بالی ووڈ میں ستیش شاہ کو ایسے اداکارکے طور پر یاد کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو ہنسایا اور جس کردار کو بھی نبھایا اُس میں جان ڈال دی۔
EPAPER
Updated: October 26, 2026, 1:02 PM IST | Agency | Mumbai
بالی ووڈ میں ستیش شاہ کو ایسے اداکارکے طور پر یاد کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو ہنسایا اور جس کردار کو بھی نبھایا اُس میں جان ڈال دی۔
بالی ووڈ میں ستیش شاہ کو ایسے اداکارکے طور پر یاد کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو ہنسایا اور جس کردار کو بھی نبھایا اُس میں جان ڈال دی۔ ستیش شاہ ۲۵؍جون ۱۹۵۱ءکوممبئی میںپیدا ہوئے۔ان کا اصل نام ستیش روی لال شاہ تھا۔ ان کے خاندان کاتعلق گجرات کے مانڈوی سے تھا۔ ان کے والدکا ممبئی میں چھوٹا کاروبار تھا۔ اسکول کے دنوں میں ستیش شاہ کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، بلکہ وہ کھیلوںکے شوقین تھے۔ ستیش شاہ کرکٹ اچھا کھیلتے تھے اور بیس بال میں بھی اسکول میں ان کا کافی نام تھا۔ وہ اسکول میں ہائی جمپ اور لانگ جمپ کے چیمپئن بھی رہ چکے تھے۔ زیویئر کالج میں داخلہ لینے کے بعد ستیش شاہ نے پڑھائی کے ساتھ ساتھ ڈراموں میں کام کرنا بھی جاری رکھا۔ کالج مکمل ہونے کے بعد وہ پونےمیں موجود فلم اینڈٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) سے وابستہ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’بگ باس ۲۰‘‘ سے میری کوم باہر، ساتھی کنٹسٹنٹس کوجذباتی انداز میں الوداع کہا
ستیش شاہ نے۱۹۷۲ءمیںمدھو شاہ سے شادی کی اور یہ ایک لَو میرج تھی۔ستیش شاہ نے اپنی اداکاری کےکریئر کا آغاز ۱۹۷۰ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’بھگوان پرشورام‘ سےکیا۔ وہ بعد میں ۱۹۷۸ءمیں ریلیز ہونے والی فلم اروند دیسائی کی ’عجیب کہانی‘اور ۱۹۷۹ءکی فلم ’گمن‘میں نظر آئے، لیکن اس وقت پہچان حاصل نہیں کر پائے۔۱۹۸۱ءمیںریلیز ہونے والی فلمیں ’امراؤ جان‘ اور ’البرٹ پِنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے‘ میں کام کر کے ستیش شاہ کو کچھ حد تک پہچان ملی۔ وہ ۱۹۸۲ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’شکتی‘میں امتابھ بچن اور دلیپ کمار جیسے عظیم اداکاروں کے ساتھ نظر آئے۔
۱۹۸۳ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’جانے بھی دو یارو!‘ستیش شاہ کے کریئر کے لیے اہم ثابت ہوئی۔ اس فلم کے بعد ستیش شاہ کی قسمت چمکی اور وہ فلم انڈسٹری میں مزاحیہ اداکار کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ستیش شاہ نے ۴؍ دہائیوں پر محیط کریئرمیں ۲۵۰؍سےزیادہ فلموں میں اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا اور اپنا گرویدہ بنالیا۔ستیش شاہ نے صرف فلموں میں ہی نہیں بلکہ ٹی وی کےچھوٹے پردے پر بھی اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔۱۹۸۴ءمیں دوردرشن پر نشر ہونے والی ’یہ جو ہے زندگی‘ میں ستیش شاہ ۵۵؍قسطوں میں نظر آئے اور ہر قسط میں انہوں نے ایک مختلف کردار نبھایا۔انہوں نے مشہور ٹی وی شو’گھر جمائی‘اور ’سارابھائی ورسز سارابھائی‘ میں بھی کام کر کے ناظرین کے دل جیت لیے۔
ستیش شاہ نے اپنی منفرد اداکاری اور بے مثال ٹائمنگ سے ہندی سنیما اور ٹیلی ویژن میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ چاہے فلموں میں چھوٹا کردار ہو یا ٹی وی پرطویل پرفارمنس، ہر بار انہوں نے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔ستیش شاہ نےخود کوصرف اداکاری تک محدود نہیں رکھا۔ انہوں نے’کامیڈی سرکس‘میں ارچنا پورن سنگھ کے ساتھ جج کی حیثیت سے بھی حصہ لیا۔
انہوں نے ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘،’مالا مال‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’میں ہوں نا‘، ’فنا‘، ’کل ہو نہ ہو‘،’اوم شانتی اوم‘ اور’کبھی ہاں کبھی نہ‘ جیسی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ ستیش شاہ گردے کےعارضے میں مبتلاتھے اور ان کے گردے کی پیوند کاری بھی ہوئی تھی۔ ان کا انتقال ۷۴؍برس کی عمر میں ۲۵؍ اکتوبر ۲۰۲۵ءکو ہوا۔