Updated: November 22, 2026, 3:06 PM IST
| Mumbai
زینت امان۱۹؍ نومبر ۱۹۵۱ء کو جرمنی میں پیدا ہوئیں ۔ ان کے والد امان اللہ خان مغل اعظم اور پاکیزہ جیسی سپر ہٹ فلموں کے مکالمہ نگارتھے۔ صرف۱۳؍سال کی عمر میں زینت کے والد کا سایہ ان کے سر سے اٹھ گیا ۔ امان اللہ کی والدہ، اختر جہاں بیگم، بھوپال کے آخری نواب حمید اللہ خان کی پہلی کزن تھیں۔
زینت امان۔ تصویر: آئی این این
زینت امان۱۹؍ نومبر ۱۹۵۱ء کو جرمنی میں پیدا ہوئیں ۔ ان کے والد امان اللہ خان مغل اعظم اور پاکیزہ جیسی سپر ہٹ فلموں کے مکالمہ نگارتھے۔ صرف۱۳؍سال کی عمر میں زینت کے والد کا سایہ ان کے سر سے اٹھ گیا ۔ امان اللہ کی والدہ، اختر جہاں بیگم، بھوپال کے آخری نواب حمید اللہ خان کی پہلی کزن تھیں۔
زینت کی والدہ انہیں جرمنی لے گئیں۔ تقریباً ۵؍ سال جرمنی میں رہنے کے بعد۱۸؍ سال کی عمر میں زینت ممبئی آ گئیں اور سینٹ زیویئر کالج سے گریجویشن مکمل کی۔ مزید تعلیم کیلئے امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں داخلہ لیا۔زینت نے اپنے کریئر کا آغاز بطور صحافی مشہور میگزین ’فیمینا‘ سے کیا تھا لیکن جلد ہی وہ ماڈلنگ کے میدان میں چلی گئیں۔۱۹۷۰ء میں زینت نے فیمنا مس انڈیا مقابلے میں حصہ لیا جہاں وہ دوسری پوزیشن پر آئیں اور’فرسٹ پرنسز‘ کا خطاب پایا۔ اس کے بعد انہوں نے مس ایشیا پیسیفک انٹرنیشنل مقابلہ جیتا، اور ایک ہی وقت میں دونوں خطابات رکھنے والی پہلی خاتون بنیں۔
یہ بھی پڑھئے: کارتک آرین محنت، صبر اور خود اعتمادی کی روشن مثال
۱۹۷۰ء کی دہائی میں فلمی میگزین سنے بلٹز کا پہلا شمارہ زینت امان کی تصویر سے مزین تھا۔ زینت کو بڑی کامیابی۱۹۷۱ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ سے ملی۔ انہوں نے فلم میں دیو آنند کی بہن کا کردار ادا کیا تھا، اس کیلئے انہوں نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ ۱۹۷۳ء میں انہوں نے ’ہیرا پنا‘ اور ناصر حسین کی فلم ’یادوں کی بارات‘ میں کام کیا، جسے فلمی ماہرین نے’پہلی خالص بالی ووڈ فلم‘ قرار دیا۔ فلم بہت بڑی کامیاب تھی اور گانے ’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو‘ میں ان کی کارکردگی نے انہیں بےحد مقبول کر دیا۔اسی سال فلم ’دھند‘ میں انہوں نے سنجے خان اور ڈینی کے ساتھ کام کیا۔ یہ فلم اگاتھا کرسٹی کے ناول سے متاثر تھی اور تجارتی طور پر کامیاب رہی۔
۱۹۷۴ء میں انہوں نے منوج کمار کی فلم ’روٹی کپڑا اور مکان‘ میںایک موقع پرست عورت کا کردار نبھایا۔ اسی برس انہوں نے دیو آنند کے ساتھ ’پریم شاستر‘ اور ’عشق عشق عشق‘ میں بھی کام کیا۔۱۹۷۵ء میں انہوں نے ایک قاتلہ کا کردار فلم ’وارنٹ‘ میں اور’چوری میرا کام‘ فلم میں میں شرمیلی کر دار ادا کیا۔ یہ دونوں فلمیں کامیاب رہیں۔
۱۹۷۸ء میں زینت کو عظیم شو مین راج کپور کی فلم’ستیم شیوم سندرم‘ میں کام کرنے کا موقع ملا ۔ فلم کے کچھ مناظر میں ان کی اداکاری پر خوب تنقید ہوئی۔ اگرچہ یہ فلم ٹکٹ ونڈو پر ناکام رہی لیکن فلم شائقین کی نظر میں یہ زینت امان کے سنیما کریئر کی بہترین فلم ہے۔ انہیں پہلی بار اس فلم کیلئے بطور بہترین اداکارہ فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایونجرز اور ڈون سے ٹکرانے کو تیار، شاہ رخ کی فلم سے نہیں: سلمان خان
۱۹۷۸ء میں ریلیز ہونے والی فلم’ڈان‘ ان کے کریئر کیلئے ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس میں زینت امان نے اپنی شبیہ بدل دی اور پہلی بار ایکشن سے بھرپور کردار ادا کیا ۔اسی دہائی میں زینت امان پر صرف گلیمرس کردار ادا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا لیکن۱۹۸۰ء میںفلم ’انصاف کا ترازو‘ میں سنجیدہ کردار ادا کر کےانہوں نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے ۔اسی سال ان کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’قربانی‘ ریلیز ہوئی۔امیتابھ اور زینت نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے ۔ ہیما مالنی کے علاوہ ، زینت ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے راج کپور ، دیوآنند ، امیتابھ بچن ، منوج کمار ، دھرمیندر ، راجیش کھنہ ، جیتندراور ششی کپور جیسے بڑے ہیروز کے ساتھ کام کیا ۔ ۱۹۷۸ء میں انہوں نے سنجے خان سے شادی کی لیکن وہ زیادہ دن نہیں نبھ سکی،اس کے بعد ۱۹۸۵ء میں انہوں نے مظہر خان سے شادی کرلی۔اپنے ۵؍ دہائی طویل کریئر میں تقریباً۹۰؍فلموں میں کام کیا ہے ۔