Inquilab Logo

اسمیتا پاٹل نے نیوز ریڈر کی حیثیت سےکریئر کا آغاز کیا تھا

Updated: December 14, 2020, 12:40 PM IST | Agency | Mumbai

ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمیتاپاٹل نے اپنی بہترین اداکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں شائقین کے درمیان اپنی خاص جگہ بنائی تھی۔

Smita Patil.Picture :INN
اسمیتا پاٹل۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمیتاپاٹل نے اپنی بہترین اداکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں شائقین کے درمیان اپنی خاص جگہ بنائی تھی۔  ۱۷؍ اکتوبر۱۹۵۵ء کو پونے شہر میں پیدا ہونے والی اسمیتا پاٹل نے اپنی تعلیم مہاراشٹر سے مکمل کی۔ ان کے والد شیواجی رائے پاٹل مہاراشٹر حکومت میں وزیرتھے جبکہ ان کی والدہ سماجی کارکن تھیں۔ کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ مراٹھی ٹیلی ویژن میں بطور  نیوز ریڈرکا  کام کرنے لگی تھیں۔ اس دوران ان کی ملاقات معروف ڈائریکٹر اور ہدایت کار شیام بینگل سے ہوئی۔ شیام بینگل ان دنوں اپنی فلم ’ چرن داس چور‘ بنانے کی تیاری کررہے تھے۔ شیام بینگل کو اسمیتا پاٹل میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ نظر آئی اور انہوں نے اپنی فلم ’چرن داس چور‘ میں اسمیتا کو ایک چھوٹا سا کردار دیا۔منتھن اور بھومیکا  میں  اسمیتا کے ساتھ نصیرالدین شاہ، شبانہ اعظمی ، امول پالیکر اور امریش پوری  جیسے مشہور اداکار ساتھ تھے۔ فلم بھومیکا سے اسمیتا پاٹل کا جو سفر شروع ہوا وہ چکر، نشانت ، آکروش ، گدھ، البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے اور مرچ مصالحہ جیسی فلموں تک جاری رہا۔ ۱۹۸۰ء میں ریلیزہونے والی فلم ’چکر‘ میں اسمیتا پاٹل نے جھونپڑی میں رہنے والی خاتون کا کردار ادا کیاتھا جس کے لئے انہیں  دوسری مرتبہ قومی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔  ۸۰ء کی دہائی میں اسمیتا پاٹل نے کمرشیل فلموں کی طرف اپنا رخ کیا اور اس دوران انہوں نے سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ’نمک حلال‘ اور ’شکتی ‘ جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا جس کے بعد اسمیتا پاٹل نے کمرشیل فلموں میں بھی کامیابی حاصل کی ۔۱۹۸۵ء میں ہندوستانی سنیما میں انہیں شاندار اداکاری کی وجہ سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ اسمیتا نے مراٹھی، گجراتی، تیلگو، بنگلہ، کنڑ اور ملیالم فلموں میں بھی  اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ اسمیتا کو عظیم فلمکار ستیہ جیت رے کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ منشی پریم چندکی کہانی پر مبنی ٹیلی فلم ’سدگتی ‘ کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اپنی  بہترین اداکاری سے  دودہائی تک ناظرین کے دلوں میں چھانے والی مہاراشٹر کی اداکارہ اسمیتا پاٹل  نے محض۳۱؍ سال کی عمر  میں ۱۳؍ دسمبر ۱۹۸۶ء کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کی موت کے بعد۱۹۸۸ءمیں ان کی فلم وارث ریلیز ہوئی جو اسمیتا پاٹل کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں سے ایک تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK