شہروں میں رہنے والے نہیں جانتے کہ قبائلی زندگی کیسی ہوتی ہے، وہ کن مسائل سے جوجھتے ہیں اور کس طرح اپنی زمین کے ساتھ ساتھ اپنی تہذیبی شناخت کو بچانے کی فکر میں غلطاں رہتے ہیں۔ اُن کا نعرہ ’’جل، جنگل اور جمین‘‘ (زمین)کچھ غلط بھی تو نہیں ہے مگر۔۔۔ اس ’’مگر‘‘ کے پیچھے طویل داستان ہے۔
یہ عجیب اتفاق ہے کہ قبائلی زندگی کے تعلق سے کوئی نئی کتاب مل جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ اس میں ہمارے شعور کا کوئی دخل نہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ ادھر کئی ہفتوں سے ذہن قبائلی زندگی سے الگ نہیں ہوسکا۔ اسے ذہن کا بھٹکنا بھی کہہ سکتے ہیں۔ بھٹکنے کا یہ عمل جنگل، جل اور زمین کے ساتھ ہے۔ جنگل اور زمین اپنی جگہ موجود ہیں مگر پانی مسلسل سفر میں ہے۔ مان گڑھ قتل عام کی کہانی ابھی مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ لال شیام شاہ کی کہانی سامنے آگئی۔ سدیپ ٹھاکر نے بہت محنت سے کتاب لکھی ہے۔ پیش لفظ کے طور پر ہمارے دور کے اہم تاریخ نویس رام چندر گہا کی ایک تحریر شامل ہے۔ لال شیام شاہ کا تعلق مدھیہ پردیش سے رہا ہے جس کی راجدھانی رائے پور تھی۔ مدھیہ پردیش سے نکل کر ایک نیا صوبہ چھتیس گڑھ بنا جس کی راجدھانی رائے پور ہے۔ سدیپ ٹھاکر ایک صوبے کی تقسیم کو کئی سطحوں پر دیکھتے ہیں۔ زمین پر کوئی لکیر کھینچ دی جائے تو اسے دیکھ کر زمین کی تقسیم کے ساتھ دل کی تقسیم کا خیال آتا ہے۔ زمینوں کا ٹکڑا تہذیبی زندگی میں کبھی کبھی دل کے ٹکڑے کا احساس دلاتا ہے۔ مگر یہ اس وقت ممکن ہے جب زمین کا ٹکڑا دل کی زمین بن جائے۔ ایک صوبہ کی زمین سے نکل کر جب کوئی دوسرا صوبہ تشکیل پاتا ہے تو، زمین کا جغرافیہ اپنی تبدیلی کے ساتھ کچھ کہتا بھی تو ہے۔ یہ بھی کہنا پڑتا ہے کہ نیا صوبہ پرانے صوبے میں موجود تھا۔ پرانے صوبے میں نیا صوبہ اپنی دھڑکنوں کے ساتھ اگر موجود تھا تو اسے اپنے اختصاص کی پہچان کا نام دینا چاہئے۔ اس پہچان کو پہچاننے والے ابتدا ہی میں پہچان لیتے ہیں مگر تاریخ یہ بھی کہتی ہے کہ اسے مسخ کرنے کی اور مزید دھندلا کرنے کی کوشش کی ہوتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: افسانہ: جب معاملہ رب کے سپرد کیا
سدیپ ٹھاکر نے لال شام شاہ کی زندگی اور ان کے کارناموں کو مختلف تحریری اور زبانی روایتوں کی روشنی میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ لال شیام شاہ نے خود کو ہمیشہ ایک قبائلی کی طرح پیش کیا اور وہ قبائلی زندگی کیلئے لگاتار جدوجہد کرتے رہے۔ ۱۹۵۱ء سے ۱۹۵۶ء تک انہوں نے راج ناد گاؤں کی نمائندگی آزاد امیدوار کے طور پر کی۔ ۱۹۶۲ء میں وہ پارلیمان کیلئے منتخب کیے گئے۔ سدیپ ٹھاکر نے بہت زور دے کر یہ بات لکھی ہے کہ قبائلیوں کے تعلق سے ان کے جو مطالبات تھے وہی ان کی نگاہ میں زندگی کا مقصد بھی تھے اور میلان بھی۔ وہ منتخب ہو کر آتے اور قبائلیوں کے حقوق کے سلسلے میں مایوسی ہوتی تو ریزائن کر دیتے۔ یہ ایک ایسی مثال ہے جو مشکل ہی سے جمہوری نظام میں ملے گی۔ منتخب ہونے والا امیدوار پارلیمان میں پہنچ کر عام طور پر اپنے علاقے کو بھول جاتا ہے۔ سدیپ ٹھاکر لکھتے ہیں۔ ’’میں یہ جان کر چونک گیا کہ اکتوبر ۱۹۶۰ء میں رائے پور میں ہوئے کانگریس کے اکھل بھارتیہ سمیلن کے دوران لال شیام شاہ کی قیادت میں قریب ۴۰؍ ہزار قبائلی اپنے مطالبات کے ساتھ وہاں پہنچے تھے۔ کانگریس کی جائے اجلاس کے نزدیک ہی قبائلیوں نے الگ سے ڈیرہ ڈالا تھا۔ آخر کار وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو کو ان سے ملنے آنا پڑا۔ لال شیام شاہ نے انہیں قبائلیوں سے متعلق جو مطالبات سونپے تھے ان میں ایک مطالبہ چھتیس گڑھ صوبے کے قیام سے متعلق بھی تھا۔ سدیپ ٹھاکر بار بار جنگل، جل اور زمین کا ذکر کرتے ہیں۔ وہ جنگل کے بارے میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ زندگی جنگل پر منحصر ہے۔ جل ہی جیون ہے یہ تو سب کو یاد ہے مگر جنگل پر زندگی کا انحصار ہے، اس کا براہ راست تعلق قبائلی زندگی سے ہے۔ انہوں نے لال شیام شاہ کی زندگی کو قبائلی زندگی میں پوری طرح پیوست بتایا ہے۔ جنگل پر قبائلیوں کا ہی اختیار ہونا چاہئے۔ سرکار جو منصوبے بناتی ہے اسے بغور دیکھنے کی ضرورت ہے۔ سدیپ ٹھاکر نے لال شاہ کی ایک تحریر کا اقتباس پیش کیا ہے جس میں انہوں نے جنگل کو ایک ایسا مقام بتایا ہے جہاں قبائلیوں کا استحصال ناممکن ہے۔ لال شیام شاہ کی جدوجہد اول و آخر قبائلیوں کی عزت اور افتخار کیلئے تھی، اپنا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔ کتاب میں لال شیام شاہ کے سماجی اور تہذیبی شعور کی بہت تعریف کی ہے۔ مطالبات اس وقت تک پورے نہیں ہو سکتے یا انہیں عملی جامہ پہنایا نہیں جا سکتا جب تک کہ عہدہ داروں سے بات نہ کی جائے۔ عوام کی نگاہ میں ان کی عزت کا ایک بڑا سبب ان کی زندگی کی سادگی اور سچائی تھی۔ وہ عام انسانوں کی طرح زندگی گزارنا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: بلانگنگ پرسونیا گاندھی کا اصرار
سدیپ ٹھاکر نے ایک عنوان ’’سنسد میں ایک دن‘‘ قائم کیا ہے، جس میں وہ لال شیام شاہ کے انتخابات خاص طور پر ۱۹۴۷ء کے پارلیمانی انتخاب میں کانگریس کے امیدوار وی ایم سوامی سے ہار جانے کا ذکر کیا ہے۔ جیسا کہ لکھا جا چکا ہے لال شام شاہ کا یہ نظریہ تھا کہ جمہوری طریقے سے ہی اپنی لڑائی لڑی جا سکتی ہے اور اس کے لئے انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے لڑنا ضروری ہے۔ البتہ وہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنا اپنے مطالبے کی شدت اور حرارت کو کم کرنا تصور کرتے تھے۔ سیاسی جماعتوں کے سلسلے میں ان کی رائے بہت اچھی نہیں تھی۔ وہ سمجھتے تھے کہ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے پیش نظر ایسے طبقوں کو استعمال کرتے ہیں۔ گویا بہلانا اور پھسلانا سیاست کا اور سیاسی جماعت کی بنیادی ضرورت ہے۔ پارلیمانی انتخاب ہارنے کے بعد بھی ان کا حوصلہ ٹوٹا نہیں۔ سدیپ ٹھاکر نے لال سیام شاہ کہ ایک پرچے کا ذکر کیا ہے جو انہوں نے جنوری ۱۹۵۷ء کو قبائلی سیوا منڈل کے صدر کے طور پر لکھا تھا۔ پرچے کا عنوان تھا ’’قبائلی بھائی چیت جائیے‘‘۔ خبردار ہو جائیے اور جاگ جائیے تاکہ قبائلی تہذیب کو جو خطرات لاحق ہیں ان سے مقابلہ کیا جا سکے۔ یہاں اس پرچے کے چند جملے پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ دیکھا جا سکے کہ قبائلی زندگی اور تہذیب نصف صدی کے عرصے کے بعد بھی کتنی بدلی ہے یا وہ تھوڑے فرق کے ساتھ انہی مسائل سے دوچار ہے: ’’ان لوگوں سے جن کا دھن جمع کرنا ہی مقصد ہے، ہماری خواہشات بالکل مختلف ہیں۔ ہماری اصل خواہشیں اور تمنائیں ہماری تہذیبی وحدت کی حفاظت میں ہیں۔ اب سوال ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے۔‘‘ اگر اس سوال پر بغیر کسی سیاسی نظریے کے وچار کیا جائے تو اس کا حل مشکل نہیں ہے۔ موجودہ سیاسی نظریہ ہماری ترقی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ کیا قومی سرکار نے قبائلی تہذیب کے ساتھ سیاست کو نہیں گھسیڑ دیا ہے۔‘‘ آخر میں رام چندر گہا کی یہ رائے ملاحظہ کیجئے۔ اصل آزادی کے حمایتی لال شیام شاہ نے خود کو کسی سیاسی جماعت سے باندھ کر رکھنے کو غیر عقلی مانا۔ کسی پارٹی کے ممبر نہیں تھے۔ اپنی پوری زندگی سیاسی طورپر فعال رہے۔ یہ کتاب انٹرویوز، سرکاری دستاویزوں، کتابوں اور رپورٹس پر منحصر ہے۔ تحقیق بہت احتیاط سے کی گئی ہے۔