• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کارتک آرین محنت، صبر اور خود اعتمادی کی روشن مثال

Updated: November 22, 2026, 2:02 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ میں ستارے تو بہت آتے ہیں، لیکن کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو اپنی محنت سے لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ کارتک آرین انہی میں سے ایک ہیں۔

Kartik Aaryan, who built his own career. Photo: INN
خود اپنا کریئر بنانے والے کارتک آرین۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں ستارے تو بہت آتے ہیں، لیکن کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو اپنی محنت سے لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ کارتک آرین انہی میں سے ایک ہیں۔ نہ ان کا تعلق کسی فلمی گھرانے سے تھا، نہ ان کے سر پر کسی بڑے پروڈیوسر کا ہاتھ تھا، پھر بھی آج وہ ہندی سینما کے سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے اداکاروں میں شمار ہوتےہیں۔ ان کی کہانی ایک عام نوجوان کے خواب، جدوجہد اور کامیابی کی کہانی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھائی واپس آؤ: مداحوں کی سلمان خان سے اپیل

کارتک آرین کا اصل نام کارتک تیواری ہے۔ وہ۲۲؍نومبر ۱۹۹۰ءکومدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ڈاکٹر منیش تیواری اور والدہ ڈاکٹر مالا تیواری، دونوں پیشے سے ڈاکٹر ہیں۔گھر کا ماحول پڑھائی لکھائی والا تھا، اس لیے یہی توقع تھی کہ کارتک بھی ڈاکٹر یا انجینئربنیںگے۔انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گوالیار کے سینٹ پال اسکول سے حاصل کی۔ بچپن سے ہی ان کے دل میں اداکار بننے کی خواہش چھپی ہوئی تھی، لیکن گھر والوں کے سامنے اس کا اظہار کرنا آسان نہیں تھا۔اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے انھوں نے ایک ترکیب نکالی۔ انھوں نے والدین سے کہا کہ وہ ممبئی میں انجینئرنگ پڑھنا چاہتے ہیں، اور اس طرح وہ ممبئی آ گئے۔ یہاںانھوں نے ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی میں بایوٹیکنالوجی میں بی ٹیک میں داخلہ لیا۔ بظاہر وہ انجینئرنگ کے طالب علم تھے، لیکن حقیقت میں ان کا زیادہ وقت کالج کی کلاسوں کے بجائے فلموں کے آڈیشن میںگزرتا تھا۔ تقریباً۳؍سال تک وہ مسلسل آڈیشن دیتے رہے اور بار بار مسترد ہوتے رہے۔ اس دوران انھوں نے کریئٹنگ کریکٹرز انسٹی ٹیوٹ سے اداکاری کی تربیت بھی لی اور ماڈلنگ شروع کی۔یہ دور ان کی زندگی کا سب سے مشکل دور تھا، کیونکہ ایک طرف پڑھائی کا دباؤ تھا اور دوسری طرف مستقبل کی بے یقینی۔ لیکن انھوں نے ہمت نہیں ہاری۔آخرکار۲۰۱۱ءمیںان کی محنت رنگ لائی۔ ہدایت کار لو رنجن کی فلم پیار کا پنچنامہ سے انھوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس فلم میں ان کا لمبا یک زبانی مکالمہ نوجوانوں میں بہت مقبول ہوااور یہی مکالمہ آگے چل کر ان کی پہچان بن گیا۔ اس کے بعد انھوں نے آکاش وانی اور کانچی جیسی فلموں میں کام کیا، لیکن یہ فلمیں انھیں وہ کامیابی نہ دے سکیں جس کی انھیں تلاش تھی۔ پیار کا پنچنامہ۲؍نے انھیں دوبارہ روشنی میں لایا، مگر اصل بڑی کامیابی ۲۰۱۸ءمیں سونو کے ٹیٹو کی سویٹی سے ملی۔ یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور کارتک راتوں رات نوجوان نسل کے پسندیدہ ہیرو بن گئے۔

یہ بھی پڑھئے: میری شہرت ہی اقرباپروری ہے: کرن جوہر کا طنز، ’پچ ٹو گیٹ رچ ۲‘ کا ٹیزر جاری

اس کامیابی کے بعد کارتک نے اپنے آپ کو صرف مزاحیہ فلموں تک محدود نہیں رکھا۔ انھوں نے لوکا چھپی اور پتی پتنی اور وہ جیسی رومانٹک کامیڈی فلموں میں اپنی مزاحیہ ٹائمنگ سے لوگوں کو ہنسایا، تو دھماکہ میں ایک سنجیدہ نیوز اینکر کے روپ میں سب کو حیران کر دیا۔ ۲۰۲۲ءمیںبھول بھلیاں۲؍میں روح بابا کا کردار ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ یہ فلم ان کی سب سے بڑی تجارتی کامیابیوں میں سے ایک بنی اور روح بابا کا کردار گھر گھر میں مشہور ہو گیا۔

۲۰۲۴ءکا سال ان کے کریئر کا سب سے یادگار سال رہا۔ کبیر خان کی فلم چندو چیمپئن میں انھوں نےملک کے پہلے پیرالمپک گولڈ میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کا کردار ادا کیا۔ اس کے لیے انھیں زی سنے کرٹکس ایوارڈ برائے بہترین اداکار بھی ملا۔حالیہ برسوں میں کارتک نے رومانٹک فلم تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری میں بھی کام کیا ہے، جبکہ آنے والی فلموں میں ناگ زیلا اور لڑاکو کا خاص طور پر انتظار کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم۱۴؍ اگست۲۰۲۶ءکو ریلیز ہونے والی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK