Inquilab Logo

ششی کپور کو رومانوی اداکار کے طور پر آج بھی یاد کیا جاتاہے

Updated: March 19, 2024, 9:36 AM IST | Agency | Mumbai

مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکارکےطورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سےتقریباً۳؍ دہائیوں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ 

Shashi Kapoor mostly acted in romantic films. Photo: INN
ششی کپور نے زیادہ تر رومانوی فلموں میں کام کیا۔ تصویر : آئی این این

مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکارکےطورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سےتقریباً۳؍ دہائیوں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ 
 ۱۸مارچ۱۹۳۸ءکو پیدا ہوئے ششی کپور کا اصل نام بلبیرراج کپورتھا۔ ان کارجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ ان کےوالد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔ ششی کپور نے اپنے طویل کریئر کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔ ۴۰ءکی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ ان میں ۱۹۴۸ءمیں ریلیزہوئی فلم آگ اور۱۹۵۱ء کی آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔ 
 ۵۰ءکی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔ اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفرپر آئے برطانوی ڈراما گروپ شیکسپیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔ وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔ ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات ۱۹۶۱ءمیں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔ اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔ 
 اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ، ہولی ڈے ان بامبے اور بےنظیرجیسی فلموں میں کام کیالیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔ ۱۹۶۵ءمیں ششی کپور کے کریئر نے اہم موڑ لیا۔ اس سال ان کی فلم جب جب پھول کھلےریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔ ۱۹۶۵ءمیں ہی ششی کپور کے کریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کےسامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسےمشہور اور بہترین اداکار تھے۔ اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنےمیں وہ کامیاب رہے۔ یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپورکی شبیہ رومانوی ہیروکی بن گئی اور فلم ساز اور ہدایت کاروں نےبیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیہ کو بھنایا۔ ۱۹۶۵ء سے ۱۹۷۶ءکے درمیان کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپورنےجن فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔ 
 ۸۰ءکی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور جنون فلم بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے کل یُگ، ۳۶؍چورنگی لین، وجیتا، اتسو وغیرہ فلمیں بھی بنائیں۔ حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔ ششی کپورنےتقریباً۲۰۰؍فلموں میں کام کیا ہے۔ ششی کپور کو فلم انڈسٹری کے سب سے اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ ۴؍ دسمبر۲۰۱۷ء کی شام ۵؍بجکر ۲۰؍منٹ پر ششی کپور نے آخری سانس لی اور دنیا سے ہمیشہ کیلئے رخصت ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK