• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان ورائٹی کی ۱۰۰؍ عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں واحد ہندوستانی

Updated: November 19, 2026, 4:05 PM IST | Mumbai

کنگ خان شاہ رخ نے ہالی ووڈ کے بڑے ناموں کے درمیان ۹۲؍  واں مقام حاصل، ’دیوداس‘ کو اداکار کے کریئر کی نمائندہ فلم قرار دیا گیا۔

Shah Rukh Khan. Photo: INN
شاہ رخ خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے سپراسٹار شاہ رخ خان نے عالمی سنیما میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ امریکی تفریحی جریدے ’ورائٹی‘ (Variety) کی جانب سے جاری کردہ ’دنیا کے ۱۰۰؍ عظیم ترین فلمی ستاروں‘ کی فہرست میں وہ واحد ہندوستانی اداکار ہیں۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان کو ۹۲؍ واں مقام دیا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ ہالی ووڈ اور عالمی سنیما کی کئی نامور شخصیات شامل ہیں۔ جریدے نے ان کے طویل فلمی سفر اور عالمی ثقافتی اثرات کو اس انتخاب کی بنیاد بنایا ہے۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان کے لیے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’دیوداس‘ کو ان کے کریئر کی نمائندہ فلم قرار دیا گیا ہے۔ ۲۰۰۲ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں شاہ رخ نے دیوداس مکھرجی کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں ایشوریہ رائے بچن نے پارو اور مادھوری دکشت نے چندرمکھی کا کردار نبھایا تھا۔ ’دیوداس‘ کو شاہ رخ کی اداکاری کے اہم نمونوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں محبت، محرومی اور جذباتی کشمکش کو ان کے کردار کے ذریعے پیش کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سشمتا سین حسن کی ملکہ اور حوصلے کی علامت

ورائٹی کی فہرست میں پہلی پوزیشن امریکی اداکارہ مارلن منرو کو دی گئی ہے، جبکہ ہمفری بوگارٹ دوسرے اور چارلی چپلن تیسرے مقام پر ہیں۔ جیک نکلسن چوتھے، کیتھرین ہیپ برن پانچویں، سڈنی پوئٹیر چھٹے، مارلن برانڈو ساتویں اور ٹام کروز آٹھویں نمبر پر ہیں۔ جاپانی سنیما کے معروف اداکار توشیرو میفونے نویں اور باربرا اسٹریسینڈ دسویں مقام پر ہیں۔ اس طرح فہرست میں کلاسیکی سنیما کے ستاروں کے ساتھ جدید دور کے اداکاروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ عصرِ حاضر کے اداکاروں میں جولیا رابرٹس ۱۳؍ ویں، آڈری ہیپ برن ۲۶؍  ویں، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ۷۴؍ ویں، راین گوسلنگ ۷۷؍ ویں، رابرٹ پیٹنسن ۸۳؍ ویں اور ٹموتھی شالامے ۸۶؍ ویں مقام پر ہیں۔ شاہ رخ خان نے ۹۲؍ ویں نمبر پر رہتے ہوئے جوکین فینکس، ایما اسٹون اور زندایا جیسے اداکاروں کے درمیان جگہ بنائی ہے۔ جیک نکلسن اس فہرست میں چوتھے مقام کے ساتھ سب سے بلند درجے پر موجود زندہ اداکار ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’انسائیڈ غزہ‘‘ نے مونٹریال کے سینی مینیا فلم فیسٹیول میں بہترین ڈاکیومنٹری کا ایوارڈ جیتا

شاہ رخ خان نے اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۸۰ء کی دہائی کے آخری برسوں میں ٹیلی ویژن سے کیا تھا۔ ۱۹۹۲ء میں فلم ’دیوانہ‘ کے ذریعے بڑے پردے پر قدم رکھنے کے بعد انہوں نے رومانوی، ایکشن، تھریلر اور سماجی موضوعات پر مبنی فلموں میں اپنی شناخت قائم کی۔ تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط کریئر میں وہ ۹۰؍ سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں اور دنیا بھر میں ’کنگ خان‘ اور ’بادشاہِ بالی ووڈ‘ کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۲ء کے درمیان مسلسل تجارتی ناکامیوں کے بعد ۲۰۲۳ء میں انہوں نے ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ کے ذریعے زبردست واپسی کی۔ ان کی فلموں نے ہندوستانی سنیما میں ان کی مقبولیت کے ساتھ عالمی سطح پر بھی ان کے اثر و رسوخ کو دوبارہ نمایاں کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب شاہ رخ خان کو بین الاقوامی سطح پر اس نوعیت کی شناخت ملی ہو۔ ۲۰۰۸ء میں نیوزویک نے انہیں دنیا کی ۵۰؍ بااثر شخصیات میں شامل کیا تھا، جبکہ ۲۰۲۲ء میں ایمپائر میگزین کے قارئین نے انہیں تاریخ کے ۵۰؍ عظیم ترین اداکاروں میں جگہ دی تھی۔ ۲۰۲۳ء میں ٹائم میگزین نے بھی انہیں دنیا کی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا۔ شاہ رخ خان اب سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے، جس میں ان کی بیٹی سوہانا خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی ریلیز ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو طے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK