Inquilab Logo

سورج بڑجاتیہ کی فلمیں خاندان کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے لائق ہوتی ہیں

Updated: February 22, 2024, 6:04 PM IST | Mumbai

گھریلو، صاف ستھری اور دل کو چھولینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔

Sooraj Barjatya with her favorite actor Salman Khan. Photo: INN
اپنے چہیتے اداکار سلمان خان کے ساتھ سورج بڑجاتیہ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو، صاف ستھری اور دل کو چھولینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔ ۲۲؍فروری ۱۹۶۴ءکو ممبئی میں پیدا ہوئے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کریئرکا آغاز بطور ڈائریکٹر۱۹۸۹ءمیں ریلیز فلم ’میں نےپیار کیا‘سے کیا تھا۔ رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ 
۱۹۹۴ءمیں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے ساتھ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔ اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔ اس فلم نےکامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور آل ٹائم گریٹ ہٹس میں شمار ہو گئی۔ ۱۹۹۹ءمیں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹارر فلم تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، مو ہنیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ 
۲۰۰۳ءمیں سورج بڑجاتیہ نے’میں پریم کی دیوانی ہوں ‘کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ریمیک تھی۔ 
اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کئے تھےلیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی۔ ۲۰۰۶ء میں ریلیز فلم ’ویواہ‘ ان کے کیریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ 
اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایت کاری کرنا بند کر دی۔ پھر ۲۰۰۷ءمیں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک ویواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’تپسیا‘ کا ریمیک تھی۔ حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ 
سورج بڑجاتیہ نےتقریباً ۸؍سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر۲۰۱۵ءمیں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے اس فلم نے۲۰۰ءکروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK