Inquilab Logo

سورج بڑجاتیہ نے گھریلو فلموں سے شائقین کےدلوں پر راج کیا

Updated: February 22, 2022, 11:49 AM IST | Agency | Mumbai

بطور فلم ساز باکس آفس پر بھی ان کی فلمیں ہٹ رہیں ،’ ہم آپ کے ہیں کون ؟‘ سے لے کر’ پر یم رتن دھوپایو‘ تک ان کا سفر کامیاب رہا

Sooraj Barjatya.Picture:INN
سورج بڑجاتیہ ۔ تصویر: آئی این این

 بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور  دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔۲۲؍فروری۱۹۶۴ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر ۱۹۸۹ء میں  ’میں نے پیار کیا‘سے کیا تھا۔رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ ۱۹۹۴ء میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے ساتھ  فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور آل ٹائم گریٹ ہٹس  میں شمار ہو گئی۔۱۹۹۹ء میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹار فلم تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، مو ہنیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کردار نبھایا تھا۔یہ فلم بھی باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ ۲۰۰۳ء میں سورج بڑجاتیہ نے’میں پریم کی دیوانی‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ریمیک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی۔ ۲۰۰۶ءمیں ریلیز فلم ’وواہ‘ ان کے کریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ا س فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایت کاری بند کر دی۔ پھر۲۰۰۷ء میں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’تپسیا‘ کا ریمیک تھی،حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ سورج بڑجاتیہ نے تقریباً ۸؍ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر۲۰۱۵ء میں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے۔اس فلم نے۲۰۰؍ کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK