Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممتا بنرجی کا اپنے کارکنوںکو اسٹرانگ روم پر پہرہ دینےکا حکم

Updated: May 01, 2026, 12:28 AM IST | Kolkata

ہدایت دی کہ گنتی کے دن پریس کانفرنس تک کوئی کارکن کاؤنٹنگ ایریا نہ چھوڑے،ووٹروںکا شکریہ ادا کیا اوردعویٰ کیا کہ اس بار ترنمول کانگریس ۲۲۶؍پار کرنےوالی ہے

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee has accused the central forces of acting like BJP agents.
مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی فورسیز پر بی جے پی ایجنٹ کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا ہے

مغربی بنگال میں ریکارڈ ووٹر کے ٹرن آؤٹ کے بعد اب نتائج کا انتظار ہے۔اس سے قبل بیشتر ایگزٹ پول میں بی جے پی کی جیت کا دعویٰ کیا گیا ہےاوراین ڈی اے کوزیادہ سیٹیں دکھائی گئی ہیں ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک دعویٰ کیا اور اعلان کیا کہ ’ماں، مٹی اور مانوش‘ (ماں، زمین اور عوام) کی حکومت ایک بار پھر بننے والی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی پارٹی۲۲۶؍ سیٹوں سے آگے نکل جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے کارکنوں کو بھی ہدایت دی کہ  وہ دن رات اسٹرانگ روم پر پہرہ دیں۔ممتا بنرجی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے عوام سے خطاب کیا، ان کا شکریہ ادا کیا اور انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے سنگین الزامات لگائے۔
 وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا’’ماں، ماٹی اورمانوش کا بہت بہت شکریہ۔ آپ سب ٹھیک رہیں اور صحت مند رہیں۔ میں آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے سخت گرمی اور مظالم کے باوجود اتنی تندہی سے ووٹ دیا ۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ میں شکرگزارہوں کہ آپ لوگوںنے نہ صرف سینٹرل فور س بلکہ یہاںکی فورسیزکے مظالم بھی برداشت کرکےاپنا کام پورا کیا ۔‘‘
 ممتا بنرجی نے کارکنوںکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جب ووٹوںکی گنتی کے دن جب تک میں پریس کانفرنس نہیں کرتی،تب تک کوئی کارکن کاؤنٹنگ ایریا کو چھوڑ کر نہ جائے ۔ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ای وی ایم میں گنتی کے بعدکمپیوٹر میں اس کا ڈیٹا صحیح لکھا جا رہا ہے یا نہیں۔ یہ ممکن ہے کہ ٹی ایم سی کے اعدادو بی جےپی میںجوڑ دئیے جائیں۔
مرکزی فورسیز بی جے پی کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں
 ممتا بنرجی کے بقول’’مرکزی حکومت کی پوری مشینری، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے لے کر بی جے پی کی حکومت والی ۱۹؍ ریاستوں کے لیڈروں تک نے بنگال کےلوگوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ میں اعلان کرتی ہوں کہ بیلٹ بکس میں ووٹ ضبط ہوگئے ہیں۔ میں پورے یقین سے کہہ رہی ہوں کہ ٹی وی پر جو کچھ دکھایا جا رہا ہے، وہ سب پیسوں کا کھیل ہے۔ میں واضح طورپر کہہ رہی ہوں۲۰۲۶ء میں ہم ۲۲۶؍سیٹوں کا نشان پار کرنے والے ہیں ۔عوام نے جس طرح ووٹ دیا ہے اس پر مجھے پورا بھروسہ ہے۔ممتا نے کہا کہ بی جےپی نے پریس کے ذریعے ایگزٹ پول کرایا ہے۔امیت شاہ کی ہدایت پر مغربی بنگال انتخابات کے دوران مرکزی فورسیز نے بی جے پی کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا ہے۔
ممتانے ایگزٹ پول کو غلط قرار دیا
 وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ۲؍ دن سے سو نہیں پائی، تمام حربے استعمال کرنے کے باوجود بی جے پی عوام کے حقوق نہیں چھین سکی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست کرنے کیلئے اس (ایگزٹ پول) کو آخری حربے کے طور پر استعمال کیا ہےکیونکہ سچ سامنے آیا تو اسٹاک مارکیٹ کریش ہو جائے گا۔ یہ اسٹاک مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ مجھے یہ بات معتبر ذرائع سے معلوم ہوئی ہے۔ پچھلے ایگزٹ پولز کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا نے کہا کہ ایگزٹ پول ۲۰۱۶ء اور۲۰۲۱ء میںبھی غلط ثابت ہوئے ہیں جب نتائج بی جے پی کے حق میں دکھائے گئے تھے۔ یہ یک طرفہ تجزیہ ہے۔ میں اپنے کارکنوں سے کہوں گی کہ آج سے اسٹرانگ روم کے باہر پہرہ دینا شروع کردیں۔ضرورت پڑی تو میں بھی اپنے علاقے میںپہرہ دوں گی ۔
ماں، ماٹی اور مانوش کی حکومت دوبارہ بنے گی
 ممتا نے کہا’’میں ایک اور بات کہوں گی کہ سب کو پُرسکون اور متحد رہنا چاہئے۔ دیدی اور بنگال کے لوگوں پر بھروسہ رکھیں۔ ہم اپنی ماں،ماٹی اور مانوش کی حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی حکومت بنائی ہے اور ہم دوبارہ حکومت بنائیں گے۔‘‘انہوں نے و زیر اعظم مودی اور امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا’’میں انتظامیہ کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ نے بی جے پی کے کہنے پر بہت کام کرلیا ، اب گنتی کے دن کسی پر ہاتھ مت ڈالنا، آپ نے لوگوں کوبہت مارا پیٹا ہے، اب نہیں، بنگال آپ کا نہیں ہے، بنگال یہاںکے ماں،ماٹی اور مانوش کا ہے۔بنگال کے لوگ باہری لوگوںکی حمایت نہیںکرتے۔بوتھ پربی جےپی کے لوگ نہیںتھے تو انہوں نے مرکزی فورسیز کواس کام پر لگا دیا اورانہوں نے بی جےپی ایجنٹ کے طورپر کام کیا ۔جب ووٹنگ جاری تھی تب وزیر اعظم نے کیوں خطاب کیا ؟کیا وہ بنگال اور یہاںکی مٹی کوجانتے ہیں؟کیا وہ شاعر نذر ل اسلام،نیتاجی ،ودیا ساگراورراجہ رام موہن کو جانتے ہیں؟ وہ کسی کو نہیںجانتے۔وہ صرف مخالفت میںمہم چلاتے ہیں۔جن لوگوں نے بی جےپی سے پیسے لئے،انہوں نے بہت غلط کیا لیکن یاد رکھیں کہ ہم آپ کے ساتھ کچھ غلط نہیںکریں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK