Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنیل گروور کی جاوید اختر کی مِمکری وائرل، اسکرین ایوارڈز میں محفل لوٹ لی

Updated: April 07, 2026, 7:03 PM IST | Mumbai

سنیل گروور نے اسکرین ایوارڈز ۲۰۲۶ء میں جاوید اختر کی شاندار مِمکری کر کے ایک بار پھر انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔ ان کے لائیو پرفارمنس نے نہ صرف حاضرین کو قہقہوں پر مجبور کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی زبردست پذیرائی حاصل کی۔

Sunil Grover compliments Javed Akhtar at the Screen Awards while Javed Akhtar is enjoying his style. Photo: INN
اسکرین ایوارڈز میں سنیل گروور جاوید اختر کی ممکری کرتے ہوئے جبکہ جاوید اختر ان کے انداز سے محظوظ ہورہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اسکرین ایوارڈز ۲۰۲۶ء کی تقریب میں سنیل گروور نے اپنی بے مثال مِمکری سے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ کامیڈی کے میدان کے سب سے منفرد فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس بار انہوں نے لیجنڈری شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر کا انداز اپنایا،اور وہ بھی ان کی موجودگی میں۔ اسٹیج پر آتے ہی گروور نے ہلکے پھلکے انداز میں معذرت کرتے ہوئے آغاز کیا، جس نے فوراً ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ پھر وہ مکمل طور پر کردار میں ڈھل گئے اور اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’میں پڑھتے پڑھتے کتاب میں گھس گیا تھا… میں ہوں جاوید اطہر‘‘،جس پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

انہوں نے مزید مزاحیہ رنگ بھرتے ہوئے سامعین میں بیٹھے جاوید اختر سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’’آپ کس نمبر کے جاوید ہیں؟ میں اٹھہتروے نمبر کا جاوید ہوں۔‘‘ کیمرے نے اس لمحے میں اختر کو مسکراتے اور لطف اندوز ہوتے ہوئے دکھایا، جبکہ ان کے ساتھ بیٹھے راج ببر بھی زور زور سے ہنستے نظر آئے۔ پرفارمنس کے دوران فرح خان بھی اسٹیج پر آئیں اور گروور کو ’’جاوید چچا‘‘ کہہ کر مزید مزاحیہ رنگ دیا۔ اس ہلکے پھلکے تبادلے نے پورے ایونٹ کو ایک یادگار لمحے میں بدل دیا۔

یہ بھی پڑھئے: جیلر۲: رجنی کانت کی ’’جیلر ۲‘‘ کے لیے شاہ رخ خان کی بڑی تیاری

ایوارڈ شو کے کلپس جیسے ہی آن لائن آئے، سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ صارفین نے گروور کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، ’’ اے آئی kv بھی فیل کر دیا‘‘، جبکہ دوسرے نے انہیں ’’انمول رتن‘‘ قرار دیا۔ یہ پہلا موقع نہیں جب سنیل گروور نے اپنی مِمکری سے سب کو حیران کیا ہو۔ حال ہی میں انہوں نے قادر خان اور عامر خان کے انداز میں بھی زبردست پرفارمنس دے کر تعریفیں سمیٹی تھیں، خاص طور پر دی گریٹ انڈین کپل شو میں ان کی جھلکیاں خوب وائرل ہوئیں۔ اس تازہ کارکردگی کے ساتھ، گروور نے نہ صرف اپنی ورسٹائل اداکاری کا لوہا منوایا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ وہ لائیو کامیڈی میں آج بھی سب سے آگے ہیں،جہاں لمحے کو پکڑ کر اسے یادگار بنا دینا ان کا خاصہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK