• Fri, 16 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سدھارتھ ملہوترا باتوں سے زیادہ کام میں یقین رکھتے ہیں

Updated: January 16, 2026, 1:14 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

اداکار سدھارتھ ملہوترا جدید ہندی سنیماکی اس نسل سے تعلق رکھتےہیںجو خاموش محنت، بہتر نظم و ضبط اور آہستہ مگر پائیدار سفر پر یقین رکھتی ہے۔

Serious actor Sidharth Malhotra. Picture: INN
سنجیدہ اداکار سدھارتھ ملہوترا۔ تصویر: آئی این این
اداکار سدھارتھ ملہوترا جدید ہندی سنیماکی اس نسل سے تعلق رکھتےہیںجو خاموش محنت، بہتر نظم و ضبط اور آہستہ مگر پائیدار سفر پر یقین رکھتی ہے۔ وہ اسٹارڈم کےجنون سے زیادہ کام کی عمدگی پر  یقین کرنے والے فنکار ہیں یعنی ایک ایسے اداکار جن کی شخصیت میں وقار ہےاور جن کے انتخاب میں ٹھہراؤ۔
سدھارتھ ملہوترا کی پیدائش ۱۶؍جنوری۱۹۸۵ءکو دہلی میں ہوئی۔متوسط گھرانے میں پرورش پانے والے سدھارتھ کی زندگی ابتدا میں فلمی چکاچوند سے بہت دور تھی۔ تعلیم کے دوران ہی ان کی شخصیت میں سادگی، سنجیدگی اور خود اعتمادی جھلکتی تھی۔ ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر فلمی سیٹ کی گرد، گرمی اور خاموش مشقت کو قریب سے دیکھ چکے تھے۔ یہی وہ دور تھا جس نے انہیں سکھایا کہ کیمرے کے سامنے چمکنے سے پہلے پردے کے پیچھے پسینہ بہانا پڑتا ہے۔
ان کی فلمی پہچان۲۰۱۲ءمیںکرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘سے بنی۔ یہ فلم اگرچہ ایک لانچ پیڈ تھی، مگر سدھارتھ نے جلد ہی ثابت کر دیا کہ وہ محض خوبصورت چہرہ نہیں بلکہ کردار میں ڈھلنے کی صلاحیت رکھنے والے اداکارہیں۔ ابتدائی شہرت کے بعد انہوں نے خود کو محفوظ دائرے میں قید رکھنے کے بجائے مختلف النوع کرداروں کا انتخاب کیااور یہی ان کے کیریئر کی اصل پہچان بنی۔
فلم ’ہنسی تو پھنسی‘میں ان کا کردار ایک الجھا ہوا مگر سادہ دل نوجوان کا تھا، جسے انہوں نے نرمی اور حساسیت کے ساتھ نبھایا۔ ’ایک ولن‘میں وہ پہلی بار ایک سنجیدہ، تاریک اور جذباتی کردار میں نظر آئے، جہاں ان کی آنکھوں کی خاموشی نے مکالموں سے زیادہ اثر چھوڑا۔ یہی وہ موڑ تھا جہاں ناقدین نے تسلیم کیا کہ سدھارتھ میں اندرونی شدت اور ضبط کی اداکاری موجود ہے۔
وقت کے ساتھ انہوں نے ’کپوراینڈ سنز‘جیسی فلم میں خاندانی پیچیدگیوں اور شناخت کے بحران کو نہایت وقار کے ساتھ پیش کیا۔ ’برادرز‘ میں جسمانی محنت اور جذباتی کشمکش، ’بار بار دیکھو‘ میں رومان اور وقت کے فلسفے، اور’اِتّفاق‘ میں معمہ خیز خاموشی دیکھنے کو ملی۔ اس طرح ہر فلم میں سدھارتھ نےخود کو نئے زاویے سے آزمایا۔ حالانکہ ان کی ہر فلم سپرہٹ نہیں ہوئی لیکن انہوں نے کبھی جلدبازی یا شور شرابے کا راستہ نہیں اپنایا۔
فلم’شیرشاہ‘ان کے کریئرکی ایک اہم اور فیصلہ کن فلم ثابت ہوئی، جس میں انہوں نے کیپٹن وکرم بترا (پی وی سی) کا کردار ادا کیا۔یہ محض ایک بایوپک نہیں تھی، بلکہ ایک قومی جذبے کی کہانی تھی اور سدھارتھ نے اسےغیر معمولی سنجیدگی، احترام اور سچائی کے ساتھ جیا۔ ان کی اداکاری میں نہ مصنوعی جوش تھا، نہ دکھاوے کی بہادری، بس ایک سپاہی کا وقار، فرض شناسی اور قربانی کا احساس۔ اس فلم نے انہیں عوامی محبت کے ساتھ ساتھ تنقیدی داد بھی دلائی اور ان کے کیریئر کو ایک مضبوط ستون فراہم کیا۔سدھارتھ ملہوترا کی شخصیت اسکرین سے باہر بھی سادہ، شائستہ اور متوازن نظر آتی ہے۔ وہ تنازعات سے دور رہنے والے اداکار ہیں، جو بات کم اور کام زیادہ پر یقین رکھتے ہیں۔ فیشن کے میدان میں ان کا ذوق کلاسیکی ہےسادہ تراش خراش، نفیس رنگ، اور غیر ضروری نمائش سے پرہیز۔ یہی وصف انہیں بھیڑ میں الگ کھڑا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK