Inquilab Logo

ششی کپور نے رومانوی ہیرو کے طورپر شناخت بنائی تھی

Updated: March 18, 2020, 11:29 AM IST | Agency | Mumbai

اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشروں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ۱۸؍ مارچ ۱۹۳۸ء کوپیدا ہونے والے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا ۔ ان کا رجحان بچپن ہی سے فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔

Shashi Kapoor - Pic : INN
ششی کپور ۔ تصویر : آئی این این

 اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشروں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ۱۸؍ مارچ ۱۹۳۸ء کوپیدا ہونے والے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا ۔ ان کا رجحان بچپن ہی سے فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔
 ششی کپور نے اپنے طویل فلمی کریئر کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔۴۰ء کے عشرے میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ ان میں ۱۹۴۸ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’آگ‘ اور ۱۹۵۱ء کی ’آوارہ‘ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔ ۵۰ء کے عشرے میں ششی اپنے والد کے تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔ اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے ہوئے برطانوی ڈراما گروپ شیکسپیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کینڈل سے ہوئی۔ وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔
 ششی کپور نے بطور اداکار باقاعدہ شروعات ۱۹۶۱ءمیں یش چوپڑہ کی فلم ’دھرم پتر‘ سے کی۔ اس کے بعد انہیں بمل رائے کی فلم ’پریم پتر‘ میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔ اس کے بعد ششی کپور نے ’مہندی لگی میرے ہاتھ‘، ’ہولی ڈے ان بامبے‘ اور ’بے نظیر‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔ ۱۹۶۵ءمیں ششی کپور کے کریئر نے اہم موڑ لیا۔اس سال ان کی فلم ’جب جب پھول کھلے‘ریلیز ہوئی۔بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔
 ۱۹۶۵ءہی میں ششی کپور کے کریئر کی ایک اور بہترین فلم ’وقت‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکار تھے۔ اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔ یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔
 ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیٖہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلمسازوں اور ہدایتکاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیٖہ کو پیش کیا۔ ۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۶ء کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔
 ۸۰ء کے عشرے میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور ’جنون‘ بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے ’کل یگ‘، ’۳۶؍چورنگی لین‘، ’وجیتا‘ اور ’اُتسو‘  وغیرہ فلمیں بھی بنائیں۔ حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔
 ۱۹۹۱ء میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے فلم ’عجوبہ‘ بنائی اور ہدایتکاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔حالانکہ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی تھی۔
 ششی کپور کے کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندہ کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔یہ جوڑی سب سے پہلے فلم ’دیوار‘ میں’ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ’ایمان دھرم‘، ’ترشول‘، ’شان‘، ’کبھی کبھی‘، ’روٹی کپڑا اور مکان‘، ’سہاگ‘، ’سلسلہ‘، ’نمک حلال‘، ’کالا پتھر‘ اور ’اکیلا‘ میں بھی کام کیا اور شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔
 ۹۰ء کے عشرے میں خرابیٔ صحت کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کر دیا تھا۔ ۱۹۹۸ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’جناح‘ ان کے کریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
  ششی کپور نے ۱۱۶؍ کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ،جبکہ ۶۱؍ فلموں میں کلیدی کردار ادا کیا ہےاور تقریباً ۵۵؍فن کاروں کے ساتھ کام کیا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’دیوار‘ میں ان کا مکالمہ ’’میرے پاس ماں ہے‘‘ ان کے مداحوں کے درمیان آج بھی مقبول ہے۔ حکومت ہند نے ۲۰۱۱ءمیں ششی کپور کو پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔ ۲۰۱۵ءمیں وہ داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفراز کئے گئے تھے۔ پرتھوی راج کپور اور راج کپور کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے وہ خاندان کے تیسرے فرد تھے۔  تقریباً ۳؍ عشروں تک ناظرین کو اپنی اداکاری سے محظوظ کرنے والے ششی کپور ۴؍ دسمبر ۲۰۱۷ء کو اس دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رخصت ہوگئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK