Inquilab Logo

سلمان خان نے کہاکہ ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ کو ہندوستان عیدی دے گا

Updated: April 11, 2024, 11:41 AM IST | Agency | Mumbai

ہر سال عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم ریلیز ہوتی ہے تاہم اس بار عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم ریلیز نہیں ہورہی ہے بلکہ اکشے کماراور ٹائیگر شروف کی فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ ریلیز ہورہی ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہر سال عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم ریلیز ہوتی ہے تاہم اس بار عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم ریلیز نہیں ہورہی ہے بلکہ اکشے کماراور ٹائیگر شروف کی فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ ریلیز ہورہی ہے۔ اس فلم کا ٹریلر دیکھنے کےبعد سلمان خان نے بھی اس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس فلم کو ہندوستان عیدی دے گا۔ 
 سلمان خان نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ کیا ہے اور اس میں انہوں نے فلم اور مرکزی اداکاروں کی تعریف کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے علی عباس ظفر کی بھی تعریف کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں بالی ووڈ کے دبنگ خان نے لکھا ہے کہ ’’بڑے میاں چھوٹے میاں بڑی ہٹ ہونے والی ہے، اس کے لئے اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کو بہت سی نیک خواہشات۔ ٹریلر پسند آیا اور علی (علی عباس ظفر) کو اس کے ساتھ سلطان اور ٹائیگر (ٹائیگر زندہ ہے) کا ریکارڈ توڑ دینا چاہیے۔ امید ہے کہ ہندوستان آپ کو اور آپ ہندوستان کو عیدی  دیں گے۔ ‘‘
 اس طرح سلمان خان نے اپنی پرانی فلموں کے ڈائریکٹر کی آنے والی فلم کے تعلق سے بڑی بات کہہ دی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ علی کی ہدایت کاری میں بننے والی سلمان کی سلطان اور ٹائیگر زندہ ہے بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ بڑے میاں اور چھوٹے میاں بھی وہی کمال کردکھائیں گی۔ سلمان خان نے اپنے ٹویٹ میں فلم کی تعریف کی ہے۔ 
 سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم بڑے میاں چھوٹے میاں کے بارے میں کافی وقت سے بحث ہورہی تھی۔ گزشتہ ماہ اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کر دیا گیا تھا جو کہ ایکشن سے بھرپور تھا۔ ایکشن اسٹار اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی اداکاری سے سجی اس فلم کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے اور سلمان خان نے بھی اس کی تعریف کی ہے۔ 
  سپر اسٹار سلمان خان کی پزیرائی کے بعد اس فلم کی کامیابی یقینی قرار دی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سلطان اور ٹائیگر زندہ ہے کے ہدایت کار علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کے بارے میں بھی پیشین گوئی کی ہے۔ شائقین کے مطالبے پرفلمسازوں نے اس کا ٹریلر جاری کیا تھا۔ 
 فلم بڑے میاں چھوٹے میاں پوجا انٹرٹینمنٹ کےذریعہ بنائی گئی ایکشن فلم ہے۔ فلمسازوں نے اس فلم کے ذریعہ ایکشن فلموں پر تجربہ کیا ہے۔ اس فلم نے بدھ ۱۰؍اپریل کو سنیما گھروں میں دھوم مچادی ہے۔ یہ بلاک بسٹرفلم ایکشن مناظر کی بے جوڑ مثال پیش کرتی ہے۔ ان مناظر کو دیکھ کر شائقین اپنے دانتوں تلے انگلیاں دبا دیں گے کیونکہ اس کے ہر ایک منظر پر زبردست فائٹنگ اور جنگ دکھائی گئی ہےجس میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف جدیدترین اسلحہ چلاتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔ اس فلم کے ذریعہ پروڈیوسرس نے شائقین کے سامنے ایکشن کا زبردست نمونہ پیش کیا ہے اور اسے پہلے دن بہت پزیرائی مل رہی ہے۔ 
 اس فلم میں کاروں کا سنسنی خیزتعاقب کرنا، چاقو کی شدید لڑائی، تیروں کا تیز معرکہ، متحرک لیب ایکشن سیکوئنس اور علی عباس ظفر کی جانب سے ہدایت کردہ دیگر دندان شکن اسٹنٹس سے حیران ہونے کیلئے تیار ہوجائیں۔ یہ ایک زبردست ایکشن بلاک بسٹرفلم ثابت ہوگی۔ ایکشن سے بھرپور ٹریلر کے ذریعہ اس فلم نے پہلے ہی شائقین کی توجہ مبذول کروائی ہے۔ اب فلمی شائقین آئی میکس اسکرینس پر تھری ڈی میں اسے دیکھ سکتے ہیں۔ 
  اے اے زیڈ فلمز کے اشتراک سے واشو بھگنانی اور پوجا انٹرٹینمنٹ کی طرف سے اس فلم کو پیش کیا گیا ہے، ایکشن سے بھرپورفلم علی عباس ظفر نے تحریر اور ہدایت کی ہے۔ واشو بھگنانی، دیپ شیکھا دیشمکھ، جیکی بھگنانی، ہمانشو کشن مہرا اور علی عباس ظفر کی طرف سے پروڈیوس کردہ، یہ فلم بدھ کو ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ زبان میں سنیما گھروں میں ریلیز ہوگئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK