• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان کا AskSRK سیشن؛ برجستہ جوابات سے شائقین محظوظ

Updated: October 30, 2025, 9:59 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے ایک بار پھر اپنے مخصوص مزاح اور سادگی سے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ ایکس پر منعقدہ تازہ ترین AskSRK #سیشن میں اداکار نے مداحوں کے سوالات کے دلچسپ اور محبت بھرے جواب دے کر ان کا دل جیت لیا۔

Shah Rukh Khan.Photo:INN
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این

دلوں پر نسل در نسل راج کرنے والے شاہ رخ خان نے اپنے تازہ ترینAskSRK # سیشن میں ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ’’کنگ آف وِٹ اینڈ چارم‘‘ کیوں کہلاتے ہیں۔ اداکار ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں مگر اپنی ۶۰؍ ویں سالگرہ سے قبل مداحوں کے ساتھ چند لمحے گزارنے کیلئے ایکس پر ’’آسک ایس آرکے‘‘ کا انعقاد کیا۔ 
’’دل سے‘‘ پر ردعمل:
ایک مداح نے شاہ رخ خان کی ۱۹۹۸ء کی فلم ’’دل سے‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مَیں ۱۵؍ سال کا تھا جب ’’دل سے‘‘ ریلیز ہوئی ’’چھیا چھیا‘‘ کے جادو نے ہمیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔‘‘ اس پر شاہ رخ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’’میں اپنی سالگرہ کے ہفتے میں ریلیز ہونے والی ان تمام فلموں کیلئے پرجوش ہوں۔ سبھی فلمیں دیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، آپ بھی اپنے دوستوں کو ایسا ہی کرنے کو کہیں۔ اور دل سے واقعی دل سے تھی!‘‘
’’کنگ‘‘ کے کردار پر جواب
ایک مداح نے آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ میں کردار ادا کرنے کی مانگ کی جس پر شاہ رخ نے فوراً جواب دیا:’’بالکل،justSidAnand کو آڈیشن بھیج دو، وہ بہت ملنسار ہے۔ اس نے مجھے اپنی دوسری فلم میں لیا بھائی۔ اس کا دل بہت بڑا ہے!‘‘ یہ جواب فوری طور پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے اداکار کے مزاح کی داد دی۔
’’پٹھان‘‘، ’’جوان‘‘ اور اب ’’کنگ‘‘ 
ایک اور صارف نے ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ کے مشہور مکالموں کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا’’سر! پٹھان میں کہا کُرسی کی پیٹی باندھ لو، جوان میں پٹیاں باندھ لو، اب کنگ میں کیا کرنا ہے؟‘‘ شاہ رخ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ’’اب سب کھلا چھوڑ دو!‘‘ یہ مختصر جواب چند منٹوں میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
زندگی کی ترجیحات
جب ایک مداح نے پوچھا کہ زندگی کے اس مرحلے میں ان کی ترجیحات کیا ہیں، تو شاہ رخ خان نے خلوص سے جواب دیا’’اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا، صحت مند رہنا تاکہ تفریح کر سکوں، اور عام طور پر زیادہ صبر اور محبت کرنے والا بننا۔‘‘
سلمان خان پر محبت بھرا تبصرہ
ایک مداح نے پوچھا، ’’سر، ایک لفظ سلمان خان کیلئے؟‘‘ شاہ رخ خان نے سادگی سے جواب دیا:’’بہترین بھائی، ان سے محبت کرتا ہوں۔‘‘ اس جواب پر شائقین نے دونوں سپر اسٹارز کی دیرینہ دوستی کو یاد کیا، جو ’’کرن ارجن‘‘ کے دنوں سے لے کر آج تک قائم ہے۔
منت اور مداح 
ایک مداح، جو شاہ رخ خان کی سالگرہ کیلئے ممبئی پہنچا ہے، نے ہوٹل میں کمرہ نہ ملنے پر طنزاً پوچھا کہ کیا وہ منت میں ٹھہر سکتا ہے؟ شاہ رخ نے جواب دیا ’’منت میں تو میرے پاس بھی کمرہ نہیں ہے۔ آج کل بھاڑے پر رہ رہا ہوں!!‘‘ ان کے اس جواب پر سوشل میڈیا صارفین قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:کاجول نے منیش ملہوترہ کی تعریف کی کہ وہ اداکاروں کو ان کے وزن کے متعلق کبھی کچھ نہیں کہتے

بیٹے آرین خان پر مذاق
جب ایک مداح نے آریان خان کی ہدایتکاری میں بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ کے متعلق سوال پوچھا کہ وہ کس کردار سے خود کو جوڑتے ہیں، تو شاہ رخ نے مزاحیہ انداز میں شو کے ایک منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پسندیدہ لمحہ وہی ہے جب منوج پاہوا کا کردار کہتا ہے:’’گھنٹے کا بادشاہ!‘‘ اس جواب پر مداحوں کا قہقہہ پھوٹ پڑا۔  اس دوران شاہ رخ خان نے اشارہ بھی دیا کہ وہ اس سالگرہ پر مداحوں سے ملاقات کیلئے ہمیشہ کی طرح ’’منت‘‘ ضرور آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK