اگر الیکشن کمیشن نے یہ سوچا تھا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ جتنی بھی دھاندلی کی جائے گی، اس پر اپوزیشن برہم ہوگا، تنازع پیدا ہوگا، عوام بھی مشتعل ہوں گے اور یہ سلسلہ دو چار ماہ بلکہ اس سے زیادہ بھی جاری رہ سکتا ہے مگر اس کے بعد اپوزیشن اور عوام دونوں کی مزاحمت اور احتجاج کی طاقت جواب دینے لگے گی جس کے نتیجے میں بے دلی اور بددلی ہی سے سہی، جو کچھ ہے اُس کو قبول کرلیا جائیگا۔
اگر الیکشن کمیشن نے یہ سوچا تھا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ جتنی بھی دھاندلی کی جائے گی، اس پر اپوزیشن برہم ہوگا، تنازع پیدا ہوگا، عوام بھی مشتعل ہوں گے اور یہ سلسلہ دو چار ماہ بلکہ اس سے زیادہ بھی جاری رہ سکتا ہے مگر اس کے بعد اپوزیشن اور عوام دونوں کی مزاحمت اور احتجاج کی طاقت جواب دینے لگے گی جس کے نتیجے میں بے دلی اور بددلی ہی سے سہی، جو کچھ ہے اُس کو قبول کرلیا جائیگا۔
اگر واقعی ایسا سوچا گیا تھا تو یہ اتنے بڑے، اہم، جمہوری اور آئینی ادارہ کا غیر ذمہ دارانہ عمل اور بڑی بھول تھی۔ چونکہ اپوزیشن، عوام، دانشوروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے ایس آئی آر میں ہونے والی دھاندلیوں کو نہایت باریکی سے اُجاگر کیا گیا اور ایک ایک بات منظر عام پر لائی گئی، حذف شدہ ناموں کی تفصیل پیش کی گئی اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن کی بے ضابطگیوں کا بھانڈا بیچ چوراہے پر کچھ اس پھوڑا گیا کہ مذکورہ ادارہ کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی، یہ الگ بات ہے کہ اب تک بھی اُس کی بدنیتی، نیک نیتی میں تبدیل نہیں ہوئی ہے۔ پہلے تو اُس نے شکایتوں کو الزامات قرار دیا اور کسی بھی شکایت کا جواب دینے کی زحمت گوارا نہیں کی جبکہ وہ قانونی طور پر عوام کو جوابدہ ہے اور اُسے جواب پوری وضاحت کے ساتھ دینا چاہئے تھا مگر جب مخالفت بڑھنے لگی، معاملہ عدالت تک پہنچا، ہر جانب سے آوازیں اُٹھنے لگیں اور ادارۂ مذکور کے پاس اپنے دفاع کیلئے کچھ نہیں رہ گیا تو اس نے تلافی ٔ مافات کی کوشش کی یعنی جو بے ضابطگیاں برتی گئی تھیں اُنہیں درست کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ اب تک الیکشن کمیشن اِتنے ’’یو ٹرن‘‘ لے چکا ہے کہ یو ٹرنس کی تعداد بتانا مشکل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لال شیام شاہ : ایک قبائلی کی کہانی
انتخابی فہرستوں کو جگہ جگہ سے اتنا اُدھیڑا گیا ہے کہ شاید اس کی اصل شکل کو پہچاننا مشکل ہوجائے۔ حیرت ہوتی ہے اور سوچنا پڑتا ہے کہ کیا ایسی دیدہ دلیری بھی ہوسکتی ہے؟ کیا قانون اور ضابطوں کا اس حد تک مذاق اُڑایا جاسکتا ہے؟ کیا الیکشن کمیشن پر جنون طاری تھا کہ ہر قیمت پر انتخابی فہرستوں کو اس طرح بنالیا جائے کہ ان کی بنیاد پر ہونے والے انتخابات سے مطلوبہ و دل پسند نتائج برآمد کئے جاسکیں؟ اگر یہ واقعی جنون طاری تھا تو کیا اسی جنون کے سبب کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داروں کو بالائے طاق رکھ دیا تھا؟ اس نے اپنے فرائض سے چشم پوشی کی مگر اس احساس کو بھی تھپکی دے کر سلا دیا کہ جب اس کی مخالفت ہوگی اور لوگ خوردبینی تجزیہ کرینگے تو ساری حقیقت سامنے آجائیگی۔
آج صورتحال یہ ہے کہ وہ چاہے کمیشن کا دفاع کرنے والے لوگ ہوں، اُن کا دل بھی غلط کو غلط کہہ رہا ہوگا۔ انتخابی فہرستوں میں غیر معمولی چھیڑ چھاڑ کے سبب بیرونی ملکوں میں وطن عزیز کی انتخابی ساکھ بھی بُری طرح مجروح ہوئی ہے۔ سابق انتخابی کمشنر بتاتے ہیں کہ کس طرح اُنہیں بیرونی ملکوں میں مدعو کیاجاتا تھا کہ آئیے اور ہمیں بتائیے کہ آپ اتنی بڑی آبادی کی پولنگ کس طرح کرواتے ہیں۔ اب یہ طلسم ٹوٹ چکا ہے۔ اس کو ٹھیک ہونے میں کافی وقت لگے گا بالکل اُسی طرح جیسے انتخابی فہرستوں کو ٹھیک ہونے میں لگے گا۔