Updated: November 19, 2026, 6:02 PM IST
| New Delhi
وزیراعظم نریندر مودی نے مقبول ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶؍ (GTA 6) کی لانچنگ کے موقع پر انسٹاگرام گرافکس کے ذریعے ۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۶ء کے درمیان ہندوستان کی معاشی، تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اجاگر کیا۔ اس پوسٹ میں معیشت، انتہائی غربت، شمسی توانائی، خلائی اسٹارٹ اپس اور کفایتی انٹرنیٹ سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے یو پی اے حکومت پر طنز بھی کیا گیا۔ گیم کے مخصوص بصری انداز میں تیار کی گئی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مقبول ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶؍ (GTA 6) کی لانچنگ کے موقع کو استعمال کرتے ہوئے گزشتہ ۱۳؍ سالوں کے دوران ہندوستان کی معاشی، بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) اور تکنیکی ترقی کو نمایاں کیا۔ انسٹاگرام پر مشہور ویڈیو گیم فرنچائز کے انداز میں تیار کئے گئے گرافکس کی ایک سیریز شیئر کرتے ہوئے مودی نے لکھا،’’ہندوستان ایک بالکل نیا کھیل کھیل رہا ہے۔‘‘ ’’جی ٹی اے ۵؍ اور ۶؍ کے درمیان ملک نے کس طرح خود کو اپ گریڈ کیا‘‘ کے عنوان سے شیئر کی گئی ان تصاویر میں ۲۰۱۳ء اور ۲۰۲۶ء کے درمیان مختلف شعبوں میں ہندوستان کی پوزیشن کا موازنہ پیش کیا گیا ہے۔ اس پوسٹ میں معاشی ترقی، غربت کی سطح، صفائی ستھرائی، قابلِ تجدید توانائی (رینیوایبل انرجی)، خلائی ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ کی قیمتوں اور دفاعی برآمدات میں آنے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ ساتھ ہی کانگریس کی قیادت والی پچھلی یو پی اے حکومت پر بھی طنز کیا گیا ہے۔ ایک گرافک میں ۲۰۱۳ء میں بھارت کی معاشی صورتحال، جب اسے نام نہاد `نازک پانچ معیشتوں میں شمار کیا جاتا تھا، کا موازنہ دنیا کی سب سے تیزی سے ابھرتی ہوئی بڑی معیشت کے طور پر اس کی موجودہ حیثیت سے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ `فریجائل فائیو‘ کی اصطلاح ۲۰۱۳ء میں مورگن اسٹینلے نے ان ابھرتی ہوئی معیشتوں کیلئے وضع کی تھی جنہیں عالمی مالیاتی حالات میں تبدیلیوں کے باعث غیر مستحکم سمجھا جاتا تھا۔ ایک اور گرافک میں حکومت کے اس دعوے کو پیش کیا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران انتہائی غربت ۲۷؍ فیصد سے کم ہو کر ۲ء۶؍ فیصد رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سینئر نائب الیکشن کمشنر منیش گرگ یوپی میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے
پوسٹ میں صفائی ستھرائی کی سہولیات میں توسیع کو بھی دکھایا گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صفائی مشن کے تحت کام کی تکمیل ۳۹؍ فیصد سے بڑھ کر ۱۰۰؍ فیصد ہو گئی ہے۔ گرافکس میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں ہندوستان کی ترقی کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شمسی توانائی کی صلاحیت ۲۰۱۳ء کے ۸۲ء۲؍ گیگا واٹ سے بڑھ کر ۲۰۲۶ء میں ۱۷۵؍ گیگا واٹ ہو گئی ہے۔ خلائی شعبے پر بھی خاص توجہ دی گئی ہے، جس میں خلائی ٹیکنالوجی کے اسٹارٹ اپس کی تعداد ایک سے بڑھ کر ۴۴۰؍ دکھائی گئی ہے اور اس ترقی کو نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ پوسٹ میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی کم قیمتوں کو بھی ایک کامیابی کے طور پر درج کیا گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈیٹا کی قیمت ۳۰۸؍ روپے فی جی بی سے کم ہو کر ۵۱ء۷؍ روپے فی جی بی رہ گئی ہے۔ دیگر اہم سنگِ میلوں میں بجلی کی فراہمی میں توسیع، دفاعی برآمد کنندہ (ڈیفنس ایکسپورٹر) کے طور پر ہندوستان کا ابھرنا اور ملک کو نکسل ازم سے پاک کرنے کی سمت پیش رفت شامل ہیں۔مودی کی یہ پوسٹ ۱۹؍ نومبر کو جی ٹی اے ۶؍ کی عالمی لانچنگ کے موقع پر سامنے آئی، جس کے ساتھ ہی ستمبر ۲۰۲۳ء میں جی ٹی اے ۵؍ کی ریلیز کے بعد سے جاری ۱۳؍ سال کا انتظار ختم ہو گیا۔ راک اسٹار گیمز کا تیار کردہ یہ نیا ورژن کھلاڑیوں کو میامی کے فرضی شہر وائس سٹی میں واپس لے جاتا ہے اور اس کے مرکزی کرداروں جیسن اور لوسیا کی کہانی بیان کرتا ہے۔ یہ گیم پلے اسٹیشن ۵؍ اور ایکس باکس سیریز X|S پر دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اعظم خان بالآخر ر ِہا، ہزاروں کی بھیڑ استقبال کو اُمڈی
اس طویل انتظار کے بعد ہونے والی ریلیز نے جی ٹی اے ۶؍ کو سال کی سب سے بڑی تفریحی لانچنگ بنا دیا ہے۔ مودی کی جانب سے شیئر کئے گئے گرافکس میں اس گیم کا مخصوص بصری انداز اور اس کا مشہور پرائس ڈاؤن فونٹ بھی استعمال کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نوجوان نسل تک پہنچنے کیلئے اکثر مقبول ثقافتی حوالوں اور سوشل میڈیا ٹرینڈز کا سہارا لیتے رہے ہیں۔ اس پوسٹ پر انسٹاگرام صارفین کی جانب سے بھی بھرپور ردعمل سامنے آیا، جہاں کچھ لوگوں نے مودی کو ’’اب تک کا سب سے کول وزیر اعظم‘‘ قرار دیا جبکہ دوسروں نے انہیں اپنا ’’پسندیدہ انفلوئنسر‘‘ اور ’’اصل تخلیق کار(کرئیٹر)‘‘ کہا۔