ٹی وی، فلم اور تھیٹر اداکارسچن پاریکھ کا کہنا ہےکہ میں انڈسٹری میں نئی صلاحیتوں سے بھی سیکھتاہوں، میں ان سے یہی کہتاہوں کہ آپ محنت کریں، آپ کو کامیابی ضرور ملے گی۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 9:28 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
ٹی وی، فلم اور تھیٹر اداکارسچن پاریکھ کا کہنا ہےکہ میں انڈسٹری میں نئی صلاحیتوں سے بھی سیکھتاہوں، میں ان سے یہی کہتاہوں کہ آپ محنت کریں، آپ کو کامیابی ضرور ملے گی۔
تھیٹر، ٹی وی اور فلم اداکار سچن پاریکھ کو لوگ ان کے نام سے کم، چہرے اور کام سے زیادہ جانتے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۰۱ء میں اپنے کریئر کا آغاز کیاتھا۔ تھیٹر سے شروعات کرنے کے بعد وہ بیک وقت ٹی وی اورفلم انڈسٹری میں آئے اوراپنے مختلف کرداروں سے شائقین کی تفریح فراہم کی۔ انہوں نے گجراتی تھیٹرس کے لئے بھی کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عامر خان کی فلم ’پی کے ‘ اور پنکج ترپاٹھی کی فلم ’اٹل‘ میں اہم کردار اداکیا تھا۔ انہوں نے فلم ’قافلہ‘ سے اپنے کریئر کی شروعات کی تھی اور ٹی وی کے معروف کامیڈی شو ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ ‘ میں بھی نظر آئے۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ہی گجراتی اور مراٹھی فلم، ٹی وی شوز اور تھیٹرس میں کام کیاہے اور وہ بیک وقت ان سبھی شعبوں میں اپنی مہارت پیش کی ہے۔ اس وقت وہ اپنے تھیٹرس شو کو پروڈیوس کرتے ہیں۔ فی الحال زی ٹی وی کے معروف شو ’وسودھا‘ میں وہ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےممبئی سے تعلق رکھنے والے سچن پاریکھ سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کس شو میں مصروف ہیں؟
ج:میں گزشتہ ۲؍سال سے وسودھا شو میں مصروف ہوں۔ اس شوکے ۵۵۰؍ ایپی سوڈحال ہی میں مکمل ہوئے ہیں اور یہ شو بہت پسند کیا جارہا ہے۔ اس شو میں میں پرتاپ سنگھ چوہان کا رول نبھا رہا ہوں۔ پرتاپ سنگھ چوہان وسودھا کاخسر ہے، اس وجہ سے یہ بہت اہم رول ہے۔ گزشتہ ۲؍ سال سے یہ شو بہت سے سنگ میل عبور کرتا جارہا ہے اور اس کی ٹی آر پی بھی خاصی ہے۔ ٹی آر پی میں یہ شو نمبروَن ہے۔ امید کرتا ہوں کہ یہ شو اپنی کامیابی کو اسی طرح جاری رکھے گا۔
اس شو کے متوازی بھی کچھ کررہے ہیں؟
ج:اس شو کے ساتھ میں تھیٹرس میں بھی مصروف ہوں۔ میرا ایک اسٹیج شو ہے جس کا نام’اسٹینڈ اپ مسٹر کھرانہ‘ ہے۔ میں اس میں کام کرتا رہتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میری ایک فلم جولائی ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہونے والی ہے جس کانام ’انڈیا اسٹوری ‘ ہے۔ اس فلم میں کاجل اگروال اور شریاس تلپڑے مرکزی کردا ر میں نظرآئیں گے۔ اس فلم کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کرسکتا، جیسے جیسے اس کی ریلیز کی تاریخ قریب آئے گی میڈیا میں اس کے بارے میں اطلاعات آتی رہیں گی۔ ابھی جلدی ہی اس فلم کا ایک پوسٹر ریلیز کیا گیا ہے۔
کیا وسودھا میں آپ مرکزی کردار میں ہیں؟
ج: وسودھا میں میرے کیریکٹر کو مرکزی کہا جا سکتا ہے۔ میں یہ تو نہیں کہہ سکتاکہ یہ شو میری وجہ سے چل رہا ہے لیکن اس کی کامیابی میں میرا کہیں نہ کہیں تعاون ضرور ہے۔ گزشتہ ۳؍مہینوں میں اس شو کی جو ٹی آر پی بڑھی ہے اس کی وجہ میرا کیریکٹر ہے۔ اس کیریکٹر اور میرے پرفارمنس کی وجہ سے بہت سے مداح مجھ سے میسیج کے ذریعہ رابطہ کرتے رہتے ہیں۔ ان کے پیار کی وجہ سے ہی میں اس شو کو نمبروَن کی پوزیشن پر لانے میں کامیاب رہا ہوں۔ اس شو میں میری موت کے منظر نے بھی مداحوں میں تجسس پیدا کردیا تھا کہ ہمارا پسندیدہ کیریکٹر شو سے باہر ہورہا ہے لیکن شائقین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے مجھے اس شو میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ شو نئی بلندیوں کو سرکررہا ہے۔
اس کامیابی کا کریڈٹ آپ کسے دیں گے ؟
ج: اس کامیابی کیلئے میں پروڈیوسرس اور شائقین دونوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنا پیار دیا۔ میں ’وسودھا‘ کے پروڈیوسرس کا دل کی گہرایوں سے بہت زیادہ ممنون ہوں۔ میں واقعی بہت شکر گزار ہوں کیونکہ ابتدا میں پربھات کا کردار اتنا اہم نہیں تھا جتنا پچھلے ۸؍مہینوں میں بن گیا ہے اور اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ آہستہ آہستہ لوگوں کا پیار ملتا گیا۔ ساتھ ہی میکرز کو بھی احساس ہوا کہ ہمارے ساتھ ایک سینئر اداکار موجود ہےجو شو شروع ہونے کے بعد ۸؍ مہینوں تک کچھ خاص نہیں ہو رہا تھاکیونکہ یہ ایک ایڈاپٹیشن شو ہے۔ ’وسودھا‘ پہلے ہی ملیالم اور مراٹھی میں آ چکا ہے، تو اُن کے ذہن میں یہی تھا کہ ہم کردار کو اتنی ہی اہمیت دیں گے جتنی اصل شو میں تھی۔
پروڈیوسرس اورہدایتکار کا آپ کے ساتھ رویہ کیسا ہے؟
ج: پروڈیوسرس اور ہدایتکار کامیرے ساتھ بہت اچھا رویہ ہے۔ شو کے آغاز میں میرے کیریکٹر کو زیادہ اہمیت نہیں دی جارہی تھی لیکن جب انہیں احساس ہوا کہ اگر سچن ہمارے ساتھ ہیں تو کیوں نہ اُنہیں بہترین طریقے سے استعمال کیا جائے تاکہ ہم اُن سے بہترین پرفارمنس لے سکیں تو پھر پچھلے سال ستمبر اور اکتوبر میں ایک بڑی تبدیلی آئی۔ اُس کے بعد میرے کچھ ہارٹ اٹیک والےمناظر آئے۔ چندیگاجو میری بیوی کا کردار نبھا رہی ہیں، ہمارے دونوں کے درمیان ایک بہت خوبصورت رابطہ اور محبت کی کہانی بھی ساتھ ساتھ دکھائی گئی۔ اس کے بعد ڈراما اورہائی پوائنٹ ڈرامابھی آئے، ہارٹ اٹیک کے ساتھ ہی ایک دوسرے سے جدا ہونے کی باتیں بھی کہانی میں آئیں۔ وہاں سے پھر ایک نئی شروعات ہوئی، شو ایک الگ لیول پر چلا گیا، اس کے گیئر تبدیل ہو گئے۔ پھر یہ سب اور بڑھتا ہی چلا گیا کیونکہ ہم لوگ اتنی دھوپ، اتنی گرمی اور بہت مشکل حالات میں شوٹ کر رہے تھے۔ کافی محنت ہو رہی تھی، اور اُس محنت کے ساتھ ہی آڈینس کا پیار بھی بڑھتا چلا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: شادی کے چار سال بعد مؤنی رائے اور سورج نامبیار الگ ہو گئے، دوستی کا رشتہ برقرار!
آپ اپنے کردار کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے؟
ج:آج آپ کے سامنے ہماری محنت کا نتیجہ ہے۔ شائقین نے جتنا پیار اور عزت دی، وہ اسی محبت اور سب کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، میرے کردار کو ایک الگ سطح تک لے گئے اور اُس اعتماد کی وجہ سے مجھے بھی ایک اچھے اداکار کے طور پر خود کو ثابت کرنے اور ایک چیلنجنگ کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ اُس کردار میں جذبات بھی تھے، رومان بھی تھا اور تھوڑا بہت مزاح کا انداز بھی تھا، تو یہ ساری چیزیں کرنے میں شو میں بہت مزہ آ رہا ہے۔
نئی صلاحیتوں کے بارے میں آپ کا کیاکہنا ہے؟
ج:نئی صلاحیتوں کے بارے میں یہی کہاجا سکتاہے کہ وہ بہت محنتی ہیں۔ ہم بھی ان سے سیکھتے ہیں اور ہم انہیں سکھاتے بھی ہیں۔ میں اکثر نئے اداکاروں سے کہتاہوں کہ آج کے دور میں صبر رکھنا بہت ضروری ہے۔ آپ جو بھی کام دل و جان سے کرتے جائیں، ایک نہ ایک دن اُس کاصلہ آپ کو ضرور ملتا ہے۔ لیکن اس کے لیے پہلی شرط یہی ہے کہ آپ کوصبر رکھنا ہوگا۔ میں خود نئی صلاحیتوں سے سیکھتاہوں ۔ دوسروں سے بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے کیونکہ جو لوگ دوسرے شہر یا دوسرے قصبے سے ممبئی کام کرنے آتے ہیں، وہ ایک الگ ہی سطح کی تحریک دیتے ہیں۔ میں انہیں دیکھ کر تحریک حاصل کرتاہوں۔ میں یہی سوچتا ہوں کہ اگر وہ کر سکتے ہیں تو ہم بھی کر سکتے ہیں۔ کہنے کا مطلب یہی ہے کہ آج کی نسل اپنی لکیر خود بناتی ہےنوجوانوں کو یہ بھی معلوم ہےکہ اگر وہ اپنی لکیر خود بناسکتے ہیں تواسے آگے بھی لے جاسکتے ہیں۔
کیا آپ گجراتی شوز یا پلے بھی کررہے ہیں؟
ج:فی الحال میں گجراتی پلے نہیں کر رہا ہوں کیونکہ اُس کیلئے وقت نہیں مل پا رہا ہے۔ گجراتی پلے کیلئے بہت زیادہ وقت چاہئے ہوتا ہے، اور شوز کیلئے ہمیں بہت سفر بھی کرنا پڑتا ہے۔ میرے لئے یہ تھوڑا مشکل ہو جاتا ہے۔ ٹی وی انڈسٹری کا یہی مسئلہ ہے کہ آپ ایک شو میں مصروف ہوگئے تو آپ کو اس سے وابستہ رہنا پڑتاہے۔
یہ بھی پڑھئے: مَیں نے کبھی اپنی فلموں کے اسکرپٹ نہیں پڑھے: سلمان خان کا اعتراف
کیا آپ کریئر میں نئے تجربات بھی کرتے ہیں؟
ج: میں اپنے کریئر میں تجربات کرنا پسند کرتاہوں کیونکہ ایک اداکار کیلئے یہ بہت ضروری ہے۔ میں خود کو اپڈیٹ رکھتا ہوں۔ آج انڈسٹری میں اتنے برس ہوگئے ہیں لیکن چیلنجز وہی ہیں۔ ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے میں خود کو اپڈیٹ رکھتاہوں۔ میں سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتا ہوں۔ اپنے کام کے تعلق سے بھی کچھ نہ کچھ اپ لوڈکرتا رہتاہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ویڈیوز بھی بناکر اپ لوڈ کرتاہوں۔ جب ٹیکنالوجی اور اپ ڈیٹ رہنے کی بات آتی ہے تو میری بیٹی میرے لیے ایک تحریک بن کر سامنے آتی ہے۔
ورٹیکلز کے بارے میں آپ کا کیا کہناہے؟
ج:سوشل میڈیا آنے کے بعد اداکاری کے میڈیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں آرہی ہیں۔ پہلے فیس بُک اور انسٹا گرام نہیں تھا لیکن جب سے یہ آئے ہیں ان کے سوا کچھ نہیں ہے۔ یہ ورٹیکل اداکاری کیلئے نیا پلیٹ فارم ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ اسے بھی آگے تک لے جایا جائے۔ ورٹیکل کی وجہ سے نئے اداکاروں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔
انڈسٹری میں ایکٹنگ کے ساتھ کیا کرناپسند ہے؟
ج: انڈسٹری میں، میں صرف اداکاری پر ہی توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اس کیلئے ہی انڈسٹری میں آیا تھا۔ اس کے علاوہ میں دوسرا کچھ نہیں کرنا چاہتا۔ پروڈکشن کی سطح پر میں اپنا پلے خود ہی پروڈیوس کرتاہوں۔