وزیر خارجہ نے انڈیا۔روس بزنس فورم سے خطاب میں روسی کمپنیوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کیساتھ تجارت کا حجم بڑھائیں۔
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 1:58 PM IST | Mumbai
وزیر خارجہ نے انڈیا۔روس بزنس فورم سے خطاب میں روسی کمپنیوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کیساتھ تجارت کا حجم بڑھائیں۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، جو روس کے سرکاری دورے پر تھے، نے ماسکو میں انڈیا-روس بزنس فورم سے خطاب کیا اور روس کے ساتھ تجارت بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے روسی کمپنیوں کو ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کاروبارکرنے کی ترغیب دی۔
جے شنکر نے سرکردہ روسی اسکالرس اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی اور ہندوستان-روس تعلقات کے ساتھ عالمی جغرافیائی سیاست اور عصری چیلنجوں پر ہندوستان کے نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر جے شنکر نے تجارت، اقتصادیات، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون پر روس اورہندوستان بین الحکومتی کمیشن کے ۲۶؍ ویں اجلاس کی شریک صدارت بھی کی۔ اپنے خطاب میں، انہوں نے دو طرفہ تجارت کی تیز رفتار ترقی پر روشنی ڈالی جو۲۰۲۱ء میں۱۳؍ بلین امریکی ڈالر سے بڑھ کر۲۰۲۴ء میں۲۴؍بلین امریکی ڈالرہوگئی ہے۔
ایس جے شنکر نے کہا کہ تجارتی ضرورت کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی عدم توازن کو درست کریں، جس میں ۹؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کمیشن کے کام کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیے، جن میں مقداری اہداف کا تعین، وسط مدتی جائزے کا انعقاد، کاروباری فورمز کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ایجنڈے کو وسیع کرنے کے لیے اختراعی طریقے اپنانا شامل ہیں۔
بعد ازیں وزیر خارجہ نے ہندوستان-روس بزنس فورم میں پہلے نائب وزیر اعظم ڈینس مانتو روف کے ساتھ سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقات کی۔ کاروباری لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے زور دیا کہ ہندوستان اور روس نہ صرف تجارت کے ذریعے بلکہ سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور گہرے تعاون کے ذریعے بھی ایک دوسرے کی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔