرنے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

Romiit Raj. Photo: INN.
رومیت راج۔ تصویر: آئی این این۔

۲۰۰۳ء میں ’شاکا لاکا بوم بوم‘ نامی شو سے اپنے کریئر کی شروعات کرنے والے رومیت راج نے ٹی وی انڈسٹری کے ساتھ ہی او ٹی ٹی پلیٹ فارمس پر بھی کام کیاہے۔ حال ہی میں انہوں نے ٹی وی کے مشہور شو ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کو الوداع کہا ہے۔ اس وقت وہ فلموں میں کام کرنے کے تعلق سے غوروخوض کررہے ہیں اور اس کیلئے مسلسل آڈیشن دے رہے ہیں۔ رومیت راج کے ٹی وی شوز کی فہرست طویل ہے جس میں گھر کی لکشمی بیٹیاں، عدالت، ساؤدھان انڈیا، کھچڑی، فیئر فائلس، باتیں کچھ ان کہی سی اور یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے قابل ذکر ہیں۔ رومیت اپنی اداکاری کو مسلسل بہتر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ انقلاب نے ان سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کہاں مصروف ہیں ؟
ج:ایک ماہ قبل ہی میں نے ’یہ رشتہ کیا کہلاتاہے ‘شو کو الوداع کہا ہے۔ اس شو میں کام کرکے بہت مزہ آیا تھا جس کی وجہ سے شائقین کے مسلسل فون اور میسیج آرہے ہیں کہ کسی اور کردار میں اس شو سے دوبارہ وابستہ ہوجاؤں۔ اس شو کے ذریعہ میں نے روہت پوددار کے کردار میں سبھی کو تفریح فراہم کی ہے۔ اس کے بعد ایک ذمہ داری بڑھ گئی ہےکہ شائقین کو تفریح فراہم کرنا ہے، اسلئے کوئی نیا پروجیکٹ کرناہے۔ دراصل یہ تبدیلی کا دور ہے، اسلئے میں ملاقاتیں کررہاہوں، آڈیشن دے رہا ہوں اور نئے ٹی وی شوز میں کام حاصل کرنے کی کوشش کررہاہوں۔ اس کے ساتھ ہی گھرپر فلمیں دیکھ رہاہوں، کتابیں پڑھ رہا ہوں اور اچھی اچھی ویب سیریز بھی دیکھ رہا ہوں۔ 
’یہ رشتہ کیا کہلاتاہے‘ آپ نے خود ہی چھوڑدی ہے یا پھر باہر کئے گئے ہیں، اس کے بارے میں بھی کچھ بتائیں ؟
 ج:میں نے یہ شو چھوڑا نہیں تھا، نہ ہی مجھے اس سے نکالاگیا تھا۔ دراصل اس شو کے ہدایتکار راجن جی اور ان کا پروڈکشن ہاؤس، دونوں ہی میرے فیوریٹ ہیں۔ راجن جی نے ایک دن مجھےسیٹ پر بلایا اور مجھ سےکہاکہ۳؍ماہ کا ایک کیریکٹر ہے وہ آپ کو کرنا ہے، کیریکٹر چھوٹا ہے لیکن دم دار ہے۔ میں نےزیادہ وقت لئے بغیر فوری طور پراس کیلئے ہامی بھردی۔ اس کے بعد کام کرتے کرتے کب ۳؍ماہ سے ۹؍ ماہ ہوگئے پتہ ہی نہیں چلا۔ اس شومیں نے رومانوی، ایکشن اور سبھی طرح کے جذباتی مناظر کئےتھے۔ میں دادی کا پوتا بن کر خوش تھا۔ اب جب بھی ان سبھی کو یاد کرتا ہوں تو تھوڑا افسوس ہوتاہے۔ بہرحال اب باتوں کو بھول کر میں اس سے آگے بڑھنا چاہوں گا۔ 
فرصت کے ان لمحات میں آپ کس طرح کی فلمیں دیکھ رہے ہیں اوران سے کیا سیکھ رہے ہیں ؟ 
ج:میں صرف تفریح کیلئے فلمیں نہیں دیکھتا بلکہ ان سے کچھ سیکھنے کی کوشش کرتاہوں۔ میں اسکرین پلے اور اسکرپٹ رائٹنگ پر بھی توجہ دے رہاہوں۔ میں ہر منظر کو روک روک کر دیکھتا ہوں اور اسے سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ یہ منظر کس طرح شوٹ کیا گیاہوگا۔ اس کے ساتھ ہی میں یہ بھی سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ میں جس منظر پر ہنستا یا روتاہوں، اس میں ایسی کیا بات ہے؟ میں کچھ سیکھنے کیلئے ہندی کے ساتھ ہی انگریزی فلمیں بھی دیکھتا ہوں۔ میں مارٹن اسکاسس، الپاچینو اور لیونارڈی کیپریو کی فلمیں زیادہ دیکھتا ہوں۔ میں ہندی فلموں میں رنبیر کپور اور راج کمار راؤ کو بہت پسند کرتاہوں اور ان کی فلمیں دیکھتاہوں۔ 
آپ اپنی صلاحیتوں کو کس طرح نکھارتے ہیں ؟
ج:میں کیریکٹر پر بہت زیادہ توجہ دیتاہوں اوراس کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہتاہوں۔ میں یہ دیکھتا ہوں کہ ایک ۲۲؍ سالہ نوجوان کس طرح بات چیت کرتاہے اور ایک ۴۰؍ سالہ ادھیڑ عمر کا شخص کس طرح گفتگو کرتاہے۔ ان دونوں میں پائے جانے والے فرق کا میں بغور مشاہدہ کرتاہوں۔ ساتھ ہی مختلف کردار کے لب ولہجہ کے بارے میں بھی جاننے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں جب بھی کوئی کردار نبھاتاہوں تو اس پر کافی محنت کرتا ہوں۔ میں کوشش کرتا ہوں کہ اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرسکوں اور کچھ ایسا کروں جو میرے مداحوں کو اچھا لگے۔ 
آپ نے اب تک اپنے کریئر میں ٹی وی شوزپر ہی زیادہ توجہ دی ہے، کیا اس سے باہر نکلنا چاہیں گے؟
ج:ٹی وی سے نکلنے کی کوشش کرنا ہے، اس کیلئے میں اچھی ویب سیریز کیلئے آڈیشن دے رہا ہوں۔ حالانکہ میں نےاس سے قبل ۳؍ ویب سیریز میں کام کیا ہے جس میں سے ایک ’نام گم جائے گا‘ کو بہت پسند کیا گیا تھا۔ اس میں میرا رول بہت اچھا تھا جس کی خوب پزیرائی ہوئی تھی۔ کوشش یہ ہے کہ میں اچھے اور بڑے پروڈکشن ہاؤسیزکے ساتھ کام کروں جن میں کرن جوہر کا پروڈکشن ہاؤس سب سے اوپر ہے۔ اسی طرح میں سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ بھی کام کرنے میں دلچسپی رکھتاہوں کیونکہ ان کی ہدایتکاری اور فلمسازی بالکل الگ طرح کی ہے۔ بہرحال اپنی طرف سے پوری کوشش جاری ہے، امید کرتاہوں کہ جلد ہی اس میں کامیابی ملے گی۔ 
نئے ٹی وی شوز کی طوالت کم ہوتی جارہی ہے، اس کی کیا وجہ ہے ؟
ج:ایسی بات نہیں ہے کہ ٹی و ی شوز کی طوالت کم ہوتی جا رہی ہے بلکہ آج بھی ایسے کئی شوز ہیں جو گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہیں اور ان شوز کی کہانیوں کو پسند بھی کیا جارہاہے۔ دراصل مصنف اور ہدایتکار نئی نئی کہانیوں سے شائقین کو تفریح فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان میں کچھ کیریکٹر ایسے ہوتے ہیں جو شائقین کے دلوں میں گھر کرجاتے ہیں۔ دوسری طرف ایسے شو زبھی ہیں جن کی کہانی شائقین کو پسند نہیں آتی اور اس کے کردار بھی کچھ خاص نہیں ہوتےہیں تو کچھ ہی دنوں میں مداح اس شو کو دیکھنا بند کر دیتے ہیں۔ ایسے میں اگر کسی شو سے پروڈکشن ہاؤس کو اچھی ٹی آر پی نہیں ملتی ہے تو وہ اس شو کو بند کرنے میں ذرا دیر نہیں لگاتے ہیں۔ 
ٹی وی شوز کو کامیاب بنانے کیلئے آپ کیا کرنا پسند کریں گے؟
ج:میں چاہتا ہو ں کہ ٹی وی شوز کیلئے اچھی کہانیاں لکھی جائیں جو شائقین کو اس سے باندھ کر رکھے۔ اسے دیکھنے والے چھوٹے پردے کے قریب ہی رہیں۔ دوسری بات یہ کہنا چاہوں گاکہ پروڈکشن ہاؤس محض ٹی آر پی کیلئے کہانیوں کو تبدیل نہ کریں۔ مثلاً ٹی آر پی اچھی نہیں آرہی ہے تو کہانی کو تبدیل کرکے اسے الگ موڑ دے دیا جاتاہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے اس کی وجہ سے کہانی کی بنیاد خراب ہوجاتی ہے اور اس کا مقصد بھی ختم ہو جاتاہے۔ کبھی کبھی ایسا لگتاہےکہ مستقبل میں ٹی آر پی کی کوشش میں پروڈکشن ہاؤس ایک کہانی کے دو دو تین تین کلائمیکس طے کیا کریں گے۔ جس طرح سے فلموں میں ایک کہانی ہوتی ہے اور ہدایتکار انٹر ویل میں اسے تبدیل نہیں کرتے، ٹھیک اسی طرح سے ٹی وی شوز کی کہانیاں بھی ایسی ہی ہونی چاہئیں۔ محض ٹی آر پی کیلئے اسے تبدیل نہیں کیاجانا چاہئے۔ 
آپ سوشل میڈیا پر کس حد تک مصروف رہتے ہیں ؟ کیا مستقبل قریب میں یو ٹیوب چینل شروع کرنے کا ارادہ ہے؟
ج:ہاں! بالکل۔ میں یوٹیوب چینل شروع کرنے کاارادہ تو رکھتاہوں لیکن ابھی نہیں اور جب شروع کروں گا تو وہ کچھ مختلف ہوگا۔ آج کل جس طرح سے یوٹیوب پر بہت سے لوگ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات چیت کرتےہیں اور اس کے بارے میں معلومات فراہم کرتے رہتے ہیں، میں ویسا ہرگز نہیں کروں گا۔ میں اپنی نجی زندگی کی زیادہ تر باتیں دوسروں تک نہیں پہنچاتا، بلکہ اسے صرف اپنے تک محدود رکھتا ہوں۔ میں الگ الگ کیریکٹر ادا کرنے میں یقین رکھتا ہوں، اس لئے فی الحال میرا ابھی یوٹیوب شروع کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ میں سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے گفتگو کرتاہوں اور اس سے مجھے بہت خوشی ملتی ہے۔ مداحوں سے ملاقات کے دوران وہ میری خوبیوں اور کمزوریوں کے بارے میں بھی بتاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر میں اس طرح وقت گزارنا پسند کرتاہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK