Inquilab Logo

سورج بڑجاتیہ خاندانی پس منظر پرمبنی فلمیں بنانےکیلئےمشہور ہیں

Updated: February 22, 2021, 12:54 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلمساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔

Sooraj Barjatya.Picture:INN
سورج بڑجاتیہ ۔تصویر :آئی این این

بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلمساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور  دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔ ۲۲؍ فروری۱۹۶۴ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر  ۱۹۸۹ء میں ریلیز فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیاتھا۔ یہ فلم باکس آفس پر بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔  ۱۹۹۴ء میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے تعلق سے فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی بہت پسند کی گئی تھی۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے اور آل ٹائم گریٹ ہٹس  میں شمار کی گئی تھی۔ ۱۹۹۹ءمیں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ نمائش کیلئے آئی  جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹارر فلم تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، موہنش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کرداراداکئے تھے۔یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔    ۲۰۰۳ءمیں سورج بڑجاتیہ نے’میں پریم کی دیوانی‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی جو فلم ’چت چور‘ کا ری میک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی اور ناکام ہوئی۔ ۲۰۰۶ءمیں ریلیز فلم ’وِواہ‘ ان کے کریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایتکاری کرنا بند کر دیا۔ پھر۲۰۰۷ء میں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وِواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی جو فلم ’تپسیا‘ کا ری میک تھا حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ سورج بڑجاتیہ نے تقریباً ۸؍ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کے ساتھ ۲۰۱۵ء میں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے اور  اس فلم نے۲۰۰؍ کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK