Updated: October 31, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
سنجے دت کی مشہور فلم ’’کھلنائک‘‘ کے سیکوئل کی تیاری جاری ہے اور اس میں جیکی شراف کی شمولیت کے بعد اب سلمان خان کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلم ساز ایک اہم پولیس افسر کے کردار کے لیے سلمان خان کو کاسٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں، تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
سلمان خان اور سنجے دت۔ تصویر: آئی این این
سنجے دت نے رواں سال اپنی مشہور فلم ’’کھلنائک‘‘ کی ریلیز کے ۳۳؍ سال بعد اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ ’’کھلنائک ریٹرنز‘‘ کے نام سے بننے والی اس فلم کا اعلان ایک دھماکے دار ویڈیو کے ذریعے کیا گیا، جس نے شائقین میں خاصا جوش پیدا کردیا۔ بعد ازاں جیکی شراف نے بھی تصدیق کی کہ وہ اس فلم کا حصہ ہوں گے، تاہم اس بار وہ پہلے حصے میں ادا کیے گئے بہادر انسپکٹر کے بجائے پولیس کمشنر رام کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اب اطلاعات ہیں کہ فلم کے پہلے حصے کے ہدایت کار اور سیکوئل کے تخلیقی مشیر سبھاش گھئی نے مصنفین کے ساتھ مل کر ایک پولیس افسر کا نیا کردار تیار کیا ہے۔ اس کردار کے لیے وہ سلمان خان کو کاسٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سکیش چندر شیکھر کے ۲۰۰ ؍کروڑ روپے کے وصولی معاملے میں نورا فتحی کو سمن
’مڈ ڈے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ فلم کی کہانی میں اس کردار کی اہمیت ہے۔ منصوبہ یہ ہے کہ پولیس افسر ایک نیک دل اور دوسروں کی مدد کرنے والا شخص ہوگا، جو سنجے دت کے کردار کی مدد کرے گا۔ ذریعے کے مطابق اس کردار کے لیے سلمان خان سے بہتر انتخاب کون ہوسکتا ہے؟ تاہم ابھی ان کی کاسٹنگ کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، کیونکہ فلم کی کہانی پر کام جاری ہے۔ جب اخبار نے اس سلسلے میں سبھاش گھئی سے رابطہ کرکے تصدیق چاہی تو انہوں نے کہا، ’’ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ فلم کی اسکرپٹ پر کام جاری ہے اور جب مکمل اسکرپٹ تیار ہوجائے گی تو ہمیں صورتِ حال کا اندازہ ہوگا۔‘‘
واضح ہو کہ اگر سلمان خان فلم ’’کھلنائک ریٹرنز‘‘ کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ۲۰۰۸ء کی فلم ’’یوراج‘‘ کے بعد سبھاش گھئی کے ساتھ ان کی دوسری فلم ہوگی۔ اس کے علاوہ یہ سنجے دت کے ساتھ سلمان خان کی تیسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل دونوں اداکار ۱۹۹۱ء کی فلم ’’ساجن‘‘ اور ۲۰۰۰ء کی فلم ’’چل میرے بھائی‘‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔ سنجے دت بھی سلمان خان کی دو فلموں ’’یہ ہے جلوہ‘‘ (۲۰۰۲ء) اور ’’ریڈی‘‘ (۲۰۱۱ء) میں مختصر کردار ادا کرچکے ہیں۔ اسی طرح سلمان خان نے ۲۰۱۲ء کی سنجے دت کی فلم ’’سن آف سردار‘‘ میں بھی مختصر کردار نبھایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ میں موہت ملک نے بیرجو جیسے پیچیدہ کردار کو نبھانے کا تجربہ بیان کیا
رواں سال سلمان خان اور سنجے دت دونوں بین الاقوامی فلم ’’سیون ڈاگز‘‘ (۲۰۲۶ء) میں بھی مختصر کرداروں میں نظر آئے تھے۔ اب اگر سلمان خان ’’کھلنائک ریٹرنز‘‘ میں شامل ہوتے ہیں تو ایک بار پھر دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر دیکھنے کا موقع ملے گا۔ تاہم فی الحال ان کی شرکت کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔