Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی عہدیداروں کے خلاف نئے گرفتاری وارنٹ کی خبریں غلط : آئی سی سی

Updated: May 17, 2026, 10:08 PM IST | Hague

آئی سی سی نے اسرائیلی عہدیداروں کے خلاف نئے گرفتاری وارنٹ کی رپورٹ کو غلط بتایا، یہ رپورٹ آئی سی سی کے نومبر۲۰۲۴ء کے وارنٹ کے بعد سامنے آئی ہے جو نیتن یاہو اور گیلنٹ کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جاری کیے گئے تھے۔

International Criminal Court. Photo: INN
بین الاقوامی فوجداری عدالت۔ تصویر: آئی این این

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے اتوار کو کہا کہ وہ رپورٹس جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عدالت نے پانچ اسرائیلی عہدیداروں کے خلاف خفیہ گرفتاری وارنٹ جاری کیے ہیں،’’ غلط‘‘ ہیں۔ واضح رہے کہ یہ بیان اسرائیلی اخبار ہاریٹز کی رپورٹ کے بعد آیا جس میں کہا گیا تھا کہ عدالت نے تین سیاست دانوں اور دو فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔دراصل یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی جب ہیگ میں قائم عدالت نے نومبر۲۰۲۴ء میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: حماس کمانڈر عزالدین خاندان سمیت شہید

ذہن نشین رہے کہ اسرائیلی فوج نے اکتوبر۲۰۲۳ء سے غزہ میں دو سالہ جنگ کے دوران ۷۲۰۰۰؍سے زائد افراد کو قتل کیا ہے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ۱۷۳۰۰۰؍ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، فوج نے۱۰ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اپنے حملے جاری رکھے، جس کے نتیجے میں ۸۷۹؍ سے زائد افراد قتل اور ۲۵۴۰؍سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے شہری آبادی پر بمباری کرکے پوری آبادی کو بے گھر کردیا،ساتھ ہی شہری نظام کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ غزہ کی ناکہ بندی جاری رکھتے ہوئے، امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالی، اسپتالوں پر بم گرائے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ خطے میں ادویات کی قلت پیدا ہوگئی، ساتھ ہی صاف صفائی کا نظام تباہ کردیا،جو مختلف بیماری کے پھیلنے کا سبب بن رہا ہے۔ حالانکہ گزشتہ سال سے عارضی جنگ بندی نافذ ہے، لیکن اس دوران بھی اسرائیل نے عام شہریوں پر حملے جاری رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نیتن یاہو حکومت آئندہ ہفتے گرسکتی ہے،اتحادیوں کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا مطالبہ

نیتن یاہو کے انہیں جرائم کے پیش نظر بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو اور اس کے سابق وزیر کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کی پاداش میں گرفتاری وارنٹ جاری کئے تھے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK