• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پڈیکل اور سدرشن نے انڈیا ’اے‘ کی اننگز کو سنبھالا

Updated: October 26, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Lincang

دیودت پڈیکل (ناٹ آؤٹ ۵۶) اور سائی سدرشن (ناٹ آؤٹ ۳۹) کی ۹۶؍رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی بدولت انڈیا’اے‘ نے نیوزی لینڈ’ اے‘ کیخلاف پہلے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ کے دوسرے دن واپسی کی کوشش کی۔

Devdutt Padikkal scored a half-century. Photo: INN
دیودت پڈیکل نے ہاف سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

دیودت پڈیکل (ناٹ آؤٹ ۵۶) اور سائی سدرشن (ناٹ آؤٹ ۳۹) کی ۹۶؍رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی بدولت انڈیا’اے‘ نے نیوزی لینڈ’ اے‘ کیخلاف پہلے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ کے دوسرے دن واپسی کی کوشش کی۔ نیوزی لینڈ’ اے ‘نے پہلی اننگز میں ۲۰۴؍رنوں کی مضبوط برتری حاصل کی تھی، جس کے جواب میں ہندوستان نے دوسری اننگز میں اپنے دونوں اوپنرز جلد گنوا دئیے لیکن پڈیکل اور سدرشن نے اننگز کو سنبھال لیا۔ ہندوستان اب بھی ۹۸؍رن پیچھے ہے۔

۲۰۴؍رنوں کے خسارے کے بعد دوسری اننگز شروع کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہی ۳۰؍ منٹ میں یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کے آؤٹ ہونے سے بڑا دھچکا لگا۔ جیسوال نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن چوتھے اوور کے آغاز میں سائمن کین کی شارٹ گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں راہل ہٹ وکٹ ہو گئے۔ گیند کو اسٹمپس سے ٹکرانے سے روکنے کی کوشش میں ان کا بلا آف اسٹمپ سے جا ٹکرایا۔

یہ بھی پڑھئے:ہرمن اور دیپتی کی سنچریاں، ہندوستان کی فتح

ٹیم انڈیا میںنمبر ۳؍ کی جگہ کے دعویدار پڈیکل اور سدرشن نے اس کے بعد ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو مزید نقصان سے بچایا۔ پڈیکل کو ابتدائی موقع ملنے کے بعد انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ناٹ آؤٹ نصف سنچری مکمل کی۔ سدرشن ۳۹؍ رن پر ناٹ آؤٹ ہیں اور دونوں کے درمیان ۹۶؍ رنوں کی شراکت داری قائم ہوچکی ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ’ اے‘ نے۳؍وکٹ پر ۱۳۵؍رنوں سے  اپنی اننگز آگے بڑھائی۔ کرٹس ہیفی ۷؍ رنوں کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئےجبکہ میتھیو بوئل بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد مچل ہی اور ڈین فاکس کرافٹ نے ۱۱؍ اوورز سے کم میں ۴۳؍ رن جوڑ کر اسکور ۲۰۰؍ سے آگے پہنچایا۔ فاکس کرافٹ نے نصف سنچری بنائی اور آٹھویں وکٹ کیلئے کرسچن کلارک کے ساتھ ۳۳؍رنوں کی شراکت کی۔

کلارک نے اس کے بعد فریزر شیٹ کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے ۳۴؍ اور جیک گبسن کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے ۳۲؍  رن جوڑے۔ وہ ۴۲؍ رن بنا کر بولڈ ہوئے اور نیوزی لینڈ’ اے‘ کو ۲۰۴؍ رنوں کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ہندوستان کی جانب سے عاقب نبی اور انشول کمبوج نے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK