• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ڈان ۳‘‘ پر قیاس آرائیاں، کیا فرحان اختر خود بنیں گے ڈان؟

Updated: February 16, 2026, 9:19 PM IST | Mumbai

فرحان اختر کی فلم ’’ڈان ۳‘‘ ان دنوں خبروں میں ہے، خاص طور پر رنویر سنگھ کے مبینہ طور پر پروجیکٹ سے الگ ہونے کے بعد۔ قانونی تنازع اور کاسٹنگ سے متعلق افواہوں کے بیچ اب یہ قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں کہ فرحان اختر خود مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Ranveer Singh and Farhan Akhtar. Photo: INN
رنویر سنگھ اور فرحان اختر ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کی مشہور فرنچائز ’’ڈان ۳‘‘ ایک بار پھر خبروں میں ہے، مگر اس بار وجہ فلم کی ریلیز نہیں بلکہ اس کے گرد گردش کرتی افواہیں اور قانونی تنازعات ہیں۔ ہدایتکار اور پروڈیوسر فرحان اختر کی اس فلم کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں، خاص طور پر اس وقت جب اداکار رنویر سنگھ کے پروجیکٹ سے مبینہ طور پر الگ ہونے کی خبریں آئیں۔ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کے فلم سے باہر ہونے کے بعد ان کی جگہ کسی اور اداکار کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے مختلف نام زیرِ گردش آئے۔ بعض حلقوں میں یہ بھی کہا گیا کہ فلم کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس دوران رنویر سنگھ اور پروڈکشن ہاؤس ایکسل انٹرٹینمنٹ کے درمیان مالی معاملات پر اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ اطلاعات کے مطابق اداکار سے مبینہ مالی نقصان کی تلافی کا مطالبہ کیا گیا، جس کے بعد معاملہ قانونی رخ اختیار کرتا دکھائی دیا۔

یہ بھی پڑھئے: چیک باؤنس کیس: راج پال یادو کو دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت

اسی کشمکش کے دوران افواہیں پھیلیں کہ مرکزی کردار کے لیے شاہ رخ خان اور رتیک روشن سے رابطہ کیا گیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق نہ تو شاہ رخ خان کو باضابطہ طور پر پیشکش کی گئی اور نہ ہی رتیک روشن نے اس حوالے سے کوئی سنجیدہ بات چیت کی۔ رتیک نے اپنے نام کو غیر ضروری طور پر تنازع سے جوڑے جانے پر وضاحت بھی کی۔ ذرائع دکن کرانیکل کو بتایا کہ فرحان اختر اس فرنچائز سے دستبردار ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق ’’ڈان‘‘ فرنچائز اختر کے لیے نہایت اہم ہے اور چونکہ وہ خود اس کے پروڈیوسر اور ہدایتکار ہیں، اس لیے وہ اسے آسانی سے چھوڑنے والے نہیں۔ ذریعہ نے مزید کہا کہ ممکن ہے فرحان اختر خود ہی مرکزی کردار ادا کرنے کا فیصلہ کریں، کیونکہ کسی نئے اداکار کے لیے اس کلٹ کردار کو سنبھالنا آسان نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: پرینکا چوپڑہ کی ششی تھرور سے ملاقات، کانگریسی لیڈر نے اداکارہ کی تعریف کی

’’ڈان‘‘ فرنچائز کی پہلی دو فلموں نے باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل کی تھی اور شائقین میں اس سیریز کی خاصی مقبولیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’’ڈان ۳‘‘ کے بارے میں پھیلنے والی افواہوں نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ بار بار بدلتی خبروں اور غیر یقینی صورتحال نے فلم کے مستقبل پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اگر واقعی فرحان اختر خود ڈان کا کردار ادا کرتے ہیں تو یہ فرنچائز کے لیے ایک بڑی تبدیلی ہوگی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جرات مندانہ ہوگا، کیونکہ ڈان کا کردار پہلے ہی ایک مضبوط اور یادگار شناخت رکھتا ہے۔ تاہم بعض مداح اس تبدیلی کو ایک نئے انداز میں دیکھنے کے خواہشمند بھی ہیں۔
فی الحال ’’ڈان ۳‘‘ کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، مگر قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلم کے مستقبل، کاسٹ اور ریلیز ٹائم لائن کے بارے میں واضح تصویر تبھی سامنے آئے گی جب میکرز کی جانب سے سرکاری بیان جاری کیا جائے گا۔ تب تک مداحوں کو انتظار کرنا ہوگا کہ آیا فرحان اختر خود ڈان بنیں گے یا کسی نئے چہرے کو اس مشہور کردار کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK