• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کہانی تو وہی ہوتی ہے، اسے نئے انداز میں سنانا ہی فلم سازی ہے: آرین خان

Updated: November 19, 2026, 7:02 PM IST | Mumbai

شاہ رخ خان کے صاحبزادے آرین خان نے اپنی نیٹ فلکس سیریز ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کے تخلیقی عمل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم سازی میں اصل کمال کسی جانی پہچانی کہانی کو منفرد انداز اور نئے زاویے سے پیش کرنے میں ہے۔ وہ سیریز کے دوسرے سیزن کے ساتھ ایک اور منصوبے کی تحریر پر بھی کام کررہے ہیں۔

Aryan Khan. Photo: INN
آرین خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے اور ہدایت کار آرین خان نے اپنی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کے بارے میں کہا ہے کہ کہانیوں کے بنیادی تصورات اکثر ایک جیسے ہوتے ہیں، لیکن انہیں پیش کرنے کا انداز ہی کسی فلم ساز کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ ٹائم میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں آرین نے کہا، ’’میں خیالات کو عملی شکل دینے میں اچھا ہوں، انہیں کاغذ پر اتارنے سے لے کر ان پر عمل درآمد تک۔ کہانی تو وہی ہوتی ہے۔ اب اسے مختلف کیسے بنایا جائے، اس میں نیا رنگ کیسے بھرا جائے اور اسے کس انداز میں سنایا جائے، اصل فلم سازی یہی ہے۔‘‘ آرین کی یہ گفتگو ایسے وقت سامنے آئی ہے جب انہیں ٹائم میگزین کی پہلی ’ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا ۲۰۲۶ء‘ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں ان شخصیات کو جگہ دی گئی ہے جنہیں اپنے شعبوں میں مستقبل کی اہم آوازوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ آرین نے ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہونے والی سات اقساط پر مشتمل سیریز کے ذریعے ہدایت کاری میں قدم رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ، سلمان خان سمیت فلمی ستاروں نے خیریت دریافت کی: شرد کپور

’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ فلمی صنعت کے اندرونی معاملات، طاقت کی کشمکش، شہرت کی خواہش اور بالی ووڈ کی چمک دمک کے پیچھے چھپی حقیقتوں پر طنزیہ نظر ڈالتی ہے۔ کہانی ایک نئے اداکار آسمان سنگھ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار لکشیا نے ادا کیا۔ وہ فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرتا ہے اور اس دوران اسے مختلف رشتوں، رقابتوں اور صنعت کے پیچیدہ نظام کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیریز میں راگھو جویال، سحر بامبا، بوبی دیول، مونا سنگھ، انیا سنگھ اور منوج پہوا سمیت کئی اداکار شامل تھے، جب کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سمیت معروف شخصیات نے مختصر کرداروں میں خود کو پیش کیا۔ سیریز کو فلمی صنعت پر طنز اور اس کے اندرونی ماحول کی عکاسی کے باعث خاصی توجہ ملی۔آرین نے انٹرویو میں تصدیق کی کہ وہ سیریز کے دوسرے سیزن پر کام کررہے ہیں، اس کے ساتھ ایک اور تحریری منصوبہ بھی زیرِ تکمیل ہے۔ دوسری جانب ورائٹی انڈیا کی ستمبر ۲۰۲۶ء کی رپورٹ کے مطابق دوسرے سیزن کی شوٹنگ مارچ ۲۰۲۷ء میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جب کہ پہلے سیزن کے اہم اداکاروں کی واپسی متوقع ہے۔ تاہم نئے سیزن کی کہانی اور دیگر تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK