• Fri, 07 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیندبازوں نے ٹیم انڈیا کو سیریز میں برتری دلائی

Updated: November 07, 2025, 12:46 PM IST | Agency | Carrara/Australia

ہندوستان نے آسٹریلیا کو ٹی۔۲۰؍میچ میں ۴۸؍رنوں سے ہراکر دو ایک کی سبقت حاصل کر لی،واشنگٹن سندر نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں

Indian team players congratulate Axar Patel on getting the wicket. Photo: PTI
اکشر پٹیل کووکٹ لینے پر ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
 واشنگٹن سندر (۳؍رن پر ۳؍وکٹ) کی قیادت میں مضبوط گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو چوتھے ٹی۔۲۰؍میں آسٹریلیا کو ۴۸؍ رنوں سے شکست دے کر سیریز میں  دوایک کی اہم برتری حاصل کرلی۔ 
ہندوستان نے شبھ من گل (۴۶)، ابھیشیک شرما (۲۸)، شیوم دوبے (۲۲)، کپتان سوریہ کمار یادو (۲۰) اور اکشر پٹیل (۲۱؍ ناٹ آؤٹ) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ۲۰؍ اووروں میں۸؍ وکٹ پر ۱۶۷؍ رن بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم ۱۸ء۲؍ اوور میں صرف ۱۱۹؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ 
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کیلئے ۳۷؍ رن جوڑے ۔ کپتان مچل مارش نے ۳۰؍اور میتھیو شارٹ نے ۲۵؍رن بنائے۔آسٹریلیا ایک وقت ۲؍ وکٹ پر ۷۰؍ پر اچھی پوزیشن میں تھا لیکن پھر ہندوستانی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے سامنے اس نے ۴۹؍ رنوں پر اپنی آخری ۸؍ وکٹیں گنوا دیں۔ سندر نے ۳؍ جبکہ اکشر پٹیل اور شیوم دوبے نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ عرشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے ایک ایک بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اکشر پٹیل کو ناقابل شکست ۲۱؍ رن اور ۲؍ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس برتری کے ساتھ ہندوستان سیریز ہارنے کا متحمل نہیں ہو سکتا اور سیریز کو محفوظ بنانے کیلئے آخری میچ جیتنے کا ہدف رکھے گا۔ آسٹریلیا آخری میچ میں سیریز برابر کرنے کا ارادہ رکھے گا۔ 
اس سے قبل شبھ من گل (۴۶)، ابھیشیک شرما (۲۸)، شیوم دوبے (۲۲)، کپتان سوریہ کمار یادو (۲۰) اور اکشر پٹیل (۲۱؍ناٹ آؤٹ) کی شاندار بلے بازی سے ہندوستان نے جمعرات کو چوتھے ٹی۔۲۰؍ میچ میں آسٹریلیا کو جیت کیلئے۱۶۸؍  رنوںکا ہدف دیا تھا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ابھیشیک شرما اور شبھ من گل کی اوپننگ جوڑی نے ٹھوس آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے ۵۶؍ رن جوڑے۔
ایڈم زمپا نے ساتویں اوور میں ابھیشیک شرما کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ ابھیشیک شرما نے ۲۱؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۲۸؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی دوسری وکٹ ۱۲؍ویں اوور میں گری جب شیوم دوبے ناتھن ایلس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ دوبے نے ۱۸؍اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ۲۲؍ رن بنائے۔ ایلس نے اس کے بعد ۱۵؍ویں اوور میں شبھ من گل کو بولڈ کرکے ہندوستان کے اسکور کو محدود کردیا۔ شبھ من گل نے ۳۹؍ گیندوں میں ۴؍چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۴۶؍ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں زیویئر بارٹلیٹ نے سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کر دیا۔ سوریہ نے۱۰؍ گیندوں میں ۲؍ چھکے لگا کر ۲۰؍ رن بنائے۔ تلک ورما (۵)، جیتیش شرما (۳)، واشنگٹن سندر (۱۲) اور عرشدیپ سنگھ (صفر) کو آؤٹ کیا۔ ہندوستان نے مقررہ ۲۰؍اووروں میں۸؍ وکٹوں پر ۱۶۷؍ رن بنائے۔ اکشر پٹیل ۱۱؍گیندوں پر ۲۱؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ زیویئر بارٹلیٹ اور مارکس اسٹوئنس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 ہماری گیندبازی شاندارر ہی: سوریہ
 سوریہ کمار یادو نے  سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرنے کا سہرا گیند بازوں کو دیتے ہوئے کہا کہ گیند بازوں نے حالات کے مطابق  خود کو اچھی طرح ڈھل لیا۔شبھ من اور ابھیشیک نے اچھی شروعات فراہم کی اور بعد میں آنے والے تمام بلے بازوں نے اپنا  رول ادا کیا، اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ یہ ٹیم کی طرف سے مکمل ٹیم کوشش تھی۔  وکٹ  پراوس بھی تھی لیکن گیند بازوں نے حالات کے مطابق اچھی گیندبازی کی، یہ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے ۔
پلیئر آف دی میچ  اکشر پٹیل نے کہا کہ میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے گیا ۔ ساتھی بلے باز نے مجھے بتایا کہ پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے اور گیند سست رفتار سے آرہی ہے۔ میری توجہ ٹیم کی ضروریات کے مطابق کھیلنے پر ہے۔ میرے پاس کوئی ترجیحی نمبر نہیں ہے، میں صرف بولنگ کے بارے میں سوچتا ہوں۔
وہیںآسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے شکست کے بعد کہا کہ اس طرح کے تعاقب میں آپ کو اچھی پارٹنرشپ کی ضرورت تھی، اور ہمیں وہ حاصل نہیں ہوئی۔ ہندوستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ ہمارے کچھ کھلاڑی  ٹیم سے باہر تھے اور یہ اسلئے ضروری ہے کہ   بڑی سیریز(ایشیز) آنے والی ہے۔ہندوستان کیخلاف ہم آخری میچ جیتنے کی کوشش کریںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK