• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘

Updated: November 22, 2026, 2:47 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

گلوکار اور اداکارآیوشمان کھرانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے سماج میں داماد کو زیادہ مراعات حاصل ہوتی ہیں، جبکہ بہو سے خاندان کی زیادہ ذمہ داریاں نبھانے کی توقع کی جاتی ہے۔

Ayushmann Khurrana. Photo: INN
آیوشمان کھرانہ۔ تصویر: آئی این این

آیوشمان کھرانہ  ہندوستانی فلم انڈسٹری کے ان فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے روایتی ہیرو کے کرداروں سے ہٹ کر سماجی مسائل، عام لوگوں کی زندگی، مزاح، رومانس اور سنجیدہ موضوعات پر مبنی فلموں کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔ وہ اداکاری کے ساتھ گلوکاری اور ٹیلی ویژن کی میزبانی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ انہیں بچپن ہی سے تھیٹر، موسیقی اور فنونِ لطیفہ میں دلچسپی تھی۔ کالج کے زمانے میں انہوں نے کئی ڈراموں اور اسٹیج پرفارمنس میں حصہ لیا۔ تھیٹر کے اسی تجربے نے آگے چل کر ان کی اداکاری کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔  آیوشمان نے اپنے کریئر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیاتھا۔ ۲۰۰۴ء میں انہوں نے ایم ٹی وی کے مشہور رئیلیٹی شو ’’روڈیز۲‘‘میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ریڈیو جاکی کے طور پر بھی کام کیا اور بعد میں ایم ٹی وی پر ویڈیو جاکی کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی۔آیوشمان کھرانہ نے ۲۰۱۲ء میں فلم ’وکی ڈونر‘ سے بحیثیت  مرکزی اداکار بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ فلم کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی ملی اور آیوشمان کو بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔ اب جلد ہی ان کی نئی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ ریلیز ہونے والی ہے جس میں انہوں نے پریم کا کردار ادا کیاہے ۔ نمائندہ انقلاب نے آیوشمان کھرانہ سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:

سورج بڑجاتیا کی فلم میں ’پریم‘ کا کردار ادا کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟ یہ کردار آپ کے لیے کتنا خاص ہے؟

ج: جی ہاں، یہ کردار میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ پریم کا کردار میری اپنی زندگی سے کافی قریب ہے۔ یہ فلم روایتی خاندانی فلم تو ہے ہی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ روایتی خاندانی تصورات پر سوال بھی اٹھاتی ہے اور ان پر ایک نئی بحث شروع کرتی ہے۔ اس لحاظ سے اسے سورج بڑجاتیا کی  ترقی پسند فلموں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ میں بھی اسی پہلو کو اپنے کردار کے ذریعے پیش کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’میں جلد ہی ایک بین الاقوامی پروجیکٹ میں نظرآنے والا ہوں‘‘

پریم کے کردار کے لیے آپ نے کس طرح کی خصوصی تیاری کی؟

ج:میرے خیال میں خصوصی تیاری ان کرداروں کے لیے ضروری ہوتی ہے جو آپ کی اپنی شخصیت اور زندگی سے بہت مختلف ہوں۔ میں نے اس سے پہلے کئی ایسی فلمیں کی ہیں جن کے کردار میری حقیقی زندگی سے کافی مختلف تھے، مثلاً ’اندھا دھن‘، ’آرٹیکل ۱۵‘،’ڈریم گرل‘ اور’ایکشن ہیرو‘۔ ان کرداروں کے لیے مجھے خاص تیاری کرنی پڑی تھی لیکن پریم کا کردار ایسا ہے جسے ادا کرنے کے لیے کسی الگ دنیا میں جانے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ میں خود بچپن سے ایک روایتی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ میں نے مشترکہ خاندان بھی دیکھا ہے اور الگ رہنے والے خاندانوں کی زندگی بھی قریب سے دیکھی ہے۔ اپنے رشتہ داروں اور خاندان کے افراد کے ساتھ میرے تعلقات بھی ایسے ہی رہے ہیں۔ اس لیے اس کردار کی بہت سی باتیں میری اپنی زندگی اور تجربات سے جڑی ہوئی ہیں۔

سورج بڑجاتیا کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟ ان کی شخصیت میں آپ کو کون سی خوبیاں سب سے زیادہ متاثر کن لگیں؟

ج: وہ ایک  بڑے اور لیجنڈری فلم ساز ہیں۔ ہندوستان کے کامیاب ترین فلم سازوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے طویل کریئر میں بہت کم فلمیں بنائی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ محض فلمیں بنانے کی دوڑ میں شامل نہیں رہتے، بلکہ ہر فلم کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔وہ  مادیت پرست نہیں ہیں اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا پورا خاندان بھی اسی سوچ کا حامل ہے۔ وہ بہت اچھے اور انسان دوست لوگ ہیں۔ سورج جی کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ہمیشہ ایک طالب علم کی طرح رہتے ہیں اور ہر وقت کچھ نہ کچھ سیکھنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔وہ سنیما سے باہر بھی لوگوں سے بہت اچھے اخلاق اور تہذیب کے ساتھ بات کرتے ہیں۔ وہ مختلف لوگوں کو اپنی فلمیں دکھاتے ہیں، ان کی رائے لیتے ہیں اور ان کے مشوروں کو اہمیت دیتے ہیں۔ اپنی فلموں کی ایڈیٹنگ بھی خود کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرکے مجھے سیٹ پر بھی اور سیٹ سے باہر بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ اب میں ان کا پہلے سے بھی بڑا مداح بن گیا ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’کسی فلم میں شاعرہ کا کردارنبھانے کا موقع ملے تو بہت خوشی ہو گی ‘‘

کیا سورج بڑجاتیا کی شخصیت کا اثر آپ کے کردار پریم پر بھی پڑا ہے؟ کیا آپ نے ان کی عادات یا شخصیت کی کچھ باتیں اپنے کردار میں شامل کی ہیں؟

ج: میرے خیال میں سورج جی خود بھی پریم جیسے انسان ہیں۔ پریم ایک ایسا کردار ہے جو اپنے رشتوں کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وہ اپنی ذات سے پہلے اپنے خاندان اور رشتوں کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کی شخصیت بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ اگر آپ ان سے ملیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں یا ان سے گفتگو کریں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ وہ رشتوں کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے ان کی شخصیت اور پریم کے کردار میں کافی مماثلت نظر آئی۔

سورج بڑجاتیا کی فلموں میں موسیقی کو ہمیشہ خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ اس فلم میں ناظرین کو موسیقی کے حوالے سے کیا کچھ دیکھنے اور سننے کو ملے گا؟

ج: سورج بڑجاتیا کی فلموں میں موسیقی ہمیشہ سے ایک اہم جزو رہی ہے۔ اس فلم کے بھی ہمارے دو گانے بہت مقبول ہوچکے ہیں۔ موسیقی کے ذریعے فلم کا ایک خاص ماحول اور احساس پیدا ہوتا ہے۔ سورج بڑجاتیا کی تمام فلموں میں موسیقی کہانی کا ایک اہم حصہ ہوتی ہے اور یہ فلم بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔ہماری فلم میں تقریباً چھ سات گانے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ناظرین ان گانوں کو جتنا بڑے پردے پر دیکھیں گے، اتنا ہی زیادہ لطف اندوز ہوں گے۔ جب فلم کا ٹائٹل ٹریک’پریم مول‘ سامنے آیا تو ہمیں اندازہ ہوا کہ فلم کے عنوان اور موسیقی کو کس قدر اہمیت دی جارہی ہے۔یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ فلم کے ٹریلر سے پہلے ہی تین چار گانے ریلیز کیے جاچکے تھے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سورج بڑجاتیا کی فلموں میں موسیقی کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے۔

اس فلم کا انتخاب کرنے کی کیا وجہ تھی؟

ج: اس فلم میں ایک بہت دلچسپ اور نیا تصور پیش کیا گیا ہے۔ عام طور پر ہمارے معاشرے میں داماد کو زیادہ مراعات حاصل ہوتی ہیں جبکہ بہو سے خاندان کی زیادہ ذمہ داریاں نبھانے کی توقع کی جاتی ہے۔ لیکن اس فلم میں اس تصور کو بدل کر دکھایا گیا ہے۔ یہاں داماد کی ذمہ داریاں ہیں اور بہو کو زیادہ مراعات حاصل ہیں۔یہ دراصل ہمارے روایتی خاندانی نظام پر ایک سوال ہے۔ اس فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ پریم کس طرح اپنی بیوی کے لیے کھڑا ہوتا ہے اور اس کے خاندان کی ذمہ داریوں کو بھی سمجھتا ہے۔ وہ اپنے رشتوں کو اہمیت دیتا ہے اور اپنی بیوی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دوران جدوجہد طبی شعبے کا تجربہ میرے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ‘‘

آپ اکثر مختلف اور منفرد موضوعات پر مبنی فلموں کا انتخاب کرتے ہیں۔ کیا اس فلم کا موضوع بھی آپ کیلئے اسی وجہ سے خاص ہے؟

ج: جی بالکل، میں ہمیشہ ایسے موضوعات کا انتخاب کرنے کی کوشش کرتا ہوں جو عام فلموں سے مختلف ہوں اور جن میں کچھ نیا کہنے کی گنجائش موجود ہو۔ اس فلم کا موضوع بھی کافی منفرد ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سورج بڑجاتیا جیسے بڑے فلم ساز نے اس موضوع کو منتخب کیا اور اس پر فلم بنائی ہے۔ان کی فلمیں ہمیشہ خاندانوں کو جوڑنے، رشتوں کو مضبوط بنانے اور محبت کا پیغام دینے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ اس فلم میں بھی یہی کوشش کی گئی ہے کہ خاندان کے افراد ایک دوسرے کو سمجھیں اور رشتوں کی اہمیت کو پہچانیں۔ اس سے زیادہ میں فی الحال فلم کی کہانی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہوں گا۔

کیا آپ کو امید ہے کہ سورج بڑجاتیا کی یہ فلم ایک مرتبہ پھر ’پریم‘ کے کردار کے ذریعے باکس آفس پر کامیابی حاصل کرے گی؟

ج:ہمیں امید ہے کہ فلم ناظرین کو پسند آئے گی اور باکس آفس پر بھی کامیابی حاصل کریگی۔ ہم نے اپنی طرف سے ایک خوبصورت اور مختلف فلم بنانے کی کوشش کی ہے۔بالخصوص آج کے دور میں جب فلموں میں مار دھاڑ، انتقام اور ایکشن کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے، ہم نے ایک ایسی فلم بنانے کا تجربہ کیا ہے جس کا مرکزی کردار خاندان، محبت اور رشتوں کی بات کرتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ آج کے دور میں محبت، خلوص اور ایک دوسرے کے لیے احساسات کی بہت ضرورت ہے۔ اس فلم کے ذریعے ہم یہی پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ زندگی میں خاندان، محبت اور رشتوں کی اہمیت کو کبھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK