سوشل میڈیا پر کروڑوں کی دولت، لگژری گاڑیوں اور شاہانہ زندگی کی نمائش کرنے والے ٹیٹ برادرز کی حقیقت نے سب کو حیران کر دیا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ان کی دکھاوے کی دولت کا بڑا حصہ کرائے کی گاڑیوں، گھڑیوں اور دیگر عارضی آسائشوں پر مشتمل تھا۔
EPAPER
Updated: September 14, 2026, 10:51 PM IST | London
سوشل میڈیا پر کروڑوں کی دولت، لگژری گاڑیوں اور شاہانہ زندگی کی نمائش کرنے والے ٹیٹ برادرز کی حقیقت نے سب کو حیران کر دیا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ان کی دکھاوے کی دولت کا بڑا حصہ کرائے کی گاڑیوں، گھڑیوں اور دیگر عارضی آسائشوں پر مشتمل تھا۔
سوشل میڈیا پر بے پناہ دولت، مہنگی گاڑیوں، لگژری گھڑیوں اور شاہانہ طرزِ زندگی کی نمائش کرنے والے اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن ٹیٹ کے بارے میں ان کے اپنے وکلا نے عدالت میں حیران کن انکشافات کئےہیں۔ وکلا کے مطابق دونوں بھائی سوشل میڈیا پر خود کو جتنا دولت مند ظاہر کرتے تھے، حقیقت میں ان کی اس شاہانہ زندگی کا بڑا حصہ کرائے اور تشہیری سرگرمیوں پر مبنی تھا۔ امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں ٹیٹ برادرز کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں سوشل میڈیا شخصیات ہیں اور ان کا کاروباری ماڈل زیادہ سے زیادہ توجہ، ویوز اور لائکس حاصل کرنے پر منحصر ہے۔ اسی مقصد کیلئے وہ اپنی دولت اور کامیابی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے تھے۔ وکلا کے مطابق ان کی بعض انتہائی پرتعیش تصاویر اور ویڈیوز دراصل ایک کردار کا حصہ تھیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا کہ ٹرسٹن ٹیٹ کی ویڈیوز میں نظر آنے والی تقریباً ۵۰؍لاکھ اور۷۰؍ لاکھ ڈالر مالیت کی بگاٹی گاڑیاں ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ کرائے پر لی گئی تھیں۔ اسی طرح تقریباً۲۱؍ لاکھ ڈالر کی آسٹن مارٹن بھی کرائے کی تھی۔ مہنگی گھڑیوں کے حوالے سے بھی وکلا نے کہا کہ اینڈریو ٹیٹ کی گھڑیوں کے مجموعے کی مالیت ایک تیسرے فریق کی شوقیہ اشاعت کے تخمینے پر مبنی تھی۔ ٹیٹ برادرز سوشل میڈیا پر لگژری یاٹ اور دیگر مہنگی اشیا کے ساتھ بھی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہے ہیں۔ تاہم ان کے وکلا کے مطابق جس۵؍ کروڑ ڈالر مالیت کی سپر یاٹ کو ان کی دولت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، وہ بھی ان کی ملکیت نہیں تھی۔ وکلا کے مطابق دونوں بھائیوں کو اس یاٹ کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے معاوضہ دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: بگ باس ۲۰: سلمان خان نے امیدواروں کو آئینہ دکھایا، کاسٹنگ پر بھی بات کی
عدالتی دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں بھائی ایسے آن لائن کاروبار چلاتے رہے ہیں جن میں مردوں کو دولت کمانے اور مالی کامیابی حاصل کرنے کے طریقے سکھانے کا دعویٰ کیا جاتا تھا۔ اس لیے سوشل میڈیا پر خود کو انتہائی دولت مند ظاہر کرنا ان کے لیے کاروباری مفاد رکھتا تھا۔ اینڈریو ٹیٹ کے بعض سوشل میڈیا دعووں، جن میں بے پناہ کرپٹو کرنسی، نقد رقم اور آن لائن آمدنی کا ذکر شامل تھا، کے بارے میں بھی ان کے وکلا نے کہا کہ ان میں مبالغہ آرائی کی گئی تھی۔ ایک مبینہ میکسیکن پاسپورٹ کو بھی وکلا نے حقیقی سفری دستاویز کے بجائے ہالووین کے لباس کے لیے استعمال کیا گیا ایک فرضی پروپ قرار دیا۔ ٹیٹ برادرز کے وکلا کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی دولت کو ان کی حقیقی مالی حیثیت کا درست پیمانہ نہیں سمجھا جا سکتا، کیونکہ ان کی آن لائن شخصیت کا مقصد توجہ حاصل کرنا اور اسی توجہ کو آمدنی میں تبدیل کرنا تھا۔ دونوں بھائی اس وقت امریکہ میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں اور برطانوی حکام ان کی حوالگی چاہتے ہیں۔ ان کے خلاف برطانیہ میں عصمت دری، جنسی حملوں اور انسانی اسمگلنگ سمیت متعدد الزامات عائد کئےگئے ہیں، جن کی وہ تردید کرتے ہیں۔ ان کے خلاف رومانیہ میں بھی الگ قانونی کارروائیاں جاری رہی ہیں۔