Updated: May 16, 2026, 4:00 PM IST
| Mumbai
موسیقار Shashwat Sachdev نے ’’دھرندھر‘‘ اور ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کے ساؤنڈ ٹریکس کے ذریعے ہندوستانی میوزک انڈسٹری میں ایک نیا تجارتی سنگ میل قائم کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں فلموں کی موسیقی نے اسٹریمنگ ایکو سسٹم میں تقریباً ۳۲۵؍ کروڑ روپے کا اشتراک کیا۔
شاشوت سچدیو نے مبینہ طور پر ’’دھرندھر‘‘ اور ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کے ذریعے ہندوستانی فلمی موسیقی کی دنیا میں ایک نئی تجارتی اور ڈجیٹل کامیابی حاصل کر لی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، دونوں اسپائی تھریلر فلموں کے طاقتور اور ہائی انرجی ساؤنڈ ٹریکس نے نہ صرف فلموں کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اسٹریمنگ دور میں فلمی موسیقی کی بڑھتی ہوئی معاشی طاقت کو بھی نمایاں کیا۔ ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق، ’’دھرندھر‘‘ فرنچائز کی موسیقی نے مجموعی طور پر تقریباً ۳۲۵؍ کروڑ روپے کی اسٹریمنگ ایکو سسٹم ویلیو پیدا کی ہے، جو ہندوستانی فلمی موسیقی کے لیے ایک غیر معمولی سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاشوت سچدیو اس وقت اسپوٹیفائی انڈیا کے ٹاپ فائیو سب سے زیادہ اسٹریم ہونے والے فنکاروں میں شامل ہیں۔ ان کی موسیقی نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سامعین میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے : شاہد کپور کی ورون دھون کی’’نو انٹری ۲‘‘ میں انٹری؟
’’دھرندھر‘‘ کے ساؤنڈ ٹریک نے عالمی سطح پر بھی تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پہلا ہندوستانی فلمی البم بن گیا جس کے تمام گانے بیک وقت اسپوٹیفائی گلوبل ٹاپ ۲۰۰؍ چارٹ میں شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ، البم نے بل بورڈ چارٹس پر نمبر ون پوزیشن حاصل کی جبکہ اسپوٹیفائی گلوبل ٹاپ ڈیبیو چارٹ پر نمبر ۲؍ تک پہنچا۔ ڈجیٹل پلیٹ فارمز پر اس موسیقی کی مقبولیت کے اعداد و شمار بھی غیر معمولی قرار دیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، ’’دھرندھر‘‘ ڈوولوجی کے گانوں نے صرف چھ ماہ کے اندر یوٹیوب پر ۹۳؍ ارب ویوز اور اسپویفائی پر ۳ء۱؍ ارب اسٹریمز حاصل کیے۔ موسیقی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستانی فلمی موسیقی اب صرف مقامی نہیں رہی بلکہ عالمی اسٹریمنگ کلچر کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے : کرسٹوفر نولن کی ’’دی اوڈیسی‘‘ کا ممبئی میں شاندار پریمیر متوقع
خیال رہے کہ شاشوت سچدیو اس سے قبل ’’اڑی: دی سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ یافتہ موسیقار کے طور پر شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ وہ عالمی شہرت یافتہ موسیقار ہینس زمر کے ساتھ برطانوی سیریز ’’وردی‘‘ میں تعاون کرنے والے پہلے ہندوستانی موسیقار بھی بنے، جسے ہندوستانی موسیقی اور عالمی فلمی اسکورنگ کے درمیان ایک اہم کراس اوور لمحہ قرار دیا گیا۔ حالیہ برسوں میں شاشوت نے متعدد ہائی پروفائل پروجیکٹس پر کام کیا ہے جن میں ’’کیسری ۲‘‘، ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ اور ’’دھرندھر‘‘ فرنچائز شامل ہیں۔ انڈسٹری مبصرین کے مطابق، ’’دھرندھر‘‘ کی کامیابی نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ اب فلمی ساؤنڈ ٹریکس صرف فلم کی تشہیر کا حصہ نہیں بلکہ خود ایک بڑی تجارتی پراپرٹی بن چکے ہیں، جو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، یوٹیوب، شارٹ ویڈیو کلچر اور عالمی ڈجیٹل مارکیٹس کے ذریعے اربوں روپے کی ویلیو پیدا کر سکتے ہیں۔