انہوں نے شروع میںٹیلی فون گرل، مشین گرل، ٹائپسٹ گرل اور ولیج گرل جیسی فلموں میں ورکنگ گرل کے کردار ادا کئے، ان کے ذریعہ فلموں میں تصوراتی ’آدرش واد‘ کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 3:06 PM IST | Anees Amrohi | Mumbai
انہوں نے شروع میںٹیلی فون گرل، مشین گرل، ٹائپسٹ گرل اور ولیج گرل جیسی فلموں میں ورکنگ گرل کے کردار ادا کئے، ان کے ذریعہ فلموں میں تصوراتی ’آدرش واد‘ کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔
سلوچنا روبی میئرس کی پیدائش ۱۹۰۷ء میں پونےکے ایک ایسے خاندان میں ہوئی جس کا آبائی تعلق اسرائیل سے تھا۔ وہ ہندوستانی خاموش فلموں کے زمانے کی بے حد مقبول اور ممتاز ہیروئن بنیں۔ سلوچنااپنی ہم عصر ہیروئنوں سے زیادہ معاوضہ لینے والی اور خبروں میں چھائی رہنے والی اداکارہ تھیں۔انہوں نے اپنا کریئر ایک ٹائپسٹ کے طور پر شروع کیا تھا، مگر جلد ہی اُن کو ٹیلی فون آپریٹر کا جاب مل گیا۔ اپنے ساتھیوں میں اپنی خوبصورتی اور صلاحیتوں کی وجہ سے سب کی پسندیدہ بھی تھیں۔
روبی میئرس کے فلموں میں داخل ہونے کی کہانی بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔ ایک ہدایتکار تھے موہن بھؤنانی۔ انہوںنے ایک فوٹوگراف کہیں دیکھا، جس میں ایک حسین لڑکی مراٹھی اسٹائل میں بیٹھی ہوئی تھی۔ ہدایت کار کو وہ لڑکی اور اس کے بیٹھنے کا انداز اتنا پسند آیا کہ انہوںنے اپنی فلم ’ویربالا‘ کیلئے اُس لڑکی سے رابطہ کیا۔ اس لڑکی کی ماں فلموں میں لڑکیوں کے کام کرنے کے سخت خلاف تھیں۔ بڑی مشکل سے سمجھانے بجھانے پر وہ راضی ہوئیں۔ یہ لڑکی روبی میئرس تھیں، جو بعد میں سلوچنا کے نام سے فلموں میں کافی مقبول ہوئیں۔ یہ نام بھی روبی میئرس کو ہدایتکار موہن بھؤنانی نے ہی دیا تھا۔ یہ ۱۹۲۰ء سے ۱۹۳۰ء کا درمیانی زمانہ تھا۔ اس فلم کے ساتھ ہی بعد کی ان کی فلمیں بھی خوب چلیں۔ ۱۹۷۹ء میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘
ان دنوں فلموں کا مزاج کچھ اور تھا۔ فلمیں یا تو جادوئی ہوا کرتی تھیں یا پھر مذہبی قسم کی کہانیوں پر بنتی تھیں۔ ’ستی ساوتری، شکنتلا، تارامنی اور عرب کا چاند وغیرہ جیسی فلمیں بنتی تھیں۔ ان فلموں میں عورت کے کردار کو ایک مثالی عورت کے روپ میں پیش کیا جاتا تھا جوپردے پر نیک سیرت اور گھریلوقسم کے کردار ادا کرتی تھی۔ عورت کے کسی دوسرے روپ کو پیش کرنے کیلئے فلمساز یا ہدایتکار بات چیت کرنے سے بھی کتراتے تھے۔ ایسے میں جب کچھ فلمسازوں نے اس روایت کو توڑا تو سوال پیدا ہواکہ ان نئے قسم کے کرداروں کو ادا کرنے والی اداکارائیں کہاں سے آئیں گی کیونکہ ’ستی ساوتری‘جیسی ہیروئنیں تو لیک سے ہٹ کر کچھ کرنے کو تیار ہی نہ تھیں۔ ایسے میںجو چند ہیروئنیں تیار ہوئیں، ان میں زیادہ تعداد اینگلو انڈین لڑکیوں کی تھی۔ دیگر معاملات میں اینگلو انڈین خاندان کتنے ہی ریزرو کیوں نہ ہوں مگر سماج میں لڑکیوں کے گھلنے ملنے ، ملازمت اختیار کرنے یا فیشن کے معاملے میں یہ ہندوستانی خاندان سے کہیں زیادہ ترقی پسند تھے۔
انہی دنوں اینگلو انڈین روبی میئرس عرف سلوچنا نے پہلے پہل ورکنگ گرل قسم کے کردار فلموں میں قبول کئے اور ٹیلی فون گرل، مشین گرل، ٹائپسٹ گرل اور ولیج گرل جیسی فلموں میں ہیروئن کے کردار ادا کئے۔ ان فلموں کے ذریعہ تصوراتی’ آدرش واد‘ کو توڑنے کی پوری کوشش کی گئی تھی اور اس وقت کے ہندوستانی سماج میں عورت کی سماجی، اقتصادی اور معاشرتی حالت کا جائزہ ان فلموں میں لیا گیا۔ شہری عورتوں کومردوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑا کرنے کی بات ان فلموں کے ذریعہ اُٹھائی گئی۔
سلوچنا روبی میئرس نے ورکنگ گرل کے کردار کو زندگی بخشی تھی۔ فلموںمیں آنے سے پہلے وہ خود ٹیلی فون آپریٹر تھیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے اس پیشے پر ایک فلم’ٹیلی فون گرل‘ بنی جس میں خود سلوچنا نے ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔ ان فلموں میں روبی میئرس نے لَو سین دیے، فائرنگ کی اور گھڑ سواری بھی کی۔ ’ویربالا‘ اُن کی پہلی فلم تھی جو خاموش فلم تھی۔ یہ ایک راجپوت بہادر لڑکی کی کہانی تھی۔ روبی میئرس نے ایک بار خود بتایا تھا ’’راج کپور کی فلم’بابی‘ دیکھ کر مجھے اپنی پہلی فلم ’ویربالا‘ کی بہت یاد آئی، دونوں میں صرف ایک ہی فرق محسوس کیا کہ میری فلم میں فائٹنگ شاٹ نہیں تھے۔‘‘ فلم ’ویر بالا‘ اور ’ٹیلی فون گرل‘ کی کامیابی کے بعد سلوچنا نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اُن کی اگلی کئی فلمیں، جیسے ’’علی بابا چالیس چور، وائلڈکیٹ آف بامبے، ٹائپسٹ گرل، دیا کی دیوی، پاگل پریمی، جنگل کی رانی، مادھوری، انارکلی اوراندرا ایم اے‘‘ کو بھی بڑی کامیابی ملی۔ اِن فلموں میں انہوں نے خوب کھل کر اداکاری کے جوہر دکھائے اور سوئمنگ سین کے علاوہ گھڑ سواری اور فائرنگ کے علاوہ سبھی طرح کے اسٹنٹ خود کیے جو بہت پسند کیے گئے۔ فلم ’ہیر رانجھا‘ میں اداکار ڈی بلی موریا کے ساتھ طویل بوسے کے مناظر نے فلمی دنیا میں کھلبلی مچا دی۔ اُن کے نام پر ایک فلم ’سلوچنا‘بنائی گئی۔ انہی دنوں مہاتما گاندھی کے کھادی پروگرام کی تشہیر کیلئے ایک شارٹ فلم بنائی گئی جس میں سلوچنا کی فلم ’مادھوری‘ کا ڈانس سین ڈالا گیا تھا۔ اِن سب باتوں کی وجہ سے اُن کو رومانس کی رانی اور سپنوں کی رانی جیسے ناموں سے شہرت ملتی رہی۔ ان کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ اُن کی ایک جھلک پانے کیلئے بھیڑ لگ جاتی تھی۔ انہیںاپنی فلم دیکھنے جانے کیلئے برقعے کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اُن دنوں نوجوان اُن کی تصویر کتابوں میں چھپاکر رکھتے تھے یا پھر تکیے کے نیچے رکھ کر سوتے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: جوہی چاولہ نے دوستوں کی دیکھا دیکھی مس انڈیا مقابلے میں حصہ لے لیا تھا
سلوچنا کے بارے میں ایک خاص بات یہ ہے کہ انہوںنے ’انارکلی‘ نام سے بننے والی تینوں فلموں میںکام کیا ہے جن میں سے دو میں وہ خود ہیروئن تھیں اور ایک میں (بینا رائے، پردیپ کمار) انہوں نے ماں کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ تینوں فلمیں ایک ہی کہانی کا ’ری میک‘ تھیں۔ پہلی ’انارکلی‘میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، خاموش فلموں کے دَور میں بنی تھی۔ جب وہ دوسری ’انارکلی‘ میں انارکلی کا کردار ادا کر رہی تھیں تو ہندوستانی فلموں کو بولنا آگیا تھا۔ تیسری ’انارکلی‘ فلم میں اُس دَور میں آئی جب وہ اپنے کریئر کو سنبھالنے کی کوشش میں لگی ہوئی تھیں۔’مادھوری‘ ان کی پہلی بولتی فلم تھی۔ یہ فلم امپیریل اسٹوڈیو نے بنائی تھی۔ اس فلم کے ہدایتکار نے اس وقت کہا تھا کہ اگر ان کی آواز ٹھیک ٹھاک رہی، تبھی آگے کی فلموں میں لیا جائے گا۔ فلم ’مادھوری‘ میں ان کی اداکاری کی خوب تعریف ہوئی مگر سب سے بڑی ٹریجڈی یہ ہوئی کہ وہ ہندی کا تلفظ ٹھیک طرح سے ادا نہیں کر پا رہی تھیں۔ اگر ان کے ساتھ یہ ٹریجڈی نہ ہوئی ہوتی تو وہ فلموں میں اُسی طرح چھائی رہتیں جیسے خاموش فلموں پر چھا ئی ہوئی تھیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کو اینگلو انڈین ٹائپ کے رول ہی ملنے لگے۔ کمال امروہی کی فلم ’دل اپنا اور پریت پرائی‘ میں مینا کماری ایک نرس کا کردار ادا کر رہی ہیں، وہیں ایک شفیق سی محترم خاتون ہیڈ نرس کے رول میں تھیں۔ وہ سلوچنا روبی میئرس ہی ہیں۔
بمبئی میں ایک بار سلوچنا سے میری ایک ملاقات میں انہوںنے کہا تھا کہ ’’میں اپنی آج کی حالت پر قطعاً دلگیر نہیں ہوں۔ فلم ’لفنگے‘ اور’رفتار‘ میں بھی میںنے کام کیا ہے۔ میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کام کرتی ہوں۔ حالانکہ پہلے جیسا شوق اور ولولہ اب نہیں رہا ہے۔ آج تو فلمی کاروبار’ڈمی‘ کا محتاج ہے، مگر اُس وقت تو سب کچھ ہمیں خود کرنا ہوتا تھا۔ میں کئی بار پیڑ سے کودی ہوں۔ میرے ڈانس کو لوگوں نے پسندکیا ہے۔ آج فلم اگر کامیاب ہو جاتی ہے تو اداکار اور فنکاربھی چل پڑتے ہیں اور لوگ ان کو پسند کرنے لگتے ہیں۔‘‘
اتنی عمر میں سلوچنا یہ بات کہتے ہوئے ٹھٹک رہی تھیں۔تب میں نے سوچا کہ وقت کس طرح بدلتا ہے۔ یہی سلوچنا ایک دور میں ہدایتکار اردیشر ایرانی کی فلم ’ہمارا ہندوستان‘ کے ایک سین میں طویل بوسہ دینے پر کافی دنوں تک اخبارات کی سرخیاں بنی رہی تھیں۔ یہی سلوچنا ’جولی‘ فلم میںآنٹی بنی تھیں۔ وقت کس طرح زمانہ ساز ہستیوں کو بھی تاریخ بناکر رکھ دیتے ہیں۔ اُن کے چہرے پر یہی دیکھنے کی کوشش اُس وقت میں نے کی تھی۔
۱۹۳۱ء میں فلمساز و ہدایتکار اردیشر ایرانی نے پہلی متکلم فلم ’عالم آرا‘ بنائی، تب سلوچنا کا سکہ چلتا تھا مگر اُن کے مقابلے میں اداکارہ زبیدہ اُردو اور ہندی کہیں زیادہ بہتر روانی سے بول سکتی تھیں لہٰذا ’عالم آرا‘ میں زبیدہ کو ہیروئن کے طور پر لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے سلوچنا نے ایک سال تک اُردو اور ہندی کا ٹیوشن لگایا اور متکلم فلموں کیلئے خود کو اَپ ڈیٹ کر نے کی کوشش کی لیکن لہجے کی وجہ سے مار کھا گئیں۔اُس زمانے میں وہ کسی بھی ہیرو سے دُگنا معاوضہ لیتی تھیں۔ سب سے مہنگی کار شیورلے اُن کے پاس تھی، جسے وہ خود ڈرائیو کرتی تھیں۔ بمبئی کے گورنر سے بھی زیادہ تنخواہ پانے کا فخر حاصل کرنے والی سلوچنا روبی میئرس ہندوستانی سنیما کی پہلی سپر اسٹاراداکارہ تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: کارتک آرین محنت، صبر اور خود اعتمادی کی روشن مثال
متکلم فلموں کا دَور شروع ہونے کے بعد پوری فلمی صنعت کا منظرنامہ بدلتا چلا گیا۔ آہستہ آہستہ خود اپنے نغمے گانے والی نورجہاں، خورشید اور ثریا نے فلموں میں قدم جمائے۔ سلوچنا کو جب اس تبدیلی کا احساس ہوا تو کافی دیر ہو چکی تھی۔ انہوں نے حالات سے سمجھوتہ کیا اور سائڈ رول کرنے شروع کر دیئے۔ وقت گزرنے کے ساتھ جب سائڈ رول بھی ملنے بند ہونے لگے تو انہوں نے کئی فلموں میں جونیئر آرٹسٹ والے کردار قبول کیے، مگر انہوں نے اپنی حیثیت اور وقار سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔کیمرے کے سامنے چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرکے انہوں نے اپنے وقار کو بحال رکھا اور رفتہ رفتہ گمنامی کے دھندلکے میں گم ہوتی چلی گئیں۔
سلوچنا روبی میئرس کی فلمی خدمات کے اعتراف میں ۱۹۷۹ء میں سب سے بڑے فلمی اعزاز ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ روشنیوں کی چکاچوند کم ہوتی گئی اور پھر ۱۰؍اکتوبر ۱۹۸۳ء کو حالات کی چکّی میں پستی ہوئی اپنے وقت کی فلمی دنیا کی سب سے پہلی سُپر اسٹار خاتون نے آنکھیں بند کر لیں اور ممبئی نگری کی اس جگمگاتی دنیا سے ناطہ توڑ لیا۔