معروف اداکارہ اور گلوکارہ سلکشنا پنڈت۷۱؍ سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ انہوں نے ۱۹۷۰ء کی دہائی میں بالی ووڈ میں بطور اداکارہ اور پلے بیک سنگر شاندار کام کر کے اپنی الگ پہچان بنائی۔
EPAPER
Updated: November 07, 2025, 12:09 PM IST | Mumbai
معروف اداکارہ اور گلوکارہ سلکشنا پنڈت۷۱؍ سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ انہوں نے ۱۹۷۰ء کی دہائی میں بالی ووڈ میں بطور اداکارہ اور پلے بیک سنگر شاندار کام کر کے اپنی الگ پہچان بنائی۔
معروف اداکارہ اور پلے بیک گلوکارہ سلکشنا پنڈت، جو فلموں ’’الجھن‘‘ اور’’چہرے پہ چہرہ‘‘کیلئے مشہور تھیں، جمعرات کو انتقال کر گئیں۔ خبر رساں ادارے ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق وہ۷۱؍ سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔ سلکشنا کو ناناوتی اسپتال لے جایا جا رہا تھا جب ان کا انتقال ہوا۔
سلکشنا پنڈت کی موت کے بارے میں
ان کے بھائی للت پنڈت کے مطابق، جمعرات کی شام سلکشنا نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی۔ للت پنڈت نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا:’’وہ شام تقریباً۷؍ بجے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ انہوں نے سانس میں دشواری کی شکایت کی تھی اور کچھ بےچین لگ رہی تھیں۔ ہم انہیں ناناوتی اسپتال لے جا رہے تھے، لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ ‘‘
سلکشنا کی فلموں کے بارے میں
سلکشنا نے ۱۹۷۵ء میں فلم’’الجھن‘‘ سے اداکاری کا آغاز کیاجس میں ان کے مقابل سنجیو کمار تھے۔ انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام صفِ اول کے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں راجیش کھنہ، ششی کپور اور وِنود کھنہ شامل ہیں۔ ان کی دیگر مشہور فلموں میں ’ سَنگوچ، ہیرا پھیری، خاندان، دھرم کانتا، دو وقت کی روٹی اورگورا ‘شامل ہیں۔ انہوں نے بنگالی فلم ’’باندی‘‘ (۱۹۷۸ء) میں بھی کام کیا جس میں ان کے ساتھ اتتم کمار تھے۔
سلکشنا کے گانوں کے بارے میں
انہوں نے بطور پلے بیک سنگر بھی ایک شاندار کریئر بنایا۔ سلکشنا نے ہندی، بنگالی، مراٹھی، اوڑیا اور گجراتی سمیت کئی زبانوں میں گانے گائے۔ ان کے مشہور گانوں میں شامل ہیں :’تو ہی ساگر تو ہی کنارہ، پردیسیا تیرے دیش میں، بے قرار دل ٹوٹ گیا، سات سمندر پار، سوموار کو ہم ملے، سونا رے تجھے کیسے ملوں، یہ پیارا لگے تیرا چہرہ، جب آتی ہوگی یاد میری اوریہ پیار کیا ہے۔ ‘
سلکشنا کے خاندان کے بارے میں
وہ ہریانہ کے حصار کے ایک موسیقار گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔ معروف کلاسیکل گلوکار پنڈت جسراج ان کے چچا تھے۔ سلکشنا نے نو سال کی عمر میں گانا شروع کیا اور اپنے بھائی مندھیر کے ساتھ موسیقی کے میدان میں قدم رکھا۔ ان کے بہن بھائیوں میں جتن پنڈت، للت پنڈت اور مشہور اداکارہ وجیاتا پنڈت شامل ہیں۔